فلیمون 1:1-25
فلیمون 1:1-25 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
خُداوؔند المسیؔح عیسیٰ کی خاطِر قَیدی پَولُسؔ اَور ہمارے بھایٔی تِیمُتھِیُس کی جانِب سے، ہمارے عزیز ہم خدمت فِلیمون، اَور بہن اَفّیہؔ، اَور بھایٔی اَرخِپُّسؔ جو ہم فَوجی ہے اَور اُس جماعت کے نام خط جو فِلیمون کے گھر میں اِکٹھّا ہوتی ہے۔ ہمارے خُدا باپ اَور خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح کی طرف سے تُمہیں فضل اَور اِطمینان حاصل ہوتا رہے۔ اَپنی دعاؤں میں تُجھے یاد کرتے ہویٔے میں ہمیشہ اَپنے خُدا کا شُکر اَدا کرتا ہُوں، کیونکہ میں سُنتا ہُوں کہ تُم خُدا کے سَب مُقدّسین سے مَحَبّت رکھتے ہو اَور تمہارا ایمان خُداوؔند عیسیٰ پر ہے۔ میری دعا ہے کہ کاش ایمان میں ہمارے ساتھ تمہاری شراکت المسیؔح کی خاطِر ہماری طرف سے تقسیم کی جانے والی ہر اَچھّی چیز کے بارے میں تمہاری سمجھ کو گہرا اَور مؤثر کرے۔ اَے بھایٔی! مُجھے تیری مَحَبّت سے بہت خُوشی اَور تسلّی ہُوئی ہے کیونکہ تُونے مُقدّسین کے دلوں کو تازہ کیا ہے۔ پس اگرچہ المسیؔح میں مُجھے تُمہیں یہ حُکم دینے کا اِختیّار ہے کہ تُجھے کیا کرنا چاہئے، لیکن پھر بھی میں بُوڑھا پَولُسؔ جو اِس وقت خُداوؔند المسیؔح عیسیٰ کی خاطِر قَیدی ہُوں اَور مَحَبّت کے ساتھ تُم سے درخواست کرنا مُناسب سمجھتا ہُوں۔ لہٰذا میں اَپنے بیٹے اُنیسمُسؔ کے لیٔے تُم سے عرض کرتا ہُوں جو میرے قَید کے دَوران المسیؔح پر ایمان لانے سے گویا میرا رُوحانی بیٹا بَن گیا ہے۔ پہلے تو وہ تمہارے کسی کام کا نہ تھا لیکن اَب وہ تیرے اَور میرے دونوں کے لیٔے بَڑے کام کاہے۔ اَب میں اُسے یعنی اَپنے لختِ جِگر کو تیرے پاس واپس بھیج رہا ہُوں۔ حالانکہ اُسے میں اَپنے ہی پاس رکھنا چاہتا تھا تاکہ وہ تمہاری جگہ پر اِس قَید میں جو خُوشخبری سُنانے کی خاطِر ہے، میری خدمت کرے۔ لیکن تیری رضامندی کے بغیر میں کچھ نہیں کرنا چاہتا تھا، تاکہ جو بھی مہربانی تُو کرے وہ مجَبُوری میں نہیں لیکن اَپنی مرضی سے کرے۔ شاید اُنیسمُسؔ تُجھ سے تھوڑی دیر کے واسطے اِس لیٔے جُدا ہُوا تھا تاکہ وہ ہمیشہ تمہارے ساتھ رہے۔ مگر اَب سے غُلام کی طرح نہیں بَلکہ غُلام سے بہتر یعنی ایک عزیز بھایٔی کی طرح سلُوک کرنا، جو ایک ساتھی مومِن کے طور پر مُجھے نہایت عزیز ہو اَور مُجھ سے بھی زِیادہ خُداوؔند میں اَور ایک بھایٔی کے طور پر تُجھے عزیز ہو۔ پس اگر تُم مُجھے اَپنا ساتھی سمجھتا ہو تو اُنیسمُسؔ کو بھی وَیسے ہی قبُول کرنا جَیسے تُم مُجھے کرتے ہو۔ اَور اگر اُس نے تیرا کچھ نُقصان کیا ہے یا اُس پر تیرا کچھ قرض ہے تو اُسے میرے نام لِکھ لینا۔ میں پَولُسؔ اَپنے ہاتھ سے یہ لِکھتا ہُوں کہ تُجھے اَدا کردُوں گا۔ یہ لکھنے کی کویٔی ضروُرت نہیں کہ میرا قرض جو تُجھ پر ہے وہ تُم خُود ہی ہو۔ اَے بھایٔی! میں چاہتا ہوں کہ مُجھے تیری طرف سے خُداوؔند میں مدد حاصل ہو، اَور المسیؔح میں میرے دل کو تازگی ملے۔ تیری فرمانبرداری پر یقین کرکے تُجھے لِکھ رہا ہُوں۔ کیونکہ میں جانتا ہُوں کہ جو کچھ میں کہتا ہوں، تُم اُس سے بھی زِیادہ کرو گے۔ اِس کے علاوہ میرے قِیام کے لیٔے مہمان خانہ تیّار رکھنا کیونکہ مُجھے اُمّید ہے کہ تُم لوگوں کی دعاؤں کے جَواب میں خُدا مُجھے قَید سے آزاد کر تمہارے درمیان پہنچا دے گا۔ اِپفِراسؔ جو المسیؔح عیسیٰ میں میرا ساتھی قَیدی تُمہیں سلام کہتاہے۔ اَور مرقُسؔ، ارِسترخُسؔ، دیماسؔ اَور لُوقا جو میرے ہم خدمت ہیں، تُمہیں سلام کہتے ہیں۔ خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح کا فضل تمہاری سَب کی رُوح کے ساتھ ہوتا رہے۔ آمین۔
فلیمون 1:1-25 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
یہ خط مسیح عیسیٰ کے قیدی پولس اور تیمُتھیُس کی طرف سے ہے۔ مَیں اپنے عزیز دوست اور ہم خدمت فلیمون کو لکھ رہا ہوں اور ساتھ ساتھ اپنی بہن افیہ، اپنے ہم سپاہ ارخپس اور اُس جماعت کو جو آپ کے گھر میں جمع ہوتی ہے۔ خدا ہمارا باپ اور خداوند عیسیٰ مسیح آپ کو فضل اور سلامتی عطا کریں۔ جب بھی مَیں دعا کرتا ہوں تو آپ کو یاد کر کے اپنے خدا کا شکر کرتا ہوں۔ کیونکہ مجھے خداوند عیسیٰ کے بارے میں آپ کے ایمان اور آپ کی تمام مُقدّسین سے محبت کی خبر ملتی رہتی ہے۔ میری دعا ہے کہ آپ کی جو رفاقت ایمان سے پیدا ہوئی ہے وہ آپ میں یوں زور پکڑے کہ آپ کو بہتر طور پر ہر اُس اچھی چیز کی سمجھ آئے جو ہمیں مسیح میں حاصل ہے۔ بھائی، آپ کی محبت دیکھ کر مجھے بڑی خوشی اور تسلی ہوئی ہے، کیونکہ آپ نے مُقدّسین کے دلوں کو تر و تازہ کر دیا ہے۔ اِس وجہ سے مَیں مسیح میں اِتنی دلیری محسوس کرتا ہوں کہ آپ کو وہ کچھ کرنے کا حکم دوں جو اب مناسب ہے۔ توبھی مَیں ایسا نہیں کرنا چاہتا بلکہ محبت کی بنا پر آپ سے اپیل ہی کرتا ہوں۔ گو مَیں پولس مسیح عیسیٰ کا ایلچی بلکہ اب اُس کا قیدی بھی ہوں توبھی منت کر کے اپنے بیٹے اُنیسمس کی سفارش کرتا ہوں۔ کیونکہ میرے قید میں ہوتے ہوئے وہ میرا بیٹا بن گیا۔ پہلے تو وہ آپ کے کام نہیں آ سکتا تھا، لیکن اب وہ آپ کے لئے اور میرے لئے کافی مفید ثابت ہوا ہے۔ اب مَیں اِس کو گویا اپنی جان کو آپ کے پاس واپس بھیج رہا ہوں۔ اصل میں مَیں اُسے اپنے پاس رکھنا چاہتا تھا تاکہ جب تک مَیں خوش خبری کی خاطر قید میں ہوں وہ آپ کی جگہ میری خدمت کرے۔ لیکن مَیں آپ کی اجازت کے بغیر کچھ نہیں کرنا چاہتا تھا۔ کیونکہ مَیں چاہتا ہوں کہ جو بھی مہربانی آپ کریں گے وہ آپ مجبور ہو کر نہ کریں بلکہ خوشی سے۔ ہو سکتا ہے کہ اُنیسمس اِس لئے کچھ دیر کے لئے آپ سے جدا ہو گیا کہ وہ آپ کو ہمیشہ کے لئے دوبارہ مل جائے۔ کیونکہ اب وہ نہ صرف غلام ہے بلکہ غلام سے کہیں زیادہ۔ اب وہ ایک عزیز بھائی ہے جو مجھے خاص عزیز ہے۔ لیکن وہ آپ کو کہیں زیادہ عزیز ہو گا، غلام کی حیثیت سے بھی اور خداوند میں بھائی کی حیثیت سے بھی۔ غرض، اگر آپ مجھے اپنا ساتھی سمجھیں تو اُسے یوں خوش آمدید کہیں جیسے مَیں خود آ کر حاضر ہوتا۔ اگر اُس نے آپ کو کوئی نقصان پہنچایا یا آپ کا قرض دار ہوا تو مَیں اِس کا معاوضہ دینے کے لئے تیار ہوں۔ یہاں مَیں پولس اپنے ہی ہاتھ سے اِس بات کی تصدیق کرتا ہوں: مَیں اِس کا معاوضہ دوں گا اگرچہ مجھے آپ کو یاد دلانے کی ضرورت نہیں کہ آپ خود میرے قرض دار ہیں۔ کیونکہ میرا قرض جو آپ پر ہے وہ آپ خود ہیں۔ چنانچہ میرے بھائی، مجھ پر یہ مہربانی کریں کہ مجھے خداوند میں آپ سے کچھ فائدہ ملے۔ مسیح میں میری جان کو تازہ کریں۔ مَیں آپ کی فرماں برداری پر اعتبار کر کے آپ کو یہ لکھ رہا ہوں۔ کیونکہ مَیں جانتا ہوں کہ آپ نہ صرف میری سنیں گے بلکہ اِس سے کہیں زیادہ میرے لئے کریں گے۔ ایک اَور گزارش بھی ہے، میرے لئے ایک کمرا تیار کریں، کیونکہ مجھے اُمید ہے کہ آپ کی دعاؤں کے جواب میں مجھے آپ کو واپس دیا جائے گا۔ اِپَفراس جو مسیح عیسیٰ میں میرے ساتھ قیدی ہے آپ کو سلام کہتا ہے۔ اِسی طرح مرقس، ارسترخس، دیماس اور لوقا بھی آپ کو سلام کہتے ہیں۔ خداوند عیسیٰ کا فضل آپ سب کے ساتھ ہوتا رہے۔
فلیمون 1:1-25 کِتابِ مُقادّس (URD)
پَولُس کی طرف سے جو مسِیح یِسُوع کا قَیدی ہے اور بھائی تِیمُتِھیُس کی طرف سے اپنے عزِیز اور ہم خِدمت فِلیموؔن۔ اور بہن افیؔہ اور اپنے ہم سِپاہ اَرخِپُّسؔ اور فِلیموؔن کے گھر کی کلِیسیا کے نام۔ فضل اور اِطمِینان ہمارے باپ خُدا اور خُداوند یِسُوع مسِیح کی طرف سے تُمہیں حاصِل ہوتا رہے۔ مَیں تیری اُس مُحبّت کا اور اِیمان کا حال سُن کر جو سب مُقدّسوں کے ساتھ اور خُداوند یِسُوع پر ہے۔ ہمیشہ اپنے خُدا کا شُکر کرتا ہُوں اور اپنی دُعاؤں میں تُجھے یاد کرتا ہُوں۔ تاکہ تیرے اِیمان کی شِراکت تُمہاری ہر خُوبی کی پہچان میں مسِیح کے واسطے مؤثِر ہو۔ کیونکہ اَے بھائی! مُجھے تیری مُحبّت سے بُہت خُوشی اور تسلّی ہُوئی اِس لِئے کہ تیرے سبب سے مُقدّسوں کے دِل تازہ ہُوئے ہیں۔ پس اگرچہ مُجھے مسِیح میں بڑی دِلیری تو ہے کہ تُجھے مُناسِب حُکم دُوں۔ مگر مُجھے یہ زِیادہ پسند ہے کہ مَیں بُوڑھا پَولُس بلکہ اِس وقت مسِیح یِسُوع کا قَیدی بھی ہو کر مُحبّت کی راہ سے اِلتماس کرُوں۔ سو اپنے فرزند اُنیسِؔمُس کی بابت جو قَید کی حالت میں مُجھ سے پَیدا ہُؤا تُجھ سے اِلتماس کرتا ہُوں۔ پہلے تو وہ کُچھ تیرے کام کا نہ تھا مگر اب تیرے اور میرے دونوں کے کام کا ہے۔ خُود اُسی کو یعنی اپنے کلیجے کے ٹُکڑے کو مَیں نے تیرے پاس واپس بھیجا ہے۔ اُس کو مَیں اپنے ہی پاس رکھنا چاہتا تھا تاکہ تیری طرف سے اِس قَید میں جو خُوشخبری کے باعِث ہے میری خِدمت کرے۔ لیکن تیری مرضی کے بغَیر مَیں نے کُچھ کرنا نہ چاہا تاکہ تیرا نیک کام لاچاری سے نہیں بلکہ خُوشی سے ہو۔ کیونکہ مُمکِن ہے کہ وہ تُجھ سے اِس لِئے تھوڑی دیر کے واسطے جُدا ہُؤا ہو کہ ہمیشہ تیرے پاس رہے۔ مگر اب سے غُلام کی طرح نہیں بلکہ غُلام سے بِہتر ہو کر یعنی اَیسے بھائی کی طرح رہے جو جِسم میں بھی اور خُداوند میں بھی میرا نہایت عزِیز ہو اور تیرا اِس سے بھی کہِیں زِیادہ۔ پس اگر تُو مُجھے شرِیک جانتا ہے تو اُسے اِس طرح قبُول کرنا جِس طرح مُجھے۔ اور اگر اُس نے تیرا کُچھ نُقصان کِیا ہے یا اُس پر تیرا کُچھ آتا ہے تو اُسے میرے نام لِکھ لے۔ مَیں پَولُس اپنے ہاتھ سے لِکھتا ہُوں کہ خُود ادا کرُوں گا اور اِس کے کہنے کی کُچھ حاجت نہیں کہ میرا قرض جو تُجھ پر ہے وہ تُو خُود ہے۔ اَے بھائی! مَیں چاہتا ہُوں کہ مُجھے تیری طرف سے خُداوند میں خُوشی حاصِل ہو۔ مسِیح میں میرے دِل کو تازہ کر۔ مَیں تیری فرمانبرداری کا یقِین کر کے تُجھے لِکھتا ہُوں اور جانتا ہُوں کہ جو کُچھ مَیں کہتا ہُوں تُو اُس سے بھی زِیادہ کرے گا۔ اِس کے سِوا میرے لِئے ٹھہرنے کی جگہ تیّار کر کیونکہ مُجھے اُمّید ہے کہ مَیں تُمہاری دُعاؤں کے وسِیلہ سے تُمہیں بخشا جاؤُں گا۔ اِپَفراسؔ جو مسِیح یِسُوع میں میرے ساتھ قَید ہے۔ اور مرقسؔ اور اَرِسترؔخُس اور دیماؔس اور لُوقؔا جو میرے ہم خِدمت ہیں تُجھے سلام کہتے ہیں۔ ہمارے خُداوند یِسُوع مسِیح کا فضل تُمہاری رُوح پر ہوتا رہے۔ آمِین۔