YouVersion Logo
تلاش

نحمیاہ 6:8-17

نحمیاہ 6:8-17 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

عزراؔ نے یَاہوِہ خُدائے عظیم کی تمجید کی اَور تمام لوگوں نے ہاتھ کھڑے اُٹھاکر، ”جَواب میں آمین آمین بولا!“ پھر اُنہُوں نے مُنہ کے بَل زمین پر جھُک کر یَاہوِہ کو سَجدہ کیا۔ اَور یہوشُعؔ، بانیؔ، شیرِبیاہؔ، یامِنؔ، عقُّوبؔ، شبّتائی، ہُودیاہؔ، معسیاہؔ قِلیطاؔ، عزریاہؔ، یُوزبادؔ، حاننؔ، پِلائییاہؔ اَور لیوی لوگوں کو تورہ سمجھاتے گیٔے اَور اُس دَوران لوگ اَپنی اَپنی جگہ کھڑے رہے۔ پہلے اُنہُوں نے خُدا کی کِتاب تورہ میں سے صَاف صَاف پڑھا، پھر اُس کی تشریح کرکے اُس کے معنی بتائے تاکہ جو کچھ پڑھا جا رہاتھا لوگ اُسے سمجھ سکیں۔ تَب نحمیاہ حاکم، عزراؔ کاہِنؔ اَور شَریعت کے مُعلّم اَور لیویوں نے جو لوگوں کو تعلیم دے رہے تھے اُن سَب سے کہا، ”یہ دِن یَاہوِہ تمہارے خُدا کے لیٔے مُقدّس ہے۔ نہ ماتم کرو نہ روؤ۔“ کیونکہ تمام لوگ تورہ کی باتیں سُنتے وقت رو رہے تھے۔ نحمیاہ نے کہا، ”جاؤ اَور اَپنا پسندِیدہ کھانا کھاؤ اَور میٹھے شربت پیو اَور اُن کے لیٔے بھی کچھ بھیجو جِن کے پاس کچھ تیّار نہیں۔ یہ دِن ہمارے خُدا کے لیٔے مُقدّس ہے۔ رنجیدہ نہ ہو کیونکہ یَاہوِہ کی شادمانی ہی تمہاری قُوّت ہے۔“ لیویوں نے لوگوں کو یہ کہتے ہُوئے چُپ کرایا کہ، ”خاموش ہو جاؤ کیونکہ یہ مُقدّس دِن ہے۔ پس رنجیدہ مت ہو۔“ تَب لوگ کھانے پینے اَور کھانے کا کچھ حِصّہ بھیجنے اَور خُوشی سے جَشن منانے کے لیٔے چلے گیٔے کیونکہ اَب اُنہُوں نے اُن باتوں کو جو اُنہیں سُنایٔی گئی تھیں، سمجھ لیا تھا۔ مہینے کے دُوسرے دِن آبائی خاندانوں کے سردار کاہِنوں اَور لیویوں کے ہمراہ شَریعت کے مُعلّم عزراؔ کے پاس جمع ہویٔے تاکہ تورہ کی باتوں پر غور کریں۔ اَور اُنہیں تورہ میں یہ لِکھّا مِلا جِس کا یَاہوِہ نے مَوشہ کی مَعرفت حُکم دیا تھا کہ اِسرائیل ساتویں مہینے کی عید کے دَوران جھونپڑیوں میں رہا کریں۔ اَور وہ اَپنے تمام شہروں میں اَور یروشلیمؔ میں اِشتہار دیں اَور مُنادی کرایٔیں: ”پہاڑی علاقہ میں جاؤ اَور جھونپڑیاں بنانے کے لیٔے زَیتُون اَور مہندی کی شاخیں اَور کھجور کی اَور گھنے درختوں کی شاخیں لے کر آؤ،“ جَیسا کہ لِکھّا ہے۔ پس لوگ باہر جا کر شاخیں لایٔے اَور اُنہُوں نے اَپنے اَپنے مکان کی چھت پر، اَپنے صحن میں، خُدا کے گھر میں، پانی کے پھاٹک کے پاس میدان میں اَور اِفرائیمؔ کے پھاٹک کے پاس اَپنے لیٔے جھونپڑیاں بنائیں۔ لوگوں کی ساری جماعت جو جَلاوطنی سے واپس آئی تھی جھونپڑیاں بنا کر اُن میں رہی۔ یہوشُعؔ بِن نُونؔ کے دِنوں سے لے کر اُس دِن تک اِسرائیلیوں نے اِسے کبھی اِس طرح نہیں منایا تھا اَور اُن کی خُوشی کا کویٔی ٹھکانا نہ تھا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں نحمیاہ 8

نحمیاہ 6:8-17 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

عزرا نے رب عظیم خدا کی ستائش کی، اور سب نے اپنے ہاتھ اُٹھا کر جواب میں کہا، ”آمین، آمین۔“ پھر اُنہوں نے جھک کر رب کو سجدہ کیا۔ کچھ لاوی حاضر تھے جنہوں نے لوگوں کے لئے شریعت کی تشریح کی۔ اُن کے نام یشوع، بانی، سربیاہ، یمین، عقّوب، سبّتی، ہودیاہ، معسیاہ، قلیطا، عزریاہ، یوزبد، حنان اور فِلایاہ تھے۔ حاضرین اب تک کھڑے تھے۔ شریعت کی تلاوت کے ساتھ ساتھ مذکورہ لاوی قدم بہ قدم اُس کی تشریح یوں کرتے گئے کہ لوگ اُسے اچھی طرح سمجھ سکے۔ شریعت کی باتیں سن سن کر وہ رونے لگے۔ لیکن نحمیاہ گورنر، شریعت کے عالِم عزرا امام اور شریعت کی تشریح کرنے والے لاویوں نے اُنہیں تسلی دے کر کہا، ”اُداس نہ ہوں اور مت روئیں! آج رب آپ کے خدا کے لئے مخصوص و مُقدّس عید ہے۔ اب جائیں، عمدہ کھانا کھا کر اور پینے کی میٹھی چیزیں پی کر خوشی منائیں۔ جو اپنے لئے کچھ تیار نہ کر سکیں اُنہیں اپنی خوشی میں شریک کریں۔ یہ دن ہمارے رب کے لئے مخصوص و مُقدّس ہے۔ اُداس نہ ہوں، کیونکہ رب کی خوشی آپ کی پناہ گاہ ہے۔“ لاویوں نے بھی تمام لوگوں کو سکون دلا کر کہا، ”اُداس نہ ہوں، کیونکہ یہ دن رب کے لئے مخصوص و مُقدّس ہے۔“ پھر سب اپنے اپنے گھر چلے گئے۔ وہاں اُنہوں نے بڑی خوشی سے کھا پی کر جشن منایا۔ ساتھ ساتھ اُنہوں نے دوسروں کو بھی اپنی خوشی میں شریک کیا۔ اُن کی بڑی خوشی کا سبب یہ تھا کہ اب اُنہیں اُن باتوں کی سمجھ آئی تھی جو اُنہیں سنائی گئی تھیں۔ اگلے دن خاندانی سرپرست، امام اور لاوی دوبارہ شریعت کے عالِم عزرا کے پاس جمع ہوئے تاکہ شریعت کی مزید تعلیم پائیں۔ جب وہ شریعت کا مطالعہ کر رہے تھے تو اُنہیں پتا چلا کہ رب نے موسیٰ کی معرفت حکم دیا تھا کہ اسرائیلی ساتویں مہینے کی عید کے دوران جھونپڑیوں میں رہیں۔ چنانچہ اُنہوں نے یروشلم اور باقی تمام شہروں میں اعلان کیا، ”پہاڑوں پر سے زیتون، آس، کھجور اور باقی سایہ دار درختوں کی شاخیں توڑ کر اپنے گھر لے جائیں۔ وہاں اُن سے جھونپڑیاں بنائیں، جس طرح شریعت نے ہدایت دی ہے۔“ لوگوں نے ایسا ہی کیا۔ وہ گھروں سے نکلے اور درختوں کی شاخیں توڑ کر لے آئے۔ اُن سے اُنہوں نے اپنے گھروں کی چھتوں پر اور صحنوں میں جھونپڑیاں بنا لیں۔ بعض نے اپنی جھونپڑیوں کو رب کے گھر کے صحنوں، پانی کے دروازے کے چوک اور افرائیم کے دروازے کے چوک میں بھی بنایا۔ جتنے بھی جلاوطنی سے واپس آئے تھے وہ سب جھونپڑیاں بنا کر اُن میں رہنے لگے۔ یشوع بن نون کے زمانے سے لے کر اُس وقت تک یہ عید اِس طرح نہیں منائی گئی تھی۔ سب نہایت ہی خوش تھے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں نحمیاہ 8

نحمیاہ 6:8-17 کِتابِ مُقادّس (URD)

اور عزرا نے خُداوند خُدایِ عظِیم کو مُبارک کہا اور سب لوگوں نے اپنے ہاتھ اُٹھا کر جواب دِیا۔ آمِین۔ آمِین۔ اور اُنہوں نے اَوندھے مُنہ زمِین تک جُھک کر خُداوند کو سِجدہ کِیا۔ اور یشُوع اور بانی اور سرِبیاؔہ اور یامِن اور عقُّوؔب اور سبّتی اور ہُودیاؔہ اور معسیاؔہ اور قلِیطا اور عزریاؔہ اور یُوزؔبد اور حنان اور فِلایاؔہ اور لاوی لوگوں کو شرِیعت سمجھاتے گئے اور لوگ اپنی اپنی جگہ پر کھڑے رہے۔ اور اُنہوں نے اُس کِتاب یعنی خُدا کی شرِیعت میں سے صاف آواز سے پڑھا۔ پِھر اُس کے معنی بتائے اور اُن کو عِبارت سمجھا دی۔ اور نحمیاؔہ نے جو حاکِم تھا اور عزرا کاہِن اور فقِیہہ نے اور اُن لاویوں نے جو لوگوں کو سِکھا رہے تھے سب لوگوں سے کہا آج کا دِن خُداوند تُمہارے خُدا کے لِئے مُقدّس ہے۔ نہ غم کرو نہ رو کیونکہ سب لوگ شرِیعت کی باتیں سُن کر رونے لگے تھے۔ پِھر اُس نے اُن سے کہا کہ اب جاؤ اور جو موٹا ہے کھاؤ اور جو مِیٹھا ہے پِیو اور جِن کے لِئے کُچھ تیّار نہیں ہُؤا اُن کے پاس بھی بھیجو کیونکہ آج کا دِن ہمارے خُداوند کے لِئے مُقدّس ہے اور تُم اُداس مت ہو کیونکہ خُداوند کی شادمانی تُمہاری پناہ گاہ ہے۔ اور لاویوں نے سب لوگوں کو چُپ کرایا اور کہا خاموش ہو جاؤ کیونکہ آج کا دِن مُقدّس ہے اور غم نہ کرو۔ سو سب لوگ کھانے پِینے اور حِصّہ بھیجنے اور بڑی خُوشی کرنے کو چلے گئے کیونکہ وہ اُن باتوں کو جو اُن کے آگے پڑھی گئِیں سمجھے تھے۔ اور دُوسرے دِن سب لوگوں کے آبائی خاندانوں کے سردار اور کاہِن اور لاوی عزرا فقِیہہ کے پاس اِکٹّھے ہُوئے کہ تَورَیت کی باتوں پر دھیان لگائیں۔ اور اُن کو شرِیعت میں یہ لِکھا مِلا کہ خُداوند نے مُوسیٰ کی معرفت فرمایا ہے کہ بنی اِسرائیل ساتویں مہِینے کی عِید میں جھونپڑِیوں میں رہا کریں۔ اور اپنے سب شہروں میں اور یروشلیِم میں یہ اِعلان اور مُنادی کرائیں کہ پہاڑ پر جا کر زَیتُون کی ڈالِیاں اور جنگلی زَیتُون کی ڈالِیاں اور مِہندی کی ڈالِیاں اور کھجُور کی شاخیں اور گھنے درختوں کی ڈالِیاں جھونپڑیوں کے بنانے کو لاؤ جَیسا لِکھا ہے۔ سو لوگ جا جا کر اُن کو لائے اور ہر ایک نے اپنے گھر کی چھت پر اور اپنے اِحاطہ میں اور خُدا کے گھر کے صحنوں میں اور پانی پھاٹک کے مَیدان میں اور افرائیمی پھاٹک کے مَیدان میں اپنے لِئے جھونپڑیاں بنائِیں۔ اور اُن لوگوں کی ساری جماعت نے جو اسِیری سے پِھر آئے تھے جھونپڑیاں بنائِیں اور اُن ہی جھونپڑیوں میں رہے کیونکہ یشُوع بِن نُون کے دِنوں سے اُس دِن تک بنی اِسرائیل نے اَیسا نہیں کِیا تھا چُنانچہ بُہت بڑی خُوشی ہُوئی۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں نحمیاہ 8