YouVersion Logo
تلاش

امثال 1:7-27

امثال 1:7-27 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

میرے بیٹے، میرے الفاظ کی پیروی کر، میرے احکام اپنے اندر محفوظ رکھ۔ میرے احکام کے تابع رہ تو جیتا رہے گا۔ اپنی آنکھ کی پُتلی کی طرح میری ہدایت کی حفاظت کر۔ اُنہیں اپنی اُنگلی کے ساتھ باندھ، اپنے دل کی تختی پر کندہ کر۔ حکمت سے کہہ، ”تُو میری بہن ہے،“ اور سمجھ سے، ”تُو میری قریبی رشتے دار ہے۔“ یہی تجھے زناکار عورت سے محفوظ رکھیں گی، دوسرے کی اُس بیوی سے جو اپنی چِکنی چپڑی باتوں سے تجھے پُھسلانے کی کوشش کرتی ہے۔ ایک دن مَیں نے اپنے گھر کی کھڑکی میں سے باہر جھانکا تو کیا دیکھتا ہوں کہ وہاں کچھ سادہ لوح نوجوان کھڑے ہیں۔ اُن میں سے ایک بےعقل جوان نظر آیا۔ وہ گلی میں سے گزر کر زناکار عورت کے کونے کی طرف ٹہلنے لگا۔ چلتے چلتے وہ اُس راستے پر آ گیا جو عورت کے گھر تک لے جاتا ہے۔ شام کا دُھندلکا تھا، دن ڈھلنے اور رات کا اندھیرا چھانے لگا تھا۔ تب ایک عورت کسبی کا لباس پہنے ہوئے چالاکی سے اُس سے ملنے آئی۔ یہ عورت اِتنی بےلگام اور خودسر ہے کہ اُس کے پاؤں اُس کے گھر میں نہیں ٹکتے۔ کبھی وہ گلی میں، کبھی چوکوں میں ہوتی ہے، ہر کونے پر وہ تاک میں بیٹھی رہتی ہے۔ اب اُس نے نوجوان کو پکڑ کر اُسے بوسہ دیا۔ بےحیا نظر اُس پر ڈال کر اُس نے کہا، ”مجھے سلامتی کی قربانیاں پیش کرنی تھیں، اور آج ہی مَیں نے اپنی مَنتیں پوری کیں۔ اِس لئے مَیں نکل کر تجھ سے ملنے آئی، مَیں نے تیرا پتا کیا اور اب تُو مجھے مل گیا ہے۔ مَیں نے اپنے بستر پر مصر کے رنگین کمبل بچھائے، اُس پر مُر، عود اور دارچینی کی خوشبو چھڑکی ہے۔ آؤ، ہم صبح تک محبت کا پیالہ تہہ تک پی لیں، ہم عشق بازی سے لطف اندوز ہوں! کیونکہ میرا خاوند گھر میں نہیں ہے، وہ لمبے سفر کے لئے روانہ ہوا ہے۔ وہ بٹوے میں پیسے ڈال کر چلا گیا ہے اور پورے چاند تک واپس نہیں آئے گا۔“ ایسی باتیں کرتے کرتے عورت نے نوجوان کو ترغیب دے کر اپنی چِکنی چپڑی باتوں سے ورغلایا۔ نوجوان سیدھا اُس کے پیچھے یوں ہو لیا جس طرح بَیل ذبح ہونے کے لئے جاتا یا ہرن اُچھل کر پھندے میں پھنس جاتا ہے۔ کیونکہ ایک وقت آئے گا کہ تیر اُس کا دل چیر ڈالے گا۔ لیکن فی الحال اُس کی حالت اُس چڑیا کی مانند ہے جو اُڑ کر جال میں آ جاتی اور خیال تک نہیں کرتی کہ میری جان خطرے میں ہے۔ چنانچہ میرے بیٹو، میری سنو، میرے منہ کی باتوں پر دھیان دو! تیرا دل بھٹک کر اُس طرف رُخ نہ کرے جہاں زناکار عورت پھرتی ہے، ایسا نہ ہو کہ تُو آوارہ ہو کر اُس کی راہوں میں اُلجھ جائے۔ کیونکہ اُن کی تعداد بڑی ہے جنہیں اُس نے گرا کر موت کے گھاٹ اُتارا ہے، اُس نے متعدد لوگوں کو مار ڈالا ہے۔ اُس کا گھر پاتال کا راستہ ہے جو لوگوں کو موت کی کوٹھڑیوں تک پہنچاتا ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں امثال 7

امثال 1:7-27 کِتابِ مُقادّس (URD)

اَے میرے بیٹے! میری باتوں کو مان اور میرے فرمان کو نِگاہ میں رکھ۔ میرے فرمان کو بجا لا اور زِندہ رہ اور میری تعلِیم کو اپنی آنکھ کی پُتلی جان۔ اُن کو اپنی اُنگلیوں پر باندھ لے۔ اُن کو اپنے دِل کی تختی پر لِکھ لے۔ حِکمت سے کہہ تُو میری بِہن ہے اور فہم کو اپنا رِشتہ دار قرار دے۔ تاکہ وہ تُجھ کو پرائی عَورت سے بچائیں یعنی بیگانہ عَورت سے جو چاپلُوسی کی باتیں کرتی ہے۔ کیونکہ مَیں نے اپنے گھر کی کھِڑکی سے یعنی جھروکے میں سے باہر نِگاہ کی اور مَیں نے ایک بے عقل جوان کو نادانوں کے درمِیان دیکھا۔ یعنی نَوجوانوں کے درمِیان وہ مُجھے نظر آیا کہ اُس عَورت کے گھر کے پاس گلی کے موڑ سے جا رہا ہے اور اُس نے اُس کے گھر کا راستہ لِیا۔ دِن چِھپے شام کے وقت۔ رات کے اندھیرے اور تارِیکی میں اور دیکھو! وہاں اُس سے ایک عَورت آ مِلی جو دِل کی چالاک اور کسبی کا لِباس پہنے تھی۔ وہ غَوغائی اور خُود سر ہے۔ اُس کے پاؤں اپنے گھر میں نہیں ٹِکتے۔ ابھی وہ کُوچوں میں ہے۔ ابھی بازاروں میں اور ہر موڑ پر گھات میں بَیٹھتی ہے۔ سو اُس نے اُس کو پکڑ کر چُوما اور بے حیا مُنہ سے اُسے کہنے لگی سلامتی کی قُربانی کے ذبِیحے مُجھ پر فرض تھے۔ آج مَیں نے اپنی نذریں ادا کی ہیں۔ اِسی لئے مَیں تیری مُلاقات کو نِکلی کہ کِسی طرح تیرا دِیدار حاصِل کرُوں۔ سو تُو مُجھے مِل گیا۔ مَیں نے اپنے پلنگ پر کامدار غالِیچے اور مِصرؔ کے سُوت کے دھاری دار کپڑے بِچھائے ہیں۔ مَیں نے اپنے بِستر کو مُر اور عُود اور دارچِینی سے مُعطّر کِیا ہے۔ آ ہم صُبح تک دِل بھر کر عِشق بازی کریں اور مُحبّت کی باتوں سے دِل بہلائیں۔ کیونکہ میرا شَوہر گھر میں نہیں۔ اُس نے دُور کا سفر کِیا ہے۔ وہ اپنے ساتھ روپَے کی تَھیلی لے گیا ہے اور پُورے چاند کے وقت گھر آئے گا۔ اُس نے مِیٹھی مِیٹھی باتوں سے اُس کو پُھسلا لِیا اور اپنے لبوں کی چاپلُوسی سے اُس کو بہکا لِیا۔ وہ فوراً اُس کے پِیچھے ہو لِیا۔ جَیسے بَیل ذبح ہونے کو جاتا ہے یا بیڑیوں میں احمق سزا پانے کو۔ جَیسے پرِندہ جال کی طرف تیز جاتا ہے اور نہیں جانتا کہ وہ اُس کی جان کے لِئے ہے۔ حتّیٰ کہ تِیر اُس کے جگر کے پار ہو جائے گا۔ سو اب اَے بیٹو! میری سُنو اور میرے مُنہ کی باتوں پر توجُّہ کرو۔ تیرا دِل اُس کی راہوں کی طرف مائِل نہ ہو۔ تُو اُس کے راستوں میں گُمراہ نہ ہونا۔ کیونکہ اُس نے بُہتوں کو زخمی کر کے گِرا دِیا ہے۔ بلکہ اُس کے مقتُول بے شُمار ہیں۔ اُس کا گھر پاتال کا راستہ ہے اور مَوت کی کوٹھریوں کو جاتا ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں امثال 7