امثال 1:3-8
امثال 1:3-8 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
اَے میرے بیٹے، میری تعلیم کو فراموش نہ کرنا، بَلکہ میرے اَحکام کو اَپنے دِل میں جگہ دو، کیونکہ تمہاری تعلیم عمر کو دراز کرےگی اَور تُمہیں خُوشحال اَور سلامت رکھے گی۔ مَحَبّت اَور سچّائی تُم سے جُدا نہ ہونے پائیں؛ بَلکہ تُم اُنہیں اَپنے گلے کا ہار بنائے رکھنا، اَور اَپنے دِل کی تختی پر لِکھ لینا۔ تَب تُم خُدا اَور اِنسان کی نگاہ میں مقبُول ہوگے اَور نیک نام حاصل کروگے۔ اَپنے پُورے دِل سے یَاہوِہ پر توکّل رکھو، اَور اَپنے فہم پر تکیہ نہ کرو؛ اَپنی سَب روِشوں میں یَاہوِہ کو یاد رکھو، اَور وہ تمہاری راہیں ہموار کریں گے۔ تُم اَپنی ہی نگاہ میں دانشمند نہ بنو؛ یَاہوِہ سے ڈرو اَور بدی سے دُور رہو۔ اُس سے تمہارا جِسم تندرست رہے گا اَور تمہاری ہڈّیاں تقویّت پائیں گی۔
امثال 1:3-8 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
میرے بیٹے، میری ہدایت مت بھولنا۔ میرے احکام تیرے دل میں محفوظ رہیں۔ کیونکہ اِن ہی سے تیری زندگی کے دنوں اور سالوں میں اضافہ ہو گا اور تیری خوش حالی بڑھے گی۔ شفقت اور وفا تیرا دامن نہ چھوڑیں۔ اُنہیں اپنے گلے سے باندھنا، اپنے دل کی تختی پر کندہ کرنا۔ تب تجھے اللہ اور انسان کے سامنے مہربانی اور قبولیت حاصل ہو گی۔ پورے دل سے رب پر بھروسا رکھ، اور اپنی عقل پر تکیہ نہ کر۔ جہاں بھی تُو چلے صرف اُسی کو جان لے، پھر وہ خود تیری راہوں کو ہموار کرے گا۔ اپنے آپ کو دانش مند مت سمجھنا بلکہ رب کا خوف مان کر بُرائی سے دُور رہ۔ اِس سے تیرا بدن صحت پائے گا اور تیری ہڈیاں تر و تازہ ہو جائیں گی۔
امثال 1:3-8 کِتابِ مُقادّس (URD)
اَے میرے بیٹے! میری تعلِیم کو فراموش نہ کر۔ بلکہ تیرا دِل میرے حُکموں کو مانے۔ کیونکہ تُو اِن سے عُمر کی درازی اور پِیری اور سلامتی حاصِل کرے گا۔ شفقت اور سچّائی تُجھ سے جُدا نہ ہوں۔ تُو اُن کو اپنے گلے کا طَوق بنانا اور اپنے دِل کی تختی پر لِکھ لینا۔ یُوں تُو خُدا اور اِنسان کی نظر میں مقبُولِیتّ اور عقل مندی حاصِل کرے گا۔ سارے دِل سے خُداوند پر توکُّل کر اور اپنے فہم پر تکیہ نہ کر۔ اپنی سب راہوں میں اُس کو پہچان اور وہ تیری راہنُمائی کرے گا۔ تُو اپنی ہی نِگاہ میں دانِش مند نہ بن۔ خُداوند سے ڈر اور بدی سے کنارہ کر۔ یہ تیری ناف کی صِحت اور تیری ہڈِّیوں کی تازگی ہو گی۔