YouVersion Logo
تلاش

فِلپّیوں 1:1-26

فِلپّیوں 1:1-26 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

یہ خط پَولُسؔ اَور تِیمُتھِیُس کی طرف سے جو المسیؔح عیسیٰ کے خادِم ہیں، فِلِپّی شہر کے سارے مَسیحی مُقدّسین، پاسبانوں اَور خادِموں کو لِکھّا جا رہا ہے۔ ہمارے خُدا باپ اَور خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح کی طرف سے تُمہیں فضل اَور اِطمینان حاصل ہوتا رہے۔ میں جَب کبھی تُمہیں یاد کرتا ہُوں تو اَپنے خُدا کا شُکر اَدا کرتا ہُوں۔ اَور اَپنی ہر ایک دعا میں جو تمہارے لیٔے کرتا ہوں ہمیشہ خُوشی کے ساتھ تُم سَب کے لئے مِنّت کرتا ہُوں۔ اِس لیٔے کہ تُم پہلے دِن سے آج تک خُوشخبری پھیلانے میں شریک رہے ہو، اَور مُجھے اِس بات کا یقین ہے کہ خُدا، جِس نے تُم لوگوں میں اَپنا نیک کام شروع کیا ہے وہ اُسے المسیؔح عیسیٰ کی واپسی کے دِن تک پُورا کر دے گا۔ میرا تُم سَب کی بابت یہ خیال کرنا مُناسب ہے، کیونکہ تُم ہمیشہ میرے دل میں رہتے ہو، نہ صِرف اِس وقت جَب کہ میں زنجیروں میں قَید ہُوں بَلکہ اُس وقت بھی جَب میں خُوشخبری کی جَواب دِہی اَور ثبوت کے عَمل میں، تُم سَب میرے ساتھ خُدا کے فضل میں شریک رہے ہو۔ خُدا گواہ ہے کہ میرے دل میں تمہارے لیٔے المسیؔح عیسیٰ کی سِی مَحَبّت ہے اَور میں تمہارا کِس قدر مُشتاق ہُوں۔ میری دعا ہے کہ تُم اَپنی مَحَبّت میں خُوب ترقّی کرو اَور تمہارا علم اَور رُوحانی تجربہ بھی بڑھتا چَلا جائے، تاکہ تُمہیں مَعلُوم ہو سکے کہ کون سِی بات سَب سے اَچھّی ہے، اَور تُم المسیؔح کے واپسی کے دِن تک صَاف دل اَور بے عیب رہو، اَور حُضُور عیسیٰ المسیؔح کے وسیلہ سے راستبازی کے پھل سے بھرے رہو، تاکہ خُدا کا جلال ظاہر ہو اَور اُس کی سِتائش ہوتی رہے۔ اَے بھائیو اَور بہنوں! میری خواہش ہے کہ تُمہیں یہ بات مَعلُوم ہو جائے کہ جو کچھ مُجھ پر گُزرا ہے وہ خُوشخبری کی ترقّی کا باعث ہُواہے۔ یہاں تک کہ شاہی محل کے تمام سپاہیوں اَور یہاں کے سَب لوگوں میں یہ بات مشہُور ہو گئی ہے کہ میں المسیؔح کے خادِم ہونے کی خاطِر قَید میں ہُوں۔ میرے قَید ہونے سے کیٔی بھایٔی اَور بہن جو خُداوؔند پر ایمان رکھتے ہیں، دلیر ہو گیٔے ہیں، یہاں تک کہ وہ بے خوف ہوکر خُدا کا کلام سُنانے کی جُرأت کرنے لگے ہیں۔ بعض تو حَسد اَور جھگڑے کی وجہ سے المسیؔح کی مُنادی کرتے ہیں، بعض نیک نیّتی سے۔ جو مَحَبّت کی وجہ سے مُنادی کرتے ہیں، وہ جانتے ہیں کہ خُدا نے مُجھے خُوشخبری کی حمایت کرنے کے لیٔے مُقرّر کیا ہے۔ لیکن دُوسرے اِس مُعاملہ میں صَاف دل نہیں ہیں، بَلکہ مُجھ سے حَسد کی وجہ سے المسیؔح کی مُنادی کرتے ہیں، تاکہ قَید میں بھی مُجھے رنج پہنچائیں۔ پس کیا ہُوا؟ اُن کی نِیّت بُری ہو یا نیک، المسیؔح کی خُوشخبری تو سُنایٔی جاتی ہے۔ میں اِسی بات سے خُوش ہُوں۔ ہاں، اَور میں خُوش رہُوں گا۔ کیونکہ میں جانتا ہُوں کہ تمہاری دعا اَور حُضُور عیسیٰ المسیؔح کے پاک رُوح کے لُطف و کرم کی وجہ سے مُجھے نَجات ملے گی۔ میری دِلی خواہش اَور اُمّید یہ ہے کہ مُجھے کسی بات میں بھی شرمندگی کا مُنہ نہ دیکھنا پڑے، بَلکہ جَیسے میں بڑی دِلیری سے ہمیشہ المسیؔح کا جلال ظاہر کرتا رہا ہُوں وَیسے ہی کرتا رہُوں گا، خواہ میں زندہ رہُوں یا مَر جاؤں۔ کیونکہ زندہ رہنا میرے لیٔے المسیؔح ہے، اَور مرنا نفع۔ لیکن اگر میرا جِسمانی طور پر زندہ رہنا، میرے کام کے لیٔے زِیادہ مفید ہے۔ میں کیا پسند کروں؟ میں نہیں جانتا۔ میں بڑی کَشمکش میں مُبتلا ہُوں: جی تو چاہتاہے کہ دُنیا کو خَیرباد کہہ کر المسیؔح کے پاس جا رہُوں، کیونکہ یہ زِیادہ بہتر ہے؛ پھر بھی میرا جِسمانی طور پر زندہ رہنا تمہارے لیٔے زِیادہ ضروُری ہے۔ چنانچہ مُجھے اِس بات کا بڑا یقین ہے کہ میں زندہ رہُوں گا، بَلکہ تُم سَب کے ساتھ رہُوں گا تاکہ تُم ایمان میں ترقّی کرو اَور خُوش رہو، اَور جَب میں تمہارے پاس پھر آؤں تو المسیؔح عیسیٰ میں ہونے کی وجہ سے وہ فخر جو تُم مُجھ پر کرتے ہو، اَور بھی زِیادہ ہو جائے گا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں فِلپّیوں 1

فِلپّیوں 1:1-26 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

یہ خط مسیح عیسیٰ کے غلاموں پولس اور تیمُتھیُس کی طرف سے ہے۔ مَیں فلپی میں موجود اُن تمام لوگوں کو لکھ رہا ہوں جنہیں اللہ نے مسیح عیسیٰ کے ذریعے مخصوص و مُقدّس کیا ہے۔ مَیں اُن کے بزرگوں اور خادموں کو بھی لکھ رہا ہوں۔ خدا ہمارا باپ اور خداوند عیسیٰ مسیح آپ کو فضل اور سلامتی عطا کریں۔ جب بھی مَیں آپ کو یاد کرتا ہوں تو اپنے خدا کا شکر کرتا ہوں۔ آپ کے لئے تمام دعاؤں میں مَیں ہمیشہ خوشی سے دعا کرتا ہوں، اِس لئے کہ آپ پہلے دن سے لے کر آج تک اللہ کی خوش خبری پھیلانے میں میرے شریک رہے ہیں۔ اور مجھے یقین ہے کہ اللہ جس نے آپ میں یہ اچھا کام شروع کیا ہے اِسے اُس دن تکمیل تک پہنچائے گا جب مسیح عیسیٰ واپس آئے گا۔ اور مناسب ہے کہ آپ سب کے بارے میں میرا یہی خیال ہو، کیونکہ آپ مجھے عزیز رکھتے ہیں۔ ہاں، جب مجھے جیل میں ڈالا گیا یا مَیں اللہ کی خوش خبری کا دفاع یا اُس کی تصدیق کر رہا تھا تو آپ بھی میرے اِس خاص فضل میں شریک ہوئے۔ اللہ میرا گواہ ہے کہ مَیں کتنی شدت سے آپ سب کا آرزومند ہوں۔ ہاں، مَیں مسیح کی سی دلی شفقت کے ساتھ آپ کا خواہش مند ہوں۔ اور میری دعا ہے کہ آپ کی محبت میں علم و عرفان اور ہر طرح کی روحانی بصیرت کا یہاں تک اضافہ ہو جائے کہ وہ بڑھتی بڑھتی دل سے چھلک اُٹھے۔ کیونکہ یہ ضروری ہے تاکہ آپ وہ باتیں قبول کریں جو بنیادی اہمیت کی حامل ہیں اور آپ مسیح کی آمد تک بےلوث اور بےالزام زندگی گزاریں۔ اور یوں آپ اُس راست بازی کے پھل سے بھرے رہیں گے جو آپ کو عیسیٰ مسیح کے وسیلے سے حاصل ہوتی ہے۔ پھر آپ اپنی زندگی سے اللہ کو جلال دیں گے اور اُس کی تمجید کریں گے۔ بھائیو، مَیں چاہتا ہوں کہ یہ بات آپ کے علم میں ہو کہ جو کچھ بھی مجھ پر گزرا ہے وہ حقیقت میں اللہ کی خوش خبری کے پھیلاؤ کا باعث بن گیا ہے۔ کیونکہ پریٹوریُم کے تمام افراد اور باقی سب کو معلوم ہو گیا ہے کہ مَیں مسیح کی خاطر قیدی ہوں۔ اور میرے قید میں ہونے کی وجہ سے خداوند میں زیادہ تر بھائیوں کا اعتماد اِتنا بڑھ گیا ہے کہ وہ مزید دلیری کے ساتھ بلاخوف اللہ کا کلام سناتے ہیں۔ بےشک بعض تو حسد اور مخالفت کے باعث مسیح کی منادی کر رہے ہیں، لیکن باقیوں کی نیت اچھی ہے، کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ مَیں اللہ کی خوش خبری کے دفاع کی وجہ سے یہاں پڑا ہوں۔ اِس لئے وہ محبت کی روح میں تبلیغ کرتے ہیں۔ اِس کے مقابلے میں دوسرے خلوص دلی سے مسیح کے بارے میں پیغام نہیں سناتے بلکہ خود غرضی سے۔ یہ سمجھتے ہیں کہ ہم اِس طرح پولس کی گرفتاری کو مزید تکلیف دہ بنا سکتے ہیں۔ لیکن اِس سے کیا فرق پڑتا ہے! اہم بات تو یہ ہے کہ مسیح کی منادی ہر طرح سے کی جا رہی ہے، خواہ مناد کی نیت پُرخلوص ہو یا نہ۔ اور اِس وجہ سے مَیں خوش ہوں۔ اور خوش رہوں گا بھی، کیونکہ مَیں جانتا ہوں کہ یہ میرے لئے رِہائی کا باعث بنے گا، اِس لئے کہ آپ میرے لئے دعا کر رہے ہیں اور عیسیٰ مسیح کا روح میری حمایت کر رہا ہے۔ ہاں، یہ میری پوری توقع اور اُمید ہے۔ مَیں یہ بھی جانتا ہوں کہ مجھے کسی بھی بات میں شرمندہ نہیں کیا جائے گا بلکہ جیسا ماضی میں ہمیشہ ہوا اب بھی مجھے بڑی دلیری سے مسیح کو جلال دینے کا فضل ملے گا، خواہ مَیں زندہ رہوں یا مر جاؤں۔ کیونکہ میرے لئے مسیح زندگی ہے اور موت نفع کا باعث۔ اگر مَیں زندہ رہوں تو اِس کا فائدہ یہ ہو گا کہ مَیں محنت کر کے مزید پھل لا سکوں گا۔ چنانچہ مَیں نہیں کہہ سکتا کہ کیا بہتر ہے۔ مَیں بڑی کش مکش میں رہتا ہوں۔ ایک طرف مَیں کوچ کر کے مسیح کے پاس ہونے کی آرزو رکھتا ہوں، کیونکہ یہ میرے لئے سب سے بہتر ہوتا۔ لیکن دوسری طرف زیادہ ضروری یہ ہے کہ مَیں آپ کی خاطر زندہ رہوں۔ اور چونکہ مجھے اِس ضرورت کا یقین ہے، اِس لئے مَیں جانتا ہوں کہ مَیں زندہ رہ کر دوبارہ آپ سب کے ساتھ رہوں گا تاکہ آپ ترقی کریں اور ایمان میں خوش رہیں۔ ہاں، میرے آپ کے پاس واپس آنے سے آپ میرے سبب سے مسیح عیسیٰ پر حد سے زیادہ فخر کریں گے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں فِلپّیوں 1

فِلپّیوں 1:1-26 کِتابِ مُقادّس (URD)

مسِیح یِسُوع کے بندوں پَولُس اور تِیمُتِھیُس کی طرف سے فِلِپّی کے سب مُقدّسوں کے نام جو مسِیح یِسُوعؔ میں ہیں نِگہبانوں اور خادِموں سمیت۔ ہمارے باپ خُدا اور خُداوند یِسُوعؔ مسِیح کی طرف سے تُمہیں فضل اور اِطمِینان حاصِل ہوتا رہے۔ مَیں جب کبھی تُمہیں یاد کرتا ہُوں تو اپنے خُدا کا شُکر بجا لاتا ہُوں۔ اور ہر ایک دُعا میں جو تُمہارے لِئے کرتا ہُوں ہمیشہ خُوشی کے ساتھ تُم سب کے لِئے درخواست کرتا ہُوں۔ اِس لِئے کہ تُم اوّل روز سے لے کر آج تک خُوشخبری کے پَھیلانے میں شرِیک رہے ہو۔ اور مُجھے اِس بات کا بھروسا ہے کہ جِس نے تُم میں نیک کام شرُوع کِیا ہے وہ اُسے یِسُوع مسِیح کے دِن تک پُورا کر دے گا۔ چُنانچہ واجِب ہے کہ مَیں تُم سب کی بابت اَیسا ہی خیال کرُوں کیونکہ تُم میرے دِل میں رہتے ہو اور میری قَید اور خُوشخبری کی جواب دِہی اور ثبُوت میں تُم سب میرے ساتھ فضل میں شرِیک ہو۔ خُدا میرا گواہ ہے کہ مَیں مسِیح یِسُوعؔ کی سی اُلفت کر کے تُم سب کا مُشتاق ہُوں۔ اور یہ دُعا کرتا ہُوں کہ تُمہاری مُحبّت عِلم اور ہر طرح کی تمِیز کے ساتھ اَور بھی زِیادہ ہوتی جائے۔ تاکہ عُمدہ عُمدہ باتوں کو پسند کر سکو اور مسِیح کے دِن تک صاف دِل رہو اور ٹھوکر نہ کھاؤ۔ اور راست بازی کے پَھل سے جو یِسُوعؔ مسِیح کے سبب سے ہے بھرے رہو تاکہ خُدا کا جلال ظاہِر ہو اور اُس کی سِتایش کی جائے۔ اور اَے بھائِیو! مَیں چاہتا ہُوں تُم جان لو کہ جو مُجھ پر گُذرا وہ خُوشخبری کی ترقّی ہی کا باعِث ہُؤا۔ یہاں تک کہ قَیصری سِپاہیوں کی ساری پلٹن اور باقی سب لوگوں میں مشہُور ہو گیا کہ مَیں مسِیح کے واسطے قَید ہُوں۔ اور جو خُداوند میں بھائی ہیں اُن میں سے اکثر میرے قَید ہونے کے سبب سے دِلیر ہو کر بے خَوف خُدا کا کلام سُنانے کی زِیادہ جُرأت کرتے ہیں۔ بعض تو حَسد اور جھگڑے کی وجہ سے مسِیح کی مُنادی کرتے ہیں اور بعض نیک نِیّتی سے۔ ایک تو مُحبّت کی وجہ سے یہ جان کر مسِیح کی مُنادی کرتے ہیں کہ مَیں خُوشخبری کی جواب دِہی کے واسطے مُقرّر ہُوں۔ مگر دُوسرے تفرِقہ کی وجہ سے نہ کہ صاف دِلی سے بلکہ اِس خیال سے کہ میری قَید میں میرے لِئے مُصِیبت پَیدا کریں۔ پس کیا ہُؤا؟ صِرف یہ کہ ہر طرح سے مسِیح کی مُنادی ہوتی ہے خَواہ بہانے سے ہو خَواہ سچّائی سے اور اِس سے مَیں خُوش ہُوں اور رہُوں گا بھی۔ کیونکہ مَیں جانتا ہُوں کہ تُمہاری دُعا اور یِسُوع مسِیح کے رُوح کے اِنعام سے اِس کا انجام میری نجات ہو گا۔ چُنانچہ میری دِلی آرزُو اور اُمّید یِہی ہے کہ مَیں کِسی بات میں شرمِندہ نہ ہُوں بلکہ میری کمال دِلیری کے باعِث جِس طرح مسِیح کی تعظِیم میرے بدن کے سبب سے ہمیشہ ہوتی رہی ہے اُسی طرح اَب بھی ہو گی خَواہ مَیں زِندہ رہُوں خَواہ مرُوں۔ کیونکہ زِندہ رہنا میرے لِئے مسِیح ہے اور مَرنا نفع۔ لیکن اگر میرا جِسم میں زِندہ رہنا ہی میرے کام کے لِئے مُفِید ہے تو مَیں نہیں جانتا کہ کِسے پسند کرُوں۔ مَیں دونوں طرف پھنسا ہُؤا ہُوں۔ میرا جی تو یہ چاہتا ہے کہ کُوچ کر کے مسِیح کے پاس جا رہُوں کیونکہ یہ بُہت ہی بِہتر ہے۔ مگر جِسم میں رہنا تُمہاری خاطِر زِیادہ ضرُوری ہے۔ اور چُونکہ مُجھے اِس کا یقِین ہے اِس لِئے مَیں جانتا ہُوں کہ زِندہ رہُوں گا بلکہ تُم سب کے ساتھ رہُوں گا تاکہ تُم اِیمان میں ترقّی کرو اور اُس میں خُوش رہو۔ اور جو تُمہیں مُجھ پر فخر ہے وہ میرے پِھر تُمہارے پاس آنے سے مسِیح یِسُوعؔ میں زیادہ ہو جائے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں فِلپّیوں 1