YouVersion Logo
تلاش

نحمیاہ 1:1-10

نحمیاہ 1:1-10 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

نحمیاہ بِن حکلیاہؔ کے الفاظ: بیسویں سال کے کِسلیو کے مہینے میں جَب مَیں شُوشنؔ کے قلعہ میں تھا۔ تو میرے بھائیوں میں سے ایک جِس کا نام حنانیؔ تھا۔ چند آدمیوں کے ساتھ یہُوداہؔ سے آیا۔ مَیں نے اُس سے پُوچھا کہ وہ یہُودی جو جَلاوطن ہونے سے باقی بچ گیٔے تھے کیسے ہیں اَور یروشلیمؔ کا کیا حال ہے؟ اُنہُوں نے مُجھے بتایا، ”وہ جو جَلاوطنی سے بچ گیٔے ہیں اَور صُوبہ میں رہتے ہیں بڑی مُصیبت اَور ذِلّت میں ہیں۔ یروشلیمؔ کی دیواریں ٹُوٹی پڑی ہیں اَور اُس کے پھاٹک آگ سے جَلا دیئے گیٔے ہیں۔“ جَب مَیں نے یہ باتیں سُنیں تو بیٹھ کر رونے لگا۔ مَیں نے کیٔی دِنوں تک ماتم کیا اَور روزہ رکھا اَور آسمان کے خُدا کے حُضُور دعا کی۔ پھر مَیں نے کہا: ”یَاہوِہ، آسمان کے خُدائے عظیم اَور مُہیب خُدا، جو اَپنے پیار کے عہد کو اُن لوگوں کے ساتھ رکھتے ہیں جو اُن سے مَحَبّت کرتے ہیں اَور اُن کے اَحکام پر عَمل کرتے ہیں۔ اَپنے بندہ کی اِس دُعا کو سُننے کے لیٔے اَپنے کان لگائیں اَور اَپنی آنکھیں کھُلی رکھیں جسے وہ دِن رات آپ کے خادِموں یعنی بنی اِسرائیل کے لیٔے کرتے ہیں۔ مَیں اُن گُناہوں کا اقرار کرتا ہُوں جو ہم اِسرائیلیوں نے، ساتھ ہی میں اَور میرا آبائی خاندان بھی شامل ہے آپ کے خِلاف کئے ہیں۔ ہم نے آپ کے خِلاف بڑی بدی کی ہے۔ یعنی ہم نے اُن اَحکام، قوانین اَور آئین کو نہیں مانا جو آپ نے اَپنے بندہ مَوشہ کو دئیے تھے۔ ”اُن ہدایات کو یاد کریں جو آپ نے اَپنے خادِم مَوشہ کو دی تھیں، ’اگر تُم نافرمانی کروگے تو مَیں تُمہیں تمام قوموں کے درمیان پراگندہ کر دُوں گا۔ لیکن اگر تُم میری طرف پھروگے اَور میرے حُکموں کو مانوگے تو مَیں تمہارے لوگوں کو خواہ وہ زمین پر کہیں بھی جَلاوطن کئے گیٔے ہُوں جمع کرکے اُس جگہ لاؤں گا جسے مَیں نے اَپنے نام کو قائِم رکھنے کے لئے چُناہے۔‘ ”وہ آپ کے خادِم اَور آپ کے لوگ ہیں جنہیں آپ نے اَپنی بڑی قُوّت اَور قوی ہاتھ کے ذریعہ چھُڑایا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں نحمیاہ 1

نحمیاہ 1:1-10 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

ذیل میں نحمیاہ بن حکلیاہ کی رپورٹ درج ہے۔ مَیں ارتخشستا بادشاہ کی حکومت کے 20 ویں سال کِسلیو کے مہینے میں سوسن کے قلعے میں تھا کہ ایک دن میرا بھائی حنانی مجھ سے ملنے آیا۔ اُس کے ساتھ یہوداہ کے چند ایک آدمی تھے۔ مَیں نے اُن سے پوچھا، ”جو یہودی بچ کر جلاوطنی سے یہوداہ واپس گئے ہیں اُن کا کیا حال ہے؟ اور یروشلم شہر کا کیا حال ہے؟“ اُنہوں نے جواب دیا، ”جو یہودی بچ کر جلاوطنی سے یہوداہ واپس گئے ہیں اُن کا بہت بُرا اور ذلت آمیز حال ہے۔ یروشلم کی فصیل اب تک زمین بوس ہے، اور اُس کے تمام دروازے راکھ ہو گئے ہیں۔“ یہ سن کر مَیں بیٹھ کر رونے لگا۔ کئی دن مَیں روزہ رکھ کر ماتم کرتا اور آسمان کے خدا سے دعا کرتا رہا، ”اے رب، آسمان کے خدا، تُو کتنا عظیم اور مہیب خدا ہے! جو تجھے پیار اور تیرے احکام کی پیروی کرتے ہیں اُن کے ساتھ تُو اپنا عہد قائم رکھتا اور اُن پر مہربانی کرتا ہے۔ میری بات سن کر دھیان دے کہ تیرا خادم کس طرح تجھ سے التماس کر رہا ہے۔ دن رات مَیں اسرائیلیوں کے لئے جو تیرے خادم ہیں دعا کرتا ہوں۔ مَیں اقرار کرتا ہوں کہ ہم نے تیرا گناہ کیا ہے۔ اِس میں مَیں اور میرے باپ کا گھرانا بھی شامل ہے۔ ہم نے تیرے خلاف نہایت شریر قدم اُٹھائے ہیں، کیونکہ جو احکام اور ہدایات تُو نے اپنے خادم موسیٰ کو دی تھیں ہم اُن کے تابع نہ رہے۔ لیکن اب وہ کچھ یاد کر جو تُو نے اپنے خادم کو فرمایا، ’اگر تم بےوفا ہو جاؤ تو مَیں تمہیں مختلف قوموں میں منتشر کر دوں گا، لیکن اگر تم میرے پاس واپس آ کر دوبارہ میرے احکام کے تابع ہو جاؤ تو مَیں تمہیں تمہارے وطن میں واپس لاؤں گا، خواہ تم زمین کی انتہا تک کیوں نہ پہنچ گئے ہو۔ مَیں تمہیں اُس جگہ واپس لاؤں گا جسے مَیں نے چن لیا ہے تاکہ میرا نام وہاں سکونت کرے۔‘ اے رب، یہ لوگ تو تیرے اپنے خادم ہیں، تیری اپنی قوم جسے تُو نے اپنی عظیم قدرت اور قوی ہاتھ سے فدیہ دے کر چھڑایا ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں نحمیاہ 1

نحمیاہ 1:1-10 کِتابِ مُقادّس (URD)

نحمیاؔہ بِن حکلیاؔہ کا کلام۔ بِیسویں برس کِسلیو کے مہِینے میں جب مَیں قصرِ سوسن میں تھا تو اَیسا ہُؤا۔ کہ حنانی جو میرے بھائیوں میں سے ایک ہے اور چند آدمی یہُوداؔہ سے آئے اور مَیں نے اُن سے اُن یہُودیوں کے بارے میں جو بچ نِکلے تھے اور اسِیروں میں سے باقی رہے تھے اور یروشلیِم کے بارے میں پُوچھا۔ اُنہوں نے مُجھ سے کہا کہ وہ باقی لوگ جو اسِیری سے چُھوٹ کر اُس صُوبہ میں رہتے ہیں نِہایت مُصِیبت اور ذِلّت میں پڑے ہیں اور یروشلیِم کی فصِیل ٹُوٹی ہُوئی اور اُس کے پھاٹک آگ سے جلے ہُوئے ہیں۔ جب مَیں نے یہ باتیں سُنِیں تو بَیٹھ کر رونے لگا اور کئی دِنوں تک ماتم کرتا رہا اور روزہ رکھّا اور آسمان کے خُدا کے حضُور دُعا کی۔ اور کہا اَے خُداوند آسمان کے خُدا خُدایِ عظِیم و مُہِیب جو اُن کے ساتھ جو تُجھ سے مُحبّت رکھتے اور تیرے حُکموں کو مانتے ہیں عہد و فضل کو قائِم رکھتا ہے مَیں تیری مِنّت کرتا ہُوں۔ کہ تو کان لگا اور اپنی آنکھیں کُھلی رکھ تاکہ تُو اپنے بندہ کی اُس دُعا کو سُنے جو مَیں اب رات دِن تیرے حضُور تیرے بندوں بنی اِسرائیل کے لِئے کرتا ہُوں اور بنی اِسرائیل کی خطاؤں کو جو ہم نے تیرے برخِلاف کِیں مان لیتا ہُوں اور مَیں اور میرے آبائی خاندان دونوں نے گُناہ کِیا ہے۔ ہم نے تیرے خِلاف بڑی بدی کی ہے اور اُن حُکموں اور آئِین اور فرمانوں کو جو تُو نے اپنے بندہ مُوسیٰ کو دِئے نہیں مانا۔ مَیں تیری مِنّت کرتا ہُوں کہ اپنے اُس قَول کو یاد کر جو تُو نے اپنے بندہ مُوسیٰ کو فرمایا کہ اگر تُم نافرمانی کرو تو مَیں تُم کو قَوموں میں تِتربِتر کرُوں گا۔ پر اگر تُم میری طرف پِھر کر میرے حُکموں کو مانو اور اُن پر عمل کرو تو گو تُمہارے آوارہ گرد آسمان کے کناروں پر بھی ہوں مَیں اُن کو وہاں سے اِکٹّھا کر کے اُس مقام میں پُہنچاؤُں گا جِسے مَیں نے چُن لِیا ہے تاکہ اپنا نام وہاں رکُھّوں۔ وہ تو تیرے بندے اور تیرے لوگ ہیں جِن کو تُو نے اپنی بڑی قُدرت اور قوی ہاتھ سے چُھڑایا ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں نحمیاہ 1