نحمیاہ 10:4-14
نحمیاہ 10:4-14 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
اِسی دَوران یہُوداہؔ کے لوگوں نے کہا، ”اَب مزدُوروں کے بازوؤں میں طاقت نہیں رہی اَور ملبہ ابھی تک وَیسے ہی پڑا ہُواہے۔ لگتا ہے کہ ہم فصیل تعمیر نہیں کر سکیں گے۔“ ہمارے دُشمنوں کا بھی کہنا ہے کہ، ”اِس سے پیشتر کہ ہمیں مَعلُوم ہو یا ہم اُنہیں دیکھ سکیں وہ ہمارے درمیان پہُنچ جایٔیں گے اَور ہمیں مار ڈالیں گے اَور کام بند کروا دیں گے۔“ تَب اُن یہُودیوں نے جو اُن کے قرب و جوار میں رہتے تھے آکر دس مرتبہ ہمیں یہی بات بتایٔی، ”خواہ ہم کہیں کا رُخ کریں دُشمن ہم پر حملہ کر دیں گے۔“ اِس وجہ سے فصیل کی سَب سے نیچی جگہوں کے پیچھے اُن مقامات پر جہاں سے حملہ کا خطرہ تھا مَیں نے کچھ لوگوں کو اُن کی تلواروں، نیزوں اَور کمانوں کے ساتھ اُن کے خاندانوں کے مُطابق تعینات کر دیا۔ اُس اِنتظام کے بعد مَیں نے کھڑے ہوکر اُمرا، اہلکاروں اَور دیگر لوگوں سے کہا، ”اُن سے مت ڈرو۔ یَاہوِہ کو یاد کرو جو عظیم اَور مُہیب ہے۔ اَور اَپنے خاندانوں، بیٹوں، بیٹیوں اَور اَپنی بیویوں اَور اَپنے گھروں کی خاطِر جنگ کرو۔“
نحمیاہ 10:4-14 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
اُس وقت یہوداہ کے لوگ کراہنے لگے، ”مزدوروں کی طاقت ختم ہو رہی ہے، اور ابھی تک ملبے کے بڑے ڈھیر باقی ہیں۔ فصیل کو بنانا ہمارے بس کی بات نہیں ہے۔“ دوسری طرف دشمن کہہ رہے تھے، ”ہم اچانک اُن پر ٹوٹ پڑیں گے۔ اُن کو اُس وقت پتا چلے گا جب ہم اُن کے بیچ میں ہوں گے۔ تب ہم اُنہیں مار دیں گے اور کام رُک جائے گا۔“ جو یہودی اُن کے قریب رہتے تھے وہ بار بار ہمارے پاس آ کر ہمیں اطلاع دیتے رہے، ”دشمن چاروں طرف سے آپ پر حملہ کرنے کے لئے تیار کھڑا ہے۔“ تب مَیں نے لوگوں کو فصیل کے پیچھے ایک جگہ کھڑا کر دیا جہاں دیوار سب سے نیچی تھی، اور وہ تلواروں، نیزوں اور کمانوں سے لیس اپنے خاندانوں کے مطابق کھلے میدان میں کھڑے ہو گئے۔ لوگوں کا جائزہ لے کر مَیں کھڑا ہوا اور کہنے لگا، ”اُن سے مت ڈریں! رب کو یاد کریں جو عظیم اور مہیب ہے۔ ذہن میں رکھیں کہ ہم اپنے بھائیوں، بیٹوں بیٹیوں، بیویوں اور گھروں کے لئے لڑ رہے ہیں۔“
نحمیاہ 10:4-14 کِتابِ مُقادّس (URD)
اور یہُوداؔہ کہنے لگا کہ بوجھ اُٹھانے والوں کا زور گھٹ گیا اور ملبہ بُہت ہے۔ سو ہم دِیوار نہیں بنا سکتے ہیں۔ اور ہمارے دُشمن کہنے لگے کہ جب تک ہم اُن کے بِیچ پُہنچ کر اُن کو قتل نہ کر ڈالیں اور کام مَوقُوف نہ کر دیں تب تک اُن کو نہ معلُوم ہو گا نہ وہ دیکھیں گے۔ اور جب وہ یہُودی جو اُن کے آس پاس رہتے تھے آئے تو اُنہوں نے سب جگہوں سے دس بار آ کر ہم سے کہا کہ تُم کو ہمارے پاس لَوٹ آنا ضرُور ہے۔ اِس لِئے مَیں نے شہر پناہ کے پِیچھے کی جگہ کے سب سے نِیچے حِصّوں میں جہاں جہاں کُھلا تھا لوگوں کو اپنی اپنی تلوار اور برچھی اور کمان لِئے ہُوئے اُن کے گھرانوں کے مُطابِق بِٹھا دِیا۔ تب مَیں دیکھ کر اُٹھا اور امِیروں اور حاکِموں اور باقی لوگوں سے کہا کہ تُم اُن سے مت ڈرو خُداوند کو جو بزُرگ اور مُہِیب ہے یاد کرو اور اپنے بھائیوں اور بیٹے بیٹیوں اور اپنی بِیویوں اور گھروں کے لِئے لڑو۔