YouVersion Logo
تلاش

امثال 1:6-11

امثال 1:6-11 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

اَے میرے بیٹے! اگر تُم نے اَپنے پڑوسی کی ضمانت دی ہے، اَور اگر تُم نے کسی اجنبی سے شرط لگا کر ذمّہ داری قبُول کی ہے، اگر تُم اَپنی ہی باتوں کے پھندے میں پھنس گئے ہو۔ اَور اَپنے ہی مُنہ کی باتوں سے پکڑے گئے ہو، تو اَے میرے بیٹے! اَپنے آپ کو بچانے کی تدبیر کرو، کیونکہ تُم اَپنے پڑوسی کے ہاتھ میں پڑ چُکے ہو: جاؤ اَور نہایت خاکساری سے؛ اَپنے پڑوسی سے اِلتجا کرو! اَپنی آنکھوں میں نیند نہ آنے دو، اَور نہ اَپنی پلکوں کو جھپکنے دو۔ تُم اَپنے آپ کو ہِرنی کی مانند شِکاری کے ہاتھ سے، اَور چڑیا کی مانند صیّاد کے جال سے چھُڑا لو۔ اَے کاہل! چیونٹی کے پاس جا؛ اَور اُس کی روِشوں پر غور کر اَور دانشمند بَن جا! اُس کا کویٔی قائد نہیں ہوتا، نہ ہی کویٔی نِگراں یا حاکم ہوتاہے، تو بھی وہ گرمی کے موسم میں اَپنی خُوراک بٹورتی ہے اَور فصل کٹتے وقت اَپنے لیٔے غِذا جمع کرتی ہے۔ اَے کاہل! تُو کب تک وہاں پڑا رہے گا؟ تُو اَپنی نیند سے کب بیدار ہوگا؟ تھوڑی سِی نیند، ذرا سِی جھپکی، تھوڑی دیر ہاتھ پر ہاتھ دھرے پڑے رہنا۔ تَب تُم پر راہزن کی مانند مفلسی اَور مُسلّح آدمی کی مانند تنگ دستی آ پڑےگی۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں امثال 6

امثال 1:6-11 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

میرے بیٹے، کیا تُو اپنے پڑوسی کا ضامن بنا ہے؟ کیا تُو نے ہاتھ ملا کر وعدہ کیا ہے کہ مَیں کسی دوسرے کا ذمہ دار ٹھہروں گا؟ کیا تُو اپنے وعدے سے بندھا ہوا، اپنے منہ کے الفاظ سے پھنسا ہوا ہے؟ ایسا کرنے سے تُو اپنے پڑوسی کے ہاتھ میں آ گیا ہے، اِس لئے اپنی جان کو چھڑانے کے لئے اُس کے سامنے اوندھے منہ ہو کر اُسے اپنی منت سماجت سے تنگ کر۔ اپنی آنکھوں کو سونے نہ دے، اپنے پپوٹوں کو اونگھنے نہ دے جب تک تُو اِس ذمہ داری سے فارغ نہ ہو جائے۔ جس طرح غزال شکاری کے ہاتھ سے اور پرندہ چڑی مار کے ہاتھ سے چھوٹ جاتا ہے اُسی طرح سرتوڑ کوشش کر تاکہ تیری جان چھوٹ جائے۔ اے کاہل، چیونٹی کے پاس جا کر اُس کی راہوں پر غور کر! اُس کے نمونے سے حکمت سیکھ لے۔ اُس پر نہ سردار، نہ افسر یا حکمران مقرر ہے، توبھی وہ گرمیوں میں سردیوں کے لئے کھانے کا ذخیرہ کر رکھتی، فصل کے دنوں میں خوب خوراک اکٹھی کرتی ہے۔ اے کاہل، تُو مزید کب تک سویا رہے گا، کب جاگ اُٹھے گا؟ تُو کہتا ہے، ”مجھے تھوڑی دیر سونے دے، تھوڑی دیر اونگھنے دے، تھوڑی دیر ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھنے دے تاکہ آرام کر سکوں۔“ لیکن خبردار، جلد ہی غربت راہزن کی طرح تجھ پر آئے گی، مفلسی ہتھیار سے لیس ڈاکو کی طرح تجھ پر ٹوٹ پڑے گی۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں امثال 6

امثال 1:6-11 کِتابِ مُقادّس (URD)

اَے میرے بیٹے! اگر تُو اپنے پڑوسی کا ضامِن ہُؤا ہے۔ اگر تُو ہاتھ پر ہاتھ مار کر کِسی بیگانہ کا ذِمّہ وار ہُؤا ہے تو تُو اپنے ہی مُنہ کی باتوں میں پھنسا۔ تُو اپنے ہی مُنہ کی باتوں سے پکڑا گیا۔ سو اَے میرے بیٹے! چُونکہ تُو اپنے پڑوسی کے ہاتھ میں پھنس گیا ہے۔ اب یہ کر اور اپنے آپ کو بچا لے۔ جا۔ خاکسار بن کر اپنے پڑوسی سے اِصرار کر۔ تُو نہ اپنی آنکھوں میں نِیند آنے دے اور نہ اپنی پلکوں میں جھپکی۔ اپنے آپ کو ہرنی کی مانِند صیّاد کے ہاتھ سے اور چِڑیا کی مانِند چڑیمار کے ہاتھ سے چُھڑا۔ اَے کاہِل! چیونٹی کے پاس جا۔ اُس کی روِشوں پر غَور کر اور دانِش مند بن۔ جو باوُجُودیکہ اُس کا نہ کوئی سردار نہ ناظِر نہ حاکِم ہے۔ گرمی کے مَوسم میں اپنی خُوراک مُہیّا کرتی ہے اور فصل کٹنے کے وقت اپنی خُورِش جمع کرتی ہے۔ اَے کاہِل! تُو کب تک پڑا رہے گا؟ تُو نِیند سے کب اُٹھے گا؟ تھوڑی سی نِیند۔ ایک اَور جھپکی۔ ذرا پڑے رہنے کو ہاتھ پر ہاتھ۔ اِسی طرح تیری مُفلسی راہزن کی طرح اور تیری تنگ دستی مسلّح آدمی کی طرح آ پڑے گی۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں امثال 6