امثال 1:10-7
امثال 1:10-7 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
ذیل میں سلیمان کی امثال قلم بند ہیں۔ دانش مند بیٹا اپنے باپ کو خوشی دلاتا جبکہ احمق بیٹا اپنی ماں کو دُکھ پہنچاتا ہے۔ خزانوں کا کوئی فائدہ نہیں اگر وہ بےدین طریقوں سے جمع ہو گئے ہوں، لیکن راست بازی موت سے بچائے رکھتی ہے۔ رب راست باز کو بھوکے مرنے نہیں دیتا، لیکن بےدینوں کا لالچ روک دیتا ہے۔ ڈھیلے ہاتھ غربت اور محنتی ہاتھ دولت کی طرف لے جاتے ہیں۔ جو گرمیوں میں فصل جمع کرتا ہے وہ دانش مند بیٹا ہے جبکہ جو فصل کی کٹائی کے وقت سویا رہتا ہے وہ والدین کے لئے شرم کا باعث ہے۔ راست باز کا سر برکت کے تاج سے آراستہ رہتا ہے جبکہ بےدینوں کے منہ پر ظلم کا پردہ پڑا رہتا ہے۔ لوگ راست باز کو یاد کر کے اُسے مبارک کہتے ہیں، لیکن بےدین کا نام سڑ کر مٹ جائے گا۔
امثال 1:10-7 کِتابِ مُقادّس (URD)
سُلیمان کی امثال دانا بیٹا باپ کو خُوش رکھتا ہے لیکن احمق بیٹا اپنی ماں کا غم ہے۔ شرارت کے خزانے عبث ہیں لیکن صداقت مَوت سے چُھڑاتی ہے۔ خُداوند صادِق کی جان کو فاقہ نہ کرنے دے گا پر شرِیروں کی ہوس کو دُور و دفع کرے گا۔ جو ڈِھیلے ہاتھ سے کام کرتا ہے کنگال ہو جاتا ہے لیکن مِحنتی کا ہاتھ دَولت مند بنا دیتا ہے۔ وہ جو گرمی میں جمع کرتا ہے دانا بیٹا ہے پر وہ بیٹا جو دِرَو کے وقت سوتا رہتا ہے شرم کا باعِث ہے۔ صادِق کے سر پر برکتیں ہوتی ہیں لیکن شرِیروں کے مُنہ کو ظُلم ڈھانکتا ہے۔ راست آدمی کی یادگار مُبارک ہے لیکن شرِیروں کا نام سڑ جائے گا۔