YouVersion Logo
تلاش

نحمیاہ 10:13-31

نحمیاہ 10:13-31 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

مُجھے یہ بھی مَعلُوم ہُوا کہ لیویوں کے مخصُوص حِصّے اُن کو نہیں دئیے گیٔے تھے اَور تمام لیوی اَور موسیقار جو ہیکل میں خدمت گزار تھے اَپنے اَپنے کھیتوں کو واپس چلے گیٔے ہیں۔ پس مَیں نے حاکموں کو ڈانٹا اَور اُن سے پُوچھا، ”خُدا کے گھر کو کیوں نظرانداز کیا گیا؟“ پھر مَیں نے لیویوں کو جمع کرکے بُلایا اَور اُنہیں اُن کی جگہوں پر مُقرّر کر دیا۔ تمام اہلِ یہُوداہؔ اناج، نئی مَے اَور تیل اِن سَب اَشیا کا دسواں حِصّہ خزانوں میں لایٔے۔ اَور مَیں نے کاہِنؔ شلمیہؔ، صدُوقؔ محرِّر اَور ایک لیوی بنام پِدائیاہؔ کو خزانچی مُقرّر کیا اَور حاننؔ بِن زکُورؔ بِن متّنیاہؔ کو اُن کا مددگار بنایا کیونکہ یہ لوگ قابلِ اِعتماد سمجھے جاتے تھے۔ اَور یہ اُن کا کام تھا کہ وہ اَپنے ساتھی لیویوں کو اُن کے حِصّے تقسیم کریں۔ اَے میرے خُدا، مُجھے اِس کا نیک اجر دینا اَورجو کچھ مَیں نے اَپنے خُدا کے گھر اَور اُن کے خادِموں کے لیٔے کیا ہے آپ کی نظر میں رہے۔ اُن ہی دِنوں میں، مَیں نے دیکھا کہ یہُوداہؔ میں بعض لوگ سَبت کے دِن بھی انگور کُچلتے اَور اُن کا رس مے کے حوض سے نکالتے ہیں اَور اناج، مَے، انگور، اَنجیر اَور دیگر اَشیا کے بوجھ گدھوں پر لادتے ہیں۔ وہ یہ سَب کچھ سَبت کے دِن یروشلیمؔ میں لاتے ہیں۔ لہٰذا مَیں نے اُنہیں سخت تنبیہ کی کہ سَبت کے دِن اشیائے خُوردنی ہرگز فروخت نہ کی جایٔیں۔ صُورؔ کے لوگ جو یروشلیمؔ میں رہتے تھے وہ بھی مچھلی اَور ہر قِسم کا مالِ تِجارت یروشلیمؔ میں لاکر سَبت کے دِن یہُوداہؔ کے لوگوں کو فروخت کرتے تھے۔ مَیں نے یہُوداہؔ کے اُمرا کو ڈانٹا اَور اُنہیں کہا، ”تُم اَیسی بُری حرکت کیوں کرتے ہو جِس سے سَبت کی بےحُرمتی ہوتی ہے؟ یہی تمہارے آباؤاَجداد نے کیا جِس کے باعث ہمارے خُدا یہ تمام آفات ہم پر اَور اِس یروشلیمؔ شہر پر لائے۔ اَب تُم سَبت کی بےحُرمتی کرکے اِسرائیل پر پہلے سے بھی زِیادہ غضب لانے کا باعث بَن رہے ہو۔“ اِس لئے جَب سَبت سے پیشتر یروشلیمؔ کے پھاٹکوں پر شام کا دھُندلکا چھانے لگا تو مَیں نے حُکم دیا کہ پھاٹک بند کر دئیے جایٔیں اَور جَب تک سَبت گزر نہ جائے اُنہیں کھولا نہ جائے۔ مَیں نے اَپنے کچھ آدمی پھاٹکوں پر مُقرّر کر دئیے تاکہ سَبت کے دِن کویٔی بھی بوجھ شہر کے اَندر نہ لایا جا سکے۔ سوداگروں اَور ہر قِسم کا سازوسامان فروخت کرنے والوں نے ایک یا دو دفعہ رات یروشلیمؔ کے باہر گزاری۔ لیکن مَیں نے اُنہیں تنبیہ کی اَور کہا، ”تُم رات فصیل کے پاس کیوں گزارتے ہو؟ اگر تُم پھر اَیسا کروگے تو مَیں تُمہیں گِرفتار کرلُوں گا۔“ اُس کے بعد وہ سَبت کے دِن پھر کبھی نہ آئے۔ تَب مَیں نے لیویوں کو حُکم دیا کہ جاؤ، اَور سَبت کے دِن کے تقدُّس کو قائِم رکھنے کے لیٔے پھاٹکوں کی نگہبانی کرو۔ اَے میرے خُدا! مُجھے اِس کا نیک اجر دینا اَور اَپنی لافانی مَحَبّت کے مُطابق مُجھ پر رحم کرنا۔ اُن ہی دِنوں میں، مَیں نے یہُودیؔہ کے اُن مَردوں کو دیکھا جنہوں نے اشدُودؔ، عمُّون اَور مُوآب کی عورتوں سے شادیاں کی ہُوئی تھیں۔ اُن کے آدھے بچّے اشدُودؔ کی زبان یا دیگر اَقوام کی کویٔی زبان بولتے تھے لیکن یہُودی زبان میں بات نہیں کر سکتے تھے۔ مَیں نے اُنہیں ڈانٹ ڈپٹ کی اَور اُن پر لعنت کی۔ کچھ لوگوں کو مَیں نے مارا پِیٹا اَور اُن کے بال تک نوچ ڈالے۔ مَیں نے اُنہیں خُدا کے نام پر قَسم کھِلائی اَور کہا: ”تُم اُن کے بیٹوں کے ساتھ اَپنی بیٹیاں ہرگز نہیں بیاہوگے اَور نہ ہی اَپنا اَور اَپنے بیٹوں کا بیاہ اُن کی لڑکیوں سے کروگے۔ کیا شُلومونؔ شاہِ اِسرائیل کے گُناہ کرنے کا باعث اَیسی ہی شادیاں نہ تھیں؟ اگرچہ بہت سِی اَقوام میں اُس کی مانند کویٔی بادشاہ نہ تھا، اُس کے خُدا اُس سے مَحَبّت کرتے تھے اَور خُدا نے اُسے تمام اِسرائیل کا بادشاہ بنایا۔ تو بھی غَیریہُودی عورتوں نے اُسے گُناہ میں پھنسایا۔ کیا یہ ضروُری ہے کہ ہم تمہاری سُنیں کہ تُم بھی وُہی ہولناک بُرائی کرو اَور غَیریہُودی عورتوں سے شادیاں کرکے ہمارے خُدا کی بےوفائی کرو؟“ اِلیاشبؔ اعلیٰ کاہِن کے بیٹے یُویدعؔ کے بیٹوں میں سے ایک سنبلّطؔ حُورونی کا داماد تھا اَور مَیں نے اُسے اَپنے پاس سے بھگا دیا۔ اَے میرے خُدا! اُن کی اِس بدی کو یاد رکھنا کیونکہ اُنہُوں نے کہانت کو اَور کہانت اَور لیویوں کے عہد کو ناپاک کیا ہے۔ پس مَیں نے کاہِنوں اَور لیویوں کو غَیر قوموں کی رسم و رِواج سے پاک کیا اَور ہیکل میں مُقرّرہ خدمات اَنجام دینے کے لیٔے اُن کی باریاں مُقرّر کر دیں۔ مَیں نے مُقرّرہ اوقات پر لکڑی کی رسد اَور پہلے پھلوں کی فراہمی کا بھی اِنتظام کر دیا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں نحمیاہ 13

نحمیاہ 10:13-31 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

مجھے یہ بھی معلوم ہوا کہ لاوی اور گلوکار رب کے گھر میں اپنی خدمت کو چھوڑ کر اپنے کھیتوں میں کام کر رہے ہیں۔ وجہ یہ تھی کہ اُنہیں وہ حصہ نہیں مل رہا تھا جو اُن کا حق تھا۔ تب مَیں نے ذمہ دار افسروں کو جھڑک کر کہا، ”آپ اللہ کے گھر کا انتظام اِتنی بےپروائی سے کیوں چلا رہے ہیں؟“ مَیں نے لاویوں اور گلوکاروں کو واپس بُلا کر دوبارہ اُن کی ذمہ داریوں پر لگایا۔ یہ دیکھ کر تمام یہوداہ غلہ، نئی مَے اور زیتون کے تیل کا دسواں حصہ گوداموں میں لانے لگا۔ گوداموں کی نگرانی مَیں نے سلمیاہ امام، صدوق منشی اور فِدایاہ لاوی کے سپرد کر کے حنان بن زکور بن متنیاہ کو اُن کا مددگار مقرر کیا، کیونکہ چاروں کو قابلِ اعتماد سمجھا جاتا تھا۔ اُن ہی کو اماموں اور لاویوں میں اُن کے مقررہ حصے تقسیم کرنے کی ذمہ داری دی گئی۔ اے میرے خدا، اِس کام کے باعث مجھے یاد کر! وہ سب کچھ نہ بھول جو مَیں نے وفاداری سے اپنے خدا کے گھر اور اُس کے انتظام کے لئے کیا ہے۔ اُس وقت مَیں نے یہوداہ میں کچھ لوگوں کو دیکھا جو سبت کے دن انگور کا رس نچوڑ کر مَے بنا رہے تھے۔ دوسرے غلہ لا کر مَے، انگور، انجیر اور دیگر مختلف قسم کی پیداوار کے ساتھ گدھوں پر لاد رہے اور یروشلم پہنچا رہے تھے۔ یہ سب کچھ سبت کے دن ہو رہا تھا۔ مَیں نے اُنہیں تنبیہ کی کہ سبت کے دن خوراک فروخت نہ کرنا۔ صور کے کچھ آدمی بھی جو یروشلم میں رہتے تھے سبت کے دن مچھلی اور دیگر کئی چیزیں یروشلم میں لا کر یہوداہ کے لوگوں کو بیچتے تھے۔ یہ دیکھ کر مَیں نے یہوداہ کے شرفا کو ڈانٹ کر کہا، ”یہ کتنی بُری بات ہے! آپ تو سبت کے دن کی بےحرمتی کر رہے ہیں۔ جب آپ کے باپ دادا نے ایسا کیا تو اللہ یہ ساری آفت ہم پر اور اِس شہر پر لایا۔ اب آپ سبت کے دن کی بےحرمتی کرنے سے اللہ کا اسرائیل پر غضب مزید بڑھا رہے ہیں۔“ مَیں نے حکم دیا کہ جمعہ کو یروشلم کے دروازے شام کے اُس وقت بند کئے جائیں جب دروازے سایوں میں ڈوب جائیں، اور کہ وہ سبت کے پورے دن بند رہیں۔ سبت کے اختتام تک اُنہیں کھولنے کی اجازت نہیں تھی۔ مَیں نے اپنے کچھ لوگوں کو دروازوں پر کھڑا بھی کیا تاکہ کوئی بھی اپنا سامان سبت کے دن شہر میں نہ لائے۔ یہ دیکھ کر تاجروں اور بیچنے والوں نے کئی مرتبہ سبت کی رات شہر سے باہر گزاری اور وہاں اپنا مال بیچنے کی کوشش کی۔ تب مَیں نے اُنہیں تنبیہ کی، ”آپ سبت کی رات کیوں فصیل کے پاس گزارتے ہیں؟ اگر آپ دوبارہ ایسا کریں تو آپ کو حوالۂ پولیس کیا جائے گا۔“ اُس وقت سے وہ سبت کے دن آنے سے باز آئے۔ لاویوں کو مَیں نے حکم دیا کہ اپنے آپ کو پاک صاف کر کے شہر کے دروازوں کی پہرا داری کریں تاکہ اب سے سبت کا دن مخصوص و مُقدّس رہے۔ اے میرے خدا، مجھے اِس نیکی کے باعث یاد کر کے اپنی عظیم شفقت کے مطابق مجھ پر مہربانی کر۔ اُس وقت مجھے یہ بھی معلوم ہوا کہ بہت سے یہودی مردوں کی شادی اشدود، عمون اور موآب کی عورتوں سے ہوئی ہے۔ اُن کے آدھے بچے صرف اشدود کی زبان یا کوئی اَور غیرملکی زبان بول لیتے تھے۔ ہماری زبان سے وہ ناواقف ہی تھے۔ تب مَیں نے اُنہیں جھڑکا اور اُن پر لعنت بھیجی۔ بعض ایک کے بال نوچ نوچ کر مَیں نے اُن کی پٹائی کی۔ مَیں نے اُنہیں اللہ کی قَسم کھلانے پر مجبور کیا کہ ہم اپنے بیٹے بیٹیوں کی شادی غیرملکیوں سے نہیں کرائیں گے۔ مَیں نے کہا، ”اسرائیل کے بادشاہ سلیمان کو یاد کریں۔ ایسی ہی شادیوں نے اُسے گناہ کرنے پر اُکسایا۔ اُس وقت اُس کے برابر کوئی بادشاہ نہیں تھا۔ اللہ اُسے پیار کرتا تھا اور اُسے پورے اسرائیل کا بادشاہ بنایا۔ لیکن اُسے بھی غیرملکی بیویوں کی طرف سے گناہ کرنے پر اُکسایا گیا۔ اب آپ کے بارے میں بھی یہی کچھ سننا پڑتا ہے! آپ سے بھی یہی بڑا گناہ سرزد ہو رہا ہے۔ غیرملکی عورتوں سے شادی کرنے سے آپ ہمارے خدا سے بےوفا ہو گئے ہیں!“ امامِ اعظم اِلیاسب کے بیٹے یویدع کے ایک بیٹے کی شادی سنبلّط حورونی کی بیٹی سے ہوئی تھی، اِس لئے مَیں نے بیٹے کو یروشلم سے بھگا دیا۔ اے میرے خدا، اُنہیں یاد کر، کیونکہ اُنہوں نے امام کے عُہدے اور اماموں اور لاویوں کے عہد کی بےحرمتی کی ہے۔ چنانچہ مَیں نے اماموں اور لاویوں کو ہر غیرملکی چیز سے پاک صاف کر کے اُنہیں اُن کی خدمت اور مختلف ذمہ داریوں کے لئے ہدایات دیں۔ نیز، مَیں نے دھیان دیا کہ فصل کی پہلی پیداوار اور قربانیوں کو جلانے کی لکڑی وقت پر رب کے گھر میں پہنچائی جائے۔ اے میرے خدا، مجھے یاد کر کے مجھ پر مہربانی کر!

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں نحمیاہ 13

نحمیاہ 10:13-31 کِتابِ مُقادّس (URD)

پِھر مُجھے معلُوم ہُؤا کہ لاویوں کے حِصّے اُن کو نہیں دِئے گئے اِس لِئے خِدمت گُذار لاوی اور گانے والے اپنے اپنے کھیت کو بھاگ گئے ہیں۔ تب مَیں نے حاکِموں سے جھگڑ کر کہا کہ خُدا کا گھر کیوں چھوڑ دِیا گیا ہے؟ اور مَیں نے اُن کو اِکٹّھا کر کے اُن کو اُن کی جگہ پر مُقرّر کِیا۔ تب سب اہلِ یہُوداؔہ نے اناج اور مَے اور تیل کا دسواں حِصّہ خزانوں میں داخِل کِیا۔ اور مَیں نے سلمیاؔہ کاہِن اور صدُوؔق فقِیہہ اور لاویوں میں سے فِدایاؔہ کو خزانوں کے خزانچی مُقرّر کِیا اور حنان بِن زکُّور بِن متّنیاؔہ اُن کے ساتھ تھا کیونکہ وہ دِیانت دار مانے جاتے تھے اور اپنے بھائیوں میں بانٹ دینا اُن کا کام تھا۔ اَے میرے خُدا اِس کے لِئے مُجھے یاد کر اور میرے نیک کاموں کو جو مَیں نے اپنے خُدا کے گھر اور اُس کی رسُوم کے لِئے کِئے مِٹا نہ ڈال۔ اُن ہی دِنوں میں مَیں نے یہُوداؔہ میں بعض کو دیکھا جو سبت کے دِن حَوضوں میں پاؤں سے انگُور کُچل رہے تھے اور پُولے لا کر اُن کو گدھوں پر لادتے تھے۔ اِسی طرح مَے اور انگُور اور انجِیر اور ہر قِسم کے بوجھ سبت کو یروشلیِم میں لاتے تھے اور جِس دِن وہ کھانے کی چِیزیں بیچنے لگے مَیں نے اُن کو ٹوکا۔ اور وہاں صُور کے لوگ بھی رہتے تھے جو مچھلی اور ہر طرح کا سامان لا کر سبت کے دِن یروشلیِم میں یہُوداؔہ کے لوگوں کے ہاتھ بیچتے تھے۔ تب مَیں نے یہُوداؔہ کے اُمرا سے جھگڑ کر کہا یہ کیا بُرا کام ہے جو تُم کرتے اور سبت کے دِن کی بے حُرمتی کرتے ہو؟ کیا تُمہارے باپ دادا نے اَیسا ہی نہیں کِیا اور کیا ہمارا خُدا ہم پر اور اِس شہر پر یہ سب آفتیں نہیں لایا؟ تَو بھی تُم سبت کی بے حُرمتی کر کے اِسرائیل پر زِیادہ غضب لاتے ہو۔ سو جب سبت سے پہلے یروشلیِم کے پھاٹکوں کے پاس اندھیرا ہونے لگا تو مَیں نے حُکم دِیا کہ پھاٹک بند کر دِئے جائیں اور حُکم دے دِیا کہ جب تک سبت گُذر نہ جائے وہ نہ کُھلیں اور مَیں نے اپنے چند نَوکروں کو پھاٹکوں پر رکھّا کہ سبت کے دِن کوئی بوجھ اندر آنے نہ پائے۔ سو بیوپاری اور طرح طرح کے مال کے بیچنے والے ایک یا دو بار یروشلیِم کے باہر ٹِکے۔ تب مَیں نے اُن کو ٹوکا اور اُن سے کہا کہ تُم دِیوار کے نزدِیک کیوں ٹِک جاتے ہو؟ اگر پِھر اَیسا کِیا تو مَیں تُم کو گرِفتار کر لُوں گا۔ اُس وقت سے وہ سبت کو پِھر نہ آئے۔ اور مَیں نے لاویوں کو حُکم کِیا کہ اپنے آپ کو پاک کریں اور سبت کے دِن کی تقدِیس کی غرض سے آ کر پھاٹکوں کی رکھوالی کریں۔ اَے میرے خُدا اِسے بھی میرے حق میں یاد کر اور اپنی بڑی رحمت کے مُطابِق مُجھ پر ترس کھا۔ اُن ہی دِنوں میں مَیں نے اُن یہُودیوں کو بھی دیکھا جِنہوں نے اشدُودی اور عمُّونی اور موآبی عَورتیں بیاہ لی تِھیں۔ اور اُن کے بچّوں کی زُبان آدھی اشدُودی تھی اور وہ یہُودی زُبان میں بات نہیں کر سکتے تھے بلکہ ہر قَوم کی بولی کے مُطابِق بولتے تھے۔ سو مَیں نے اُن سے جھگڑ کر اُن کو لَعنت کی اور اُن میں سے بعض کو مارا اور اُن کے بال نوچ ڈالے اور اُن کو خُدا کی قَسم کِھلائی کہ تُم اپنی بیٹیاں اُن کے بیٹوں کو نہ دینا اور نہ اپنے بیٹوں کے لِئے اور نہ اپنے لِئے اُن کی بیٹیاں لینا۔ کیا شاہِ اِسرائیل سُلیماؔن نے اِن باتوں سے گُناہ نہیں کِیا؟ اگرچہ اکثر قَوموں میں اُس کی مانِند کوئی بادشاہ نہ تھا اور وہ اپنے خُدا کا پِیارا تھا اور خُدا نے اُسے سارے اِسرائیل کا بادشاہ بنایا تَو بھی اجنبی عَورتوں نے اُسے بھی گُناہ میں پھنسایا۔ سو کیا ہم تُمہاری سُن کر اَیسی بڑی بُرائی کریں کہ اجنبی عَورتوں کو بیاہ کر اپنے خُدا کا گُناہ کریں؟ اور اِلیاسِب سردار کاہِن کے بیٹے یُویدؔع کے بیٹوں میں سے ایک بیٹا حُورونی سنبلّط کا داماد تھا اِس لِئے مَیں نے اُس کو اپنے پاس سے بھگا دِیا۔ اَے میرے خُدا اُن کو یاد کر اِس لِئے کہ اُنہوں نے کہانت کو اور کہانت اور لاویوں کے عہد کو ناپاک کِیا ہے۔ یُوں ہی مَیں نے اُن کو کُل اجنبیوں سے پاک کِیا اور کاہِنوں اور لاویوں کے لِئے اُن کی خِدمت کے مُطابِق۔ اور مُقرّرہ وقتوں پر لکڑی کے ہدئے اور پہلے پَھلوں کے لِئے حلقے مُقرّر کر دِئے۔ اَے میرے خُدا بھلائی کے لِئے مُجھے یاد کر۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں نحمیاہ 13