امثال 6:6-19
امثال 6:6-19 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
اَے کاہل! چیونٹی کے پاس جا؛ اَور اُس کی روِشوں پر غور کر اَور دانشمند بَن جا! اُس کا کویٔی قائد نہیں ہوتا، نہ ہی کویٔی نِگراں یا حاکم ہوتاہے، تو بھی وہ گرمی کے موسم میں اَپنی خُوراک بٹورتی ہے اَور فصل کٹتے وقت اَپنے لیٔے غِذا جمع کرتی ہے۔ اَے کاہل! تُو کب تک وہاں پڑا رہے گا؟ تُو اَپنی نیند سے کب بیدار ہوگا؟ تھوڑی سِی نیند، ذرا سِی جھپکی، تھوڑی دیر ہاتھ پر ہاتھ دھرے پڑے رہنا۔ تَب تُم پر راہزن کی مانند مفلسی اَور مُسلّح آدمی کی مانند تنگ دستی آ پڑےگی۔ بدمعاش اَور بدکار آدمی، جِس کا مُنہ بدگوئی سے بھرا ہُواہے، جو آنکھ مارتا ہے، اَور اَپنے پاؤں پٹکتا ہے اَور اَپنی اُنگلیوں سے اِشارہ کرتا ہے، جو اَپنے دِل میں مکر رکھ کر بُرے منصُوبے باندھتا ہے۔ اَور ہمیشہ فتنہ برپا کرتا ہے۔ اِس لیٔے اُس پر آفت ناگہاں آ پڑےگی؛ وہ بغیر کسی علاج کے یک لخت تباہ ہو جائے گا۔ چھ باتوں سے یَاہوِہ کو نفرت ہے، بَلکہ سات ہیں جِن سے اُنہیں کراہیّت ہے: مغروُر آنکھیں، جھُوٹی زبان، بے قُصُور کا خُون بہانے والے ہاتھ، بدی کے منصُوبے باندھنے والا دِل، شرارت کے لیٔے تیزرَو پاؤں، جھُوٹا گواہ جو دروغ گوئی سے کام لیتا ہے اَور وہ آدمی جو بھائیوں میں نفاق ڈالتا ہے۔
امثال 6:6-19 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
اے کاہل، چیونٹی کے پاس جا کر اُس کی راہوں پر غور کر! اُس کے نمونے سے حکمت سیکھ لے۔ اُس پر نہ سردار، نہ افسر یا حکمران مقرر ہے، توبھی وہ گرمیوں میں سردیوں کے لئے کھانے کا ذخیرہ کر رکھتی، فصل کے دنوں میں خوب خوراک اکٹھی کرتی ہے۔ اے کاہل، تُو مزید کب تک سویا رہے گا، کب جاگ اُٹھے گا؟ تُو کہتا ہے، ”مجھے تھوڑی دیر سونے دے، تھوڑی دیر اونگھنے دے، تھوڑی دیر ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھنے دے تاکہ آرام کر سکوں۔“ لیکن خبردار، جلد ہی غربت راہزن کی طرح تجھ پر آئے گی، مفلسی ہتھیار سے لیس ڈاکو کی طرح تجھ پر ٹوٹ پڑے گی۔ بدمعاش اور کمینہ کس طرح پہچانا جاتا ہے؟ وہ منہ میں جھوٹ لئے پھرتا ہے، اپنی آنکھوں، پاؤں اور اُنگلیوں سے اشارہ کر کے تجھے فریب کے جال میں پھنسانے کی کوشش کرتا ہے۔ اُس کے دل میں کجی ہے، اور وہ ہر وقت بُرے منصوبے باندھنے میں لگا رہتا ہے۔ جہاں بھی جائے وہاں جھگڑے چھڑ جاتے ہیں۔ لیکن ایسے شخص پر اچانک ہی آفت آئے گی۔ ایک ہی لمحے میں وہ پاش پاش ہو جائے گا۔ تب اُس کا علاج ناممکن ہو گا۔ رب چھ چیزوں سے نفرت بلکہ سات چیزوں سے گھن کھاتا ہے، وہ آنکھیں جو غرور سے دیکھتی ہیں، وہ زبان جو جھوٹ بولتی ہے، وہ ہاتھ جو بےگناہوں کو قتل کرتے ہیں، وہ دل جو بُرے منصوبے باندھتا ہے، وہ پاؤں جو دوسروں کو نقصان پہنچانے کے لئے بھاگتے ہیں، وہ گواہ جو عدالت میں جھوٹ بولتا اور وہ جو بھائیوں میں جھگڑا پیدا کرتا ہے۔
امثال 6:6-19 کِتابِ مُقادّس (URD)
اَے کاہِل! چیونٹی کے پاس جا۔ اُس کی روِشوں پر غَور کر اور دانِش مند بن۔ جو باوُجُودیکہ اُس کا نہ کوئی سردار نہ ناظِر نہ حاکِم ہے۔ گرمی کے مَوسم میں اپنی خُوراک مُہیّا کرتی ہے اور فصل کٹنے کے وقت اپنی خُورِش جمع کرتی ہے۔ اَے کاہِل! تُو کب تک پڑا رہے گا؟ تُو نِیند سے کب اُٹھے گا؟ تھوڑی سی نِیند۔ ایک اَور جھپکی۔ ذرا پڑے رہنے کو ہاتھ پر ہاتھ۔ اِسی طرح تیری مُفلسی راہزن کی طرح اور تیری تنگ دستی مسلّح آدمی کی طرح آ پڑے گی۔ خبِیث و بدکار آدمی ٹیڑھی تِرچھی زُبان لِئے پِھرتا ہے۔ وہ آنکھ مارتا ہے۔ وہ پاؤں سے باتیں اور اُنگلیوں سے اِشارہ کرتا ہے۔ اُس کے دِل میں کجی ہے۔ وہ بُرائی کے منصُوبے باندھتا رہتا ہے وہ فِتنہ انگیز ہے۔ اِس لئے آفت اُس پر ناگہاں آ پڑے گی۔ وہ یک لخت توڑ دِیا جائے گا اور کوئی چارہ نہ ہو گا۔ چھ چِیزیں ہیں جِن سے خُداوند کو نفرت ہے بلکہ سات ہیں جِن سے اُسے کراہِیت ہے۔ اُونچی آنکھیں۔ جُھوٹی زُبان۔ بے گُناہ کا خُون بہانے والے ہاتھ۔ برُے منصُوبے باندھنے والا دِل۔ شرارت کے لِئے تیز رَو پاؤں۔ جُھوٹا گواہ جو دروغ گوئی کرتا ہے اور جو بھائیوں میں نِفاق ڈالتا ہے۔