امثال 1:31-9
امثال 1:31-9 کِتابِ مُقادّس (URD)
لموایل بادشاہ کے پَیغام کی باتیں جو اُس کی ماں نے اُسے سِکھائِیں:- اَے میرے بیٹے! اَے میرے رَحِم کے بیٹے! تُجھے جِسے مَیں نے نذریں مان کر پایا کیا کہُوں؟ اپنی قُوّت عَورتوں کو نہ دے اور اپنی راہیں بادشاہوں کو بِگاڑنے والیوں کی طرف نہ نِکال۔ بادشاہوں کو اَے لمواؔیل! بادشاہوں کو مَے خواری زیبا نہیں اور شراب کی تلاش حاکِموں کو شایان نہیں۔ مبادا وہ پی کر قوانِین کو بُھول جائیں اور کِسی مظلُوم کی حق تلفی کریں۔ شراب اُس کو پِلاؤ جو مَرنے پر ہے اور مَے اُس کو جو تلخ جان ہے تاکہ وہ پِئے اور اپنی تنگ دستی فراموش کرے اور اپنی تباہ حالی کو پِھر یاد نہ کرے۔ اپنا مُنہ گُونگے کے لِئے کھول۔ اُن سب کی وکالت کو جو بیکس ہیں۔ اپنا مُنہ کھول۔ راستی سے فَیصلہ کر اور مِسکِینوں اور مُحتاجوں کا اِنصاف کر۔
امثال 1:31-9 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
لموایلؔ بادشاہ کے اقوال۔ جو اُن کی ماں نے اُنہیں سِکھائے: اَے میرے بیٹے! اَے میرے بطن سے پیدا ہونے والے! جسے مَیں نے اَپنی مَنّتوں کے جَواب میں پایا! اَپنی قُوّت عورتوں پر ضائع نہ کرنا، نہ اَپنی زبردستی اُن پرجو بادشاہوں کو برباد کرتی ہیں۔ بادشاہوں کو، اَے لموایلؔ۔ بادشاہوں کو مےخواری زیب نہیں دیتی، نہ حاکموں کو شراب نوشی، اَیسا نہ ہو کہ وہ پی کر شَریعت کے اَحکام کو بھُول جایٔیں، اَور سارے مظلوموں کو اُن کے حُقُوق سے محروم کر دیں۔ شراب اُنہیں دو جو دَم توڑ رہے ہیں، اَور مَے اُنہیں جو سخت تکلیف میں ہیں! تاکہ وہ پی کر اَپنی تنگ دستی کو فراموش کر سکیں اَور اَپنی تباہ حالی کو پھر یاد نہ کریں۔ بے زبانوں کے لیٔے اَپنا مُنہ کھولو، تاکہ بےکسوں کے حُقُوق کا تحفُّظ ہو سکے۔ اَپنا مُنہ کھولو اَور راستی سے اِنصاف کرو؛ اَور مفلسوں اَور مُحتاجوں کے حُقُوق کی حِفاظت کرو۔
امثال 1:31-9 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
ذیل میں مسّا کے بادشاہ لموایل کی کہاوتیں ہیں۔ اُس کی ماں نے اُسے یہ تعلیم دی، اے میرے بیٹے، میرے پیٹ کے پھل، جو میری مَنتوں سے پیدا ہوا، مَیں تجھے کیا بتاؤں؟ اپنی پوری طاقت عورتوں پر ضائع نہ کر، اُن پر جو بادشاہوں کی تباہی کا باعث ہیں۔ اے لموایل، بادشاہوں کے لئے مَے پینا مناسب نہیں، حکمرانوں کے لئے شراب کی آرزو رکھنا موزوں نہیں۔ ایسا نہ ہو کہ وہ پی پی کر قوانین بھول جائیں اور تمام مظلوموں کا حق ماریں۔ شراب اُنہیں پلا جو تباہ ہونے والے ہیں، مَے اُنہیں پلا جو غم کھاتے ہیں، ایسے ہی پی پی کر اپنی غربت اور مصیبت بھول جائیں۔ اپنا منہ اُن کے لئے کھول جو بول نہیں سکتے، اُن کے حق میں جو ضرورت مند ہیں۔ اپنا منہ کھول کر انصاف سے عدالت کر اور مصیبت زدہ اور غریبوں کے حقوق محفوظ رکھ۔