امثال 1:2-10
امثال 1:2-10 کِتابِ مُقادّس (URD)
اَے میرے بیٹے! اگر تُو میری باتوں کو قبُول کرے اور میرے فرمان کو نِگاہ میں رکھّے۔ اَیسا کہ تُو حِکمت کی طرف کان لگائے اور فہم سے دِل لگائے بلکہ اگر تُو عقل کو پُکارے اور فہم کے لِئے آواز بُلند کرے اور اُس کو اَیسا ڈھُونڈے جَیسے چاندی کو اور اُس کی اَیسی تلاش کرے جَیسی پوشِیدہ خزانوں کی تو تُو خُداوند کے خَوف کو سمجھے گا اور خُدا کی معرفت کو حاصِل کرے گا کیونکہ خُداوند حِکمت بخشتا ہے۔ عِلم و فہم اُسی کے مُنہ سے نِکلتے ہیں۔ وہ راست بازوں کے لِئے مدد تیّار رکھتا ہے اور راست رَو کے لِئے سِپر ہے۔ تاکہ وہ عدل کی راہوں کی نِگہبانی کرے اور اپنے مُقدّسوں کی راہ کو محفُوظ رکھّے۔ تب تُو صداقت اور عدل اور راستی کو بلکہ ہر ایک اچھّی راہ کو سمجھے گا۔ کیونکہ حِکمت تیرے دِل میں داخِل ہو گی اور عِلم تیری جان کو مرغُوب ہو گا۔
امثال 1:2-10 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
میرے بیٹے، میری بات قبول کر کے میرے احکام اپنے دل میں محفوظ رکھ۔ اپنا کان حکمت پر دھر، اپنا دل سمجھ کی طرف مائل کر۔ بصیرت کے لئے آواز دے، چلّا کر سمجھ مانگ۔ اُسے یوں تلاش کر گویا چاندی ہو، اُس کا یوں کھوج لگا گویا پوشیدہ خزانہ ہو۔ اگر تُو ایسا کرے تو تجھے رب کے خوف کی سمجھ آئے گی اور اللہ کا عرفان حاصل ہو گا۔ کیونکہ رب ہی حکمت عطا کرتا، اُسی کے منہ سے عرفان اور سمجھ نکلتی ہے۔ وہ سیدھی راہ پر چلنے والوں کو کامیابی فراہم کرتا اور بےالزام زندگی گزارنے والوں کی ڈھال بنا رہتا ہے۔ کیونکہ وہ انصاف پسندوں کی راہوں کی پہرا داری کرتا ہے۔ جہاں بھی اُس کے ایمان دار چلتے ہیں وہاں وہ اُن کی حفاظت کرتا ہے۔ تب تجھے راستی، انصاف، دیانت داری اور ہر اچھی راہ کی سمجھ آئے گی۔ کیونکہ تیرے دل میں حکمت داخل ہو جائے گی، اور علم و عرفان تیری جان کو پیارا ہو جائے گا۔