YouVersion Logo
تلاش

گِنتی 17:13-33

گِنتی 17:13-33 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

اُنہیں رُخصت کرنے سے پہلے اُس نے کہا، ”دشتِ نجب سے گزر کر پہاڑی علاقے تک پہنچو۔ معلوم کرو کہ یہ کس طرح کا ملک ہے اور اُس کے باشندے کیسے ہیں۔ کیا وہ طاقت ور ہیں یا کمزور، تعداد میں کم ہیں یا زیادہ؟ جس ملک میں وہ بستے ہیں کیا وہ اچھا ہے کہ نہیں؟ وہ کس قسم کے شہروں میں رہتے ہیں؟ کیا اُن کی چاردیواریاں ہیں کہ نہیں؟ ملک کی زمین زرخیز ہے یا بنجر؟ اُس میں درخت ہیں کہ نہیں؟ اور جرأت کر کے ملک کا کچھ پھل چن کر لے آؤ۔“ اُس وقت پہلے انگور پک گئے تھے۔ چنانچہ اِن آدمیوں نے سفر کر کے دشتِ صین سے رحوب تک ملک کا جائزہ لیا۔ رحوب لبو حمات کے قریب ہے۔ وہ دشتِ نجب سے گزر کر حبرون پہنچے جہاں عناق کے بیٹے اخی مان، سیسی اور تلمی رہتے تھے۔ (حبرون کو مصر کے شہر ضُعن سے سات سال پہلے تعمیر کیا گیا تھا)۔ جب وہ وادیٔ اِسکال تک پہنچے تو اُنہوں نے ایک ڈالی کاٹ لی جس پر انگور کا گُچھا لگا ہوا تھا۔ دو آدمیوں نے یہ انگور، کچھ انار اور کچھ انجیر لاٹھی پر لٹکائے اور اُسے اُٹھا کر چل پڑے۔ اُس جگہ کا نام اُس گُچھے کے سبب سے جو اسرائیلیوں نے وہاں سے کاٹ لیا اِسکال یعنی گُچھا رکھا گیا۔ چالیس دن تک ملک کا کھوج لگاتے لگاتے وہ لوٹ آئے۔ وہ موسیٰ، ہارون اور اسرائیل کی پوری جماعت کے پاس آئے جو دشتِ فاران میں قادس کی جگہ پر انتظار کر رہے تھے۔ وہاں اُنہوں نے سب کچھ بتایا جو اُنہوں نے معلوم کیا تھا اور اُنہیں وہ پھل دکھائے جو لے کر آئے تھے۔ اُنہوں نے موسیٰ کو رپورٹ دی، ”ہم اُس ملک میں گئے جہاں آپ نے ہمیں بھیجا تھا۔ واقعی اُس ملک میں دودھ اور شہد کی کثرت ہے۔ یہاں ہمارے پاس اُس کے کچھ پھل بھی ہیں۔ لیکن اُس کے باشندے طاقت ور ہیں۔ اُن کے شہروں کی فصیلیں ہیں، اور وہ نہایت بڑے ہیں۔ ہم نے وہاں عناق کی اولاد بھی دیکھی۔ عمالیقی دشتِ نجب میں رہتے ہیں جبکہ حِتّی، یبوسی اور اموری پہاڑی علاقے میں آباد ہیں۔ کنعانی ساحلی علاقے اور دریائے یردن کے کنارے کنارے بستے ہیں۔“ کالب نے موسیٰ کے سامنے جمع شدہ لوگوں کو اشارہ کیا کہ وہ خاموش ہو جائیں۔ پھر اُس نے کہا، ”آئیں، ہم ملک میں داخل ہو جائیں اور اُس پر قبضہ کر لیں، کیونکہ ہم یقیناً یہ کرنے کے قابل ہیں۔“ لیکن دوسرے آدمیوں نے جو اُس کے ساتھ ملک کو دیکھنے گئے تھے کہا، ”ہم اُن لوگوں پر حملہ نہیں کر سکتے، کیونکہ وہ ہم سے طاقت ور ہیں۔“ اُنہوں نے اسرائیلیوں کے درمیان اُس ملک کے بارے میں غلط افواہیں پھیلائیں جس کی تفتیش اُنہوں نے کی تھی۔ اُنہوں نے کہا، ”جس ملک میں سے ہم گزرے تاکہ اُس کا جائزہ لیں وہ اپنے باشندوں کو ہڑپ کر لیتا ہے۔ جو بھی اُس میں رہتا ہے نہایت درازقد ہے۔ ہم نے وہاں دیو قامت افراد بھی دیکھے۔ (عناق کے بیٹے دیو قامت افراد کی اولاد تھے)۔ اُن کے سامنے ہم اپنے آپ کو ٹڈی جیسا محسوس کر رہے تھے، اور ہم اُن کی نظر میں ایسے تھے بھی۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں گِنتی 13

گِنتی 17:13-33 کِتابِ مُقادّس (URD)

اور مُوسیٰؔ نے اُن کو روانہ کِیا تاکہ مُلکِ کنعاؔن کا حال دریافت کریں اور اُن سے کہا کہ تُم اِدھر جنُوب کی طرف سے جا کر پہاڑوں میں چلے جانا۔ اور دیکھنا کہ وہ مُلک کَیسا ہے اور جو لوگ وہاں بسے ہُوئے ہیں وہ کَیسے ہیں۔ زورآور ہیں یا کمزور اور تھوڑے سے ہیں یا بُہت۔ اور جِس مُلک میں وہ آباد ہیں وہ کَیسا ہے۔ اچھّا ہے یا بُرا اور جِن شہروں میں وہ رہتے ہیں وہ کَیسے ہیں۔ آیا وہ خَیموں میں رہتے ہیں یا قلعوں میں۔ اور وہاں کی زمِین کَیسی ہے زرخیز ہے یا بنجر اور اُس میں درخت ہیں یا نہیں۔ تُمہاری ہمت بندھی رہے اور تُم اُس مُلک کا کُچھ پَھل لیتے آنا اور وہ مَوسم انگُور کی پہلی فصل کا تھا۔ سو وہ روانہ ہُوئے اور دشتِ صِینؔ سے رحوبؔ تک جو حَمات ؔکے راستہ میں ہے مُلک کو خُوب دیکھا بھالا۔ اور وہ جنُوب کی طرف سے ہوتے ہُوئے حبُرونؔ تک گئے جہاں عناقؔ کے بیٹے اخیمانؔ اور سِیسیؔ اور تلمَیؔ رہتے تھے (اور حبُرونؔ ضُعنؔ سے جو مِصرؔ میں ہے سات برس آگے بسا تھا)۔ اور وہ وادیِ اِسکالؔ میں پُہنچے۔ وہاں سے اُنہوں نے انگُور کی ایک ڈالی کاٹ لی جِس میں ایک ہی گُچّھا تھا اور جِسے دو آدمی ایک لاٹھی پر لٹکائے ہُوئے لے کر گئے اور وہ کُچھ انار اور انجِیر بھی لائے۔ اُسی گُچّھے کے سبب سے جِسے اِسرائیلِیوں نے وہاں سے کاٹا تھا اُس جگہ کا نام وادیِ اِسکالؔ پڑ گیا۔ اور چالِیس دِن کے بعد وہ اُس مُلک کا حال دریافت کر کے لَوٹے۔ اور وہ چلے اور مُوسیٰؔ اور ہارُونؔ اور بنی اِسرائیل کی ساری جماعت کے پاس دشتِ فارانؔ کے قادِسؔ میں آئے اور اُن کو اور ساری جماعت کو سب کَیفِیّت سُنائی اور اُس مُلک کا پَھل اُن کو دِکھایا۔ اور مُوسیٰؔ سے کہنے لگے کہ جِس مُلک میں تُو نے ہم کو بھیجا تھا ہم وہاں گئے اور واقِعی دُودھ اور شہد اُس میں بہتا ہے اور یہ وہاں کا پَھل ہے۔ لیکن جو لوگ وہاں بسے ہُوئے ہیں وہ زورآور ہیں اور اُن کے شہر بڑے بڑے اور فصِیل دار ہیں اور ہم نے بنی عناقؔ کو بھی وہاں دیکھا۔ اُس مُلک کے جنُوبی حِصّہ میں تو عَمالیقی آباد ہیں اور حِتّی اور یبُوسی اور امُوری پہاڑوں پر رہتے ہیں اور سمُندر کے ساحِل پر اور یَردنؔ کے کنارے کنارے کنعانی بسے ہُوئے ہیں۔ تب کالِبؔ نے مُوسیٰؔ کے سامنے لوگوں کو چُپ کرایا اور کہا کہ چلو ہم ایک دَم جا کر اُس پر قبضہ کریں کیونکہ ہم اِس قابِل ہیں کہ اُس پر تصرُّف کر لیں۔ لیکن جو اور آدمی اُس کے ساتھ گئے تھے وہ کہنے لگے کہ ہم اِس لائِق نہیں ہیں کہ اُن لوگوں پر حملہ کریں کیونکہ وہ ہم سے زِیادہ زورآور ہیں۔ اِن آدمِیوں نے بنی اِسرائیل کو اُس مُلک کی جِسے وہ دیکھنے گئے تھے بُری خبر دی اور یہ کہا کہ وہ مُلک جِس کا حال دریافت کرنے کو ہم اُس میں سے گُذرے ایک اَیسا مُلک ہے جو اپنے باشِندوں کو کھا جاتا ہے اور وہاں جِتنے آدمی ہم نے دیکھے وہ سب بڑے قدآور ہیں۔ اور ہم نے وہاں بنی عَناقؔ کو بھی دیکھا جو جبّار ہیں اور جبّاروں کی نسل سے ہیں اور ہم تو اپنی ہی نِگاہ میں اَیسے تھے جَیسے ٹِڈّے ہوتے ہیں اور اَیسے ہی اُن کی نِگاہ میں تھے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں گِنتی 13