YouVersion Logo
تلاش

گِنتی 1:1-46

گِنتی 1:1-46 کِتابِ مُقادّس (URD)

بنی اِسرائیل کے مُلکِ مِصرؔ سے نِکل آنے کے دُوسرے برس کے دُوسرے مہِینے کی پہلی تارِیخ کو سِیناؔ کے بیابان میں خُداوند نے خَیمۂِ اِجتماع میں مُوسیٰؔ سے کہا کہ تُم ایک ایک مَرد کا نام لے لے کر گِنو اور اُن کے ناموں کی تعداد سے بنی اِسرائیل کی ساری جماعت کی مردم شُماری کا حِساب اُن کے قبِیلوں اور آبائی خاندانوں کے مُطابِق کرو۔ بِیس برس اور اُس سے اُوپر اُوپر کی عُمر کے جِتنے اِسرائیلی جنگ کرنے کے قابِل ہوں اُن سبھوں کے الگ الگ دَلوں کو تُو اور ہارُونؔ دونوں مِل کر گِن ڈالو۔ اور ہر قبِیلہ سے ایک ایک آدمی جو اپنے آبائی خاندان کا سردار ہے تُمہارے ساتھ ہو۔ اور جو آدمی تُمہارے ساتھ ہوں گے اُن کے نام یہ ہیں رُوبِنؔ کے قبِیلہ سے الِیصُورؔ بِن شدِیُورؔ۔ شمعُوؔن کے قبِیلہ سے سلُومی ایلؔ بِن صُورؔی شدّی۔ یہُوداؔہ کے قبِیلہ سے نحسوؔن بِن عِمّیندابؔ۔ اِشکارؔ کے قبِیلہ سے نتنی ایلؔ بِن ضُغرؔ۔ زبُولُونؔ کے قبِیلہ سے الِیاؔب بِن حیلوؔن۔ یُوسفؔ کی نسل میں سے اِفرائِیمؔ کے قبِیلہ کا الِیسمعؔ بِن عِمّیہُودؔ اور منَسّیؔ کے قبِیلہ کا جملی ایلؔ بِن فداؔہصُور۔ بِنیمِینؔ کے قبِیلہ سے اَبِدانؔ بِن جِدؔعُونی۔ دانؔ کے قبِیلہ سے اخیعزرؔ بِن عِمّیشدّؔی۔ آشرؔ کے قبِیلہ سے فجعی ایلؔ بِن عکرانؔ۔ جدؔ کے قبِیلہ سے الیاسفؔ بِن دعُوایلؔ۔ نفتالیؔ کے قبِیلہ سے اخِیرؔع بِن عیناؔن۔ یِہی اشخاص جو اپنے آبائی قبِیلوں کے رئِیس اور بنی اِسرائیل میں ہزاروں کے سردار تھے جماعت میں سے بُلائے گئے۔ اور مُوسیٰؔ اور ہارُونؔ نے اِن اشخاص کو جِن کے نام مذکُور ہیں اپنے ساتھ لِیا۔ اور اُنہوں نے دُوسرے مہِینے کی پہلی تارِیخ کو ساری جماعت کو جمع کِیا اور اِن لوگوں نے بِیس برس اور اُس سے اُوپر اُوپر کی عُمر کے سب آدمِیوں کا شُمار کروا کے اپنے اپنے قبِیلہ اور آبائی خاندان کے مُطابِق اپنا اپنا حسب و نسب لِکھوایا۔ سو جَیسا خُداوند نے مُوسیٰؔ کو حُکم دِیا تھا اُسی کے مُطابِق اُس نے اُن کو دشتِ سِینا ؔمیں گِنا۔ اور اِسرائیلؔ کے پہلوٹھے رُوبنؔ کی نسل کے لوگوں میں سے ایک ایک مَرد جو بِیس برس یا اُس سے اُوپر اُوپر کی عُمر کا اور جنگ کرنے کے قابِل تھا وہ اپنے گھرانے اور آبائی خاندان کے مُطابِق اپنے نام سے گِنا گیا۔ سو رُوبنؔ کے قبِیلہ کے جو آدمی شُمار کِئے گئے وہ چھیالِیس ہزار پانچ سَو تھے۔ اور شمعُوؔن کی نسل کے لوگوں میں سے ایک ایک مَرد جو بِیس برس یا اُس سے اُوپر اُوپر کی عُمر کا اور جنگ کرنے کے قابِل تھا وہ اپنے گھرانے اور آبائی خاندان کے مُطابِق اپنے نام سے گِنا گیا۔ سو شمعُوؔن کے قبِیلہ کے جو آدمی شُمار کِئے گئے وہ اُنسٹھ ہزار تِین سَو تھے۔ اور جدؔ کی نسل کے لوگوں میں سے ایک ایک مَرد جو بِیس برس یا اُس سے اُوپر اُوپر کی عُمر کا اور جنگ کرنے کے قابِل تھا وہ اپنے گھرانے اور آبائی خاندان کے مُطابِق گِنا گیا۔ سو جدؔ کے قبِیلہ کے جو آدمی شُمار کِئے گئے وہ پَینتالِیس ہزار چھ سَو پچاس تھے۔ اور یہُوداؔہ کی نسل کے لوگوں میں سے ایک ایک مَرد جو بِیس برس یا اُس سے اُوپر اُوپر کی عُمر کا اور جنگ کرنے کے قابِل تھا وہ اپنے گھرانے اور آبائی خاندان کے مُطابِق گِنا گیا۔ سو یہُوداؔہ کے قبِیلہ کے جو آدمی شُمار کِئے گئے وہ چوہتّر ہزار چھ سَو تھے۔ اور اِشکارؔ کی نسل کے لوگوں میں سے ایک ایک مَرد جو بِیس برس یا اُس سے اُوپر اُوپر کی عُمر کا اور جنگ کرنے کے قابِل تھا وہ اپنے گھرانے اور آبائی خاندان کے مُطابِق گِنا گیا۔ سو اِشکارؔ کے قبِیلہ کے جو آدمی شُمار کِئے گئے وہ چوّن ہزار چار سَو تھے۔ اور زبُولُونؔ کی نسل کے لوگوں میں سے ایک ایک مَرد جو بِیس برس یا اُس سے اُوپر اُوپر کی عُمر کا اور جنگ کرنے کے قابِل تھا وہ اپنے گھرانے اور آبائی خاندان کے مُطابِق گِنا گیا۔ سو زبُولُونؔ کے قبِیلہ کے جو آدمی شُمار کِئے گئے وہ ستّاون ہزار چار سَو تھے۔ اور یُوسفؔ کی اَولاد یعنی اِفرائِیمؔ کی نسل کے لوگوں میں سے ایک ایک مَرد جو بِیس برس یا اُس سے اُوپر اُوپر کی عُمر کا اور جنگ کرنے کے قابِل تھا وہ اپنے گھرانے اور آبائی خاندان کے مُطابِق گِنا گیا۔ سو اِفرائِیمؔ کے قبِیلہ کے جو آدمی شُمار کِئے گئے وہ چالِیس ہزار پانچ سَو تھے۔ اور منَسّیؔ کی نسل کے لوگوں میں سے ایک ایک مَرد جو بِیس برس یا اُس سے اُوپر اُوپر کی عُمر کا اور جنگ کرنے کے قابِل تھا وہ اپنے گھرانے اور آبائی خاندان کے مُطابِق گِنا گیا۔ سو منَسّیؔ کے قبِیلہ کے جو آدمی شُمار کِئے گئے وہ بتِّیس ہزار دو سَو تھے۔ اور بِنیمِین ؔکی نسل کے لوگوں میں سے ایک ایک مَرد جو بِیس برس یا اُس سے اُوپر اُوپر کی عُمر کا اور جنگ کرنے کے قابِل تھا وہ اپنے گھرانے اور آبائی خاندان کے مُطابِق گِنا گیا۔ سو بِنیمِینؔ کے قبِیلہ کے جو آدمی شُمار کِئے گئے وہ پَینتِیس ہزار چار سَو تھے۔ اور دانؔ کی نسل کے لوگوں میں سے ایک ایک مَرد جو بِیس برس یا اُس سے اُوپر اُوپر کی عُمر کا اور جنگ کرنے کے قابِل تھا وہ اپنے گھرانے اور آبائی خاندان کے مُطابِق گِنا گیا۔ سو دانؔ کے قبِیلہ کے جو آدمی شُمار کِئے گئے وہ باسٹھ ہزار سات سَو تھے۔ اور آشرؔ کی نسل کے لوگوں میں سے ایک ایک مَرد جو بِیس برس یا اُس سے اُوپر اُوپر کی عُمر کا اور جنگ کرنے کے قابِل تھا وہ اپنے گھرانے اور آبائی خاندان کے مُطابِق گِنا گیا۔ سو آشرؔ کے قبِیلہ کے جو آدمی شُمار کِئے گئے وہ اِکتالِیس ہزار پانچ سَو تھے۔ اور نفتالیؔ کی نسل کے لوگوں میں سے ایک ایک مَرد جو بِیس برس یا اُس سے اُوپر اُوپر کی عُمر کا اور جنگ کرنے کے قابِل تھا وہ اپنے گھرانے اور آبائی خاندان کے مُطابِق گِنا گیا۔ سو نفتالیؔ کے قبِیلہ کے جو آدمی شُمار کِئے گئے وہ ترِپن ہزار چار سَو تھے۔ یِہی وہ لوگ ہیں جو گِنے گئے۔ اِن ہی کو مُوسیٰؔ اور ہارُونؔ اور بنی اِسرائیل کے بارہ رئِیسوں نے جو اپنے اپنے آبائی خاندان کے سردار تھے گِنا۔ سو بنی اِسرائیل میں سے جِتنے آدمی بِیس برس یا اُس سے اُوپر اُوپر کی عُمر کے اور جنگ کرنے کے قابِل تھے وہ سب گِنے گئے۔ اور اُن سبھوں کا شُمار چھ لاکھ تِین ہزار پانچ سو پچاس تھا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں گِنتی 1

گِنتی 1:1-46 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

اسرائیلیوں کو مصر سے نکلے ہوئے ایک سال سے زیادہ عرصہ گزر گیا تھا۔ اب تک وہ دشتِ سینا میں تھے۔ دوسرے سال کے دوسرے مہینے کے پہلے دن رب ملاقات کے خیمے میں موسیٰ سے ہم کلام ہوا۔ اُس نے کہا، ”تُو اور ہارون تمام اسرائیلیوں کی مردم شماری کنبوں اور آبائی گھرانوں کے مطابق کرنا۔ اُن تمام مردوں کی فہرست بنانا جو کم از کم بیس سال کے اور جنگ لڑنے کے قابل ہوں۔ اِس میں ہر قبیلے کے ایک خاندان کا سرپرست تمہاری مدد کرے۔ یہ اُن کے نام ہیں: روبن کے قبیلے سے اِلی صور بن شدیور، شمعون کے قبیلے سے سلومی ایل بن صوری شدی، یہوداہ کے قبیلے سے نحسون بن عمی نداب، اِشکار کے قبیلے سے نتنی ایل بن ضُغر، زبولون کے قبیلے سے اِلیاب بن حیلون، یوسف کے بیٹے افرائیم کے قبیلے سے اِلی سمع بن عمی ہود، یوسف کے بیٹے منسّی کے قبیلے سے جملی ایل بن فدا ہصور، بن یمین کے قبیلے سے ابدان بن جدعونی، دان کے قبیلے سے اخی عزر بن عمی شدی، آشر کے قبیلے سے فجعی ایل بن عکران، جد کے قبیلے سے اِلیاسف بن دعوایل، نفتالی کے قبیلے سے اخیرع بن عینان۔“ یہی مرد جماعت سے اِس کام کے لئے بُلائے گئے۔ وہ اپنے قبیلوں کے راہنما اور کنبوں کے سرپرست تھے۔ اِن کی مدد سے موسیٰ اور ہارون نے اُسی دن پوری جماعت کو اکٹھا کیا۔ ہر اسرائیلی مرد جو کم از کم 20 سال کا تھا رجسٹر میں درج کیا گیا۔ رجسٹر کی ترتیب اُن کے کنبوں اور آبائی گھرانوں کے مطابق تھی۔ سب کچھ ویسا ہی کیا گیا جیسا رب نے حکم دیا تھا۔ موسیٰ نے سینا کے ریگستان میں لوگوں کی مردم شماری کی۔ نتیجہ یہ نکلا: روبن کے قبیلے کے 46,500 مرد، شمعون کے قبیلے کے 59,300 مرد، جد کے قبیلے کے 45,650 مرد، یہوداہ کے قبیلے کے 74,600 مرد، اِشکار کے قبیلے کے 54,400 مرد، زبولون کے قبیلے کے 57,400 مرد، یوسف کے بیٹے افرائیم کے قبیلے کے 40,500 مرد، یوسف کے بیٹے منسّی کے قبیلے کے 32,200 مرد، بن یمین کے قبیلے کے 35,400 مرد، دان کے قبیلے کے 62,700 مرد، آشر کے قبیلے کے 41,500 مرد، نفتالی کے قبیلے کے 53,400 مرد۔ موسیٰ، ہارون اور قبیلوں کے بارہ راہنماؤں نے اِن تمام آدمیوں کو گنا۔ اُن کی پوری تعداد 6,03,550 تھی۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں گِنتی 1