YouVersion Logo
تلاش

مرقس 22:3-35

مرقس 22:3-35 کِتابِ مُقادّس (URD)

اور فقِیہہ جو یروشلِیم سے آئے تھے یہ کہتے تھے کہ اُس کے ساتھ بَعَلزؔبُول ہے اور یہ بھی کہ وہ بدرُوحوں کے سردار کی مدد سے بدرُوحوں کو نِکالتا ہے۔ وہ اُن کو پاس بُلا کر اُن سے تمثِیلوں میں کہنے لگا کہ شَیطان کو شَیطان کِس طرح نِکال سکتا ہے؟ اور اگر کِسی سلطنت میں پُھوٹ پڑ جائے تو وہ سلطنت قائِم نہیں رہ سکتی۔ اور اگر کِسی گھر میں پُھوٹ پڑ جائے تو وہ گھر قائِم نہ رہ سکے گا۔ اور اگر شَیطان اپنا ہی مُخالِف ہو کر اپنے میں پُھوٹ ڈالے تو وہ قائِم نہیں رہ سکتا بلکہ اُس کا خاتِمہ ہو جائے گا۔ لیکن کوئی آدمی کِسی زورآور کے گھر میں گُھس کر اُس کے اسباب کو لُوٹ نہیں سکتا جب تک وہ پہلے اُس زورآور کو نہ باندھ لے۔ تب اُس کا گھر لُوٹ لے گا۔ مَیں تُم سے سچ کہتا ہُوں کہ بنی آدمؔ کے سب گُناہ اور جِتنا کُفر وہ بکتے ہیں مُعاف کِیا جائے گا۔ لیکن جو کوئی رُوحُ القُدس کے حق میں کُفربکے وہ ابد تک مُعافی نہ پائے گا بلکہ ابدی گُناہ کا قصُوروار ہے۔ کیونکہ وہ کہتے تھے کہ اُس میں ناپاک رُوح ہے۔ پِھر اُس کی ماں اور اُس کے بھائی آئے اور باہر کھڑے ہو کر اُسے بُلوا بھیجا۔ اور بِھیڑ اُس کے آس پاس بَیٹھی تھی اور اُنہوں نے اُس سے کہا دیکھ تیری ماں اور تیرے بھائی باہر تُجھے پُوچھتے ہیں۔ اُس نے اُن کو یہ جواب دِیا میری ماں اور میرے بھائی کَون ہیں؟ اور اُن پر جو اُس کے گِرد بَیٹھے تھے نظر کر کے کہا دیکھو میری ماں اور میرے بھائی یہ ہیں! کیونکہ جو کوئی خُدا کی مرضی پر چلے وُہی میرا بھائی اور میری بہن اور ماں ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں مرقس 3

مرقس 22:3-35 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

شَریعت کے عالِم جو یروشلیمؔ سے آئےتھے اُن کا کہنا تھا، ”حُضُور عیسیٰ میں بَعل زبُولؔ ہے! اَور یہ بھی کہ وہ بَدرُوحوں کے رہنما کی مدد سے بَدرُوحوں کو نکالتے ہیں۔“ حُضُور عیسیٰ اُنہیں اَپنے پاس بُلاکر اُن سے تمثیلوں میں کہنے لگے: ”شیطان کو خُود شیطان ہی نِکالے یہ کیسے ہو سَکتا ہے؟ اگر کسی سلطنت میں پھُوٹ پڑ جائے، تو اُس کا وُجُود قائِم نہیں رہ سَکتا۔ اگر کسی گھر میں پھُوٹ پڑ جائے، تو وہ قائِم نہیں رہ سَکتا۔ اگر شیطان اَپنے ہی خِلاف لڑنے لگے اَور اُس کے اَپنے اَندر پھُوٹ پڑ جائے، تو وہ بھی قائِم نہیں رہ سَکتا؛ بَلکہ اُس کا خاتِمہ ہو جائے گا۔ درحقیقت، کویٔی شخص کسی زورآور کے گھر میں گھس کر اُس کا سامان نہیں لُوٹ سَکتا جَب تک کہ وہ پہلے اُس زورآور کو باندھ نہ لے۔ تَب ہی وہ اُس گھر کو لُوٹ سکے گا۔ میں تُم سے سچ کہتا ہُوں، اِنسانوں کے سارے گُناہ اَور جِتنا کُفر وہ بکتے ہیں مُعاف کیٔے جایٔیں گے، لیکن پاک رُوح کے خِلاف کُفر بکنے والا ایک اَبدی گُناہ کا مُرتکب ہوتاہے؛ اِس لیٔے وہ ہر گز نہ بَخشا جائے گا۔“ حُضُور عیسیٰ کا اِشارہ اُن ہی کی طرف تھا کیونکہ وہ کہتے تھے، ”حُضُور عیسیٰ میں ایک بَدرُوح ہے۔“ پھر حُضُور عیسیٰ کی ماں اَور اُن کے بھایٔی آ گئے اَور اُنہُوں نے حُضُور عیسیٰ کو باہر بُلوا بھیجا۔ حُضُور کے آس پاس ایک ہُجوم بیَٹھا تھا، لوگوں نے حُضُور کو خبر دی، ”وہ دیکھئے! آپ کی ماں اَور آپ کے بھایٔی اَور بہن باہر کھڑے ہیں اَور آپ سے مُلاقات کرنا چاہتے ہیں۔“ ”میری ماں اَور میرے بھایٔی کون ہیں؟“ حُضُور عیسیٰ نے جَواب دیا۔ حُضُور عیسیٰ نے اَپنے اِردگرد بَیٹھے ہویٔے لوگوں پر نظرڈالی اَور فرمایا، ”یہ ہیں میری ماں اَور میرے بھایٔی اَور بہن! کیونکہ جو کویٔی خُدا کی مرضی پر چلتا ہے وُہی میرا بھایٔی، میری بہن اَور میری ماں ہے۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں مرقس 3

مرقس 22:3-35 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

لیکن شریعت کے جو عالِم یروشلم سے آئے تھے اُنہوں نے کہا، ”یہ بدروحوں کے سردار بعل زبول کے قبضے میں ہے۔ اُسی کی مدد سے بدروحوں کو نکال رہا ہے۔“ پھر عیسیٰ نے اُنہیں اپنے پاس بُلا کر تمثیلوں میں جواب دیا۔ ”ابلیس کس طرح ابلیس کو نکال سکتا ہے؟ جس بادشاہی میں پھوٹ پڑ جائے وہ قائم نہیں رہ سکتی۔ اور جس گھرانے کی ایسی حالت ہو وہ بھی قائم نہیں رہ سکتا۔ اِسی طرح اگر ابلیس اپنے آپ کی مخالفت کرے اور یوں اُس میں پھوٹ پڑ جائے تو وہ قائم نہیں رہ سکتا بلکہ ختم ہو چکا ہے۔ کسی زورآور آدمی کے گھر میں گھس کر اُس کا مال و اسباب لُوٹنا اُس وقت تک ممکن نہیں ہے جب تک اُس آدمی کو باندھا نہ جائے۔ پھر ہی اُسے لُوٹا جا سکتا ہے۔ مَیں تم سے سچ کہتا ہوں کہ لوگوں کے تمام گناہ اور کفر کی باتیں معاف کی جا سکیں گی، خواہ وہ کتنا ہی کفر کیوں نہ بکیں۔ لیکن جو روح القدس کے خلاف کفر بکے اُسے ابد تک معافی نہیں ملے گی۔ وہ ایک ابدی گناہ کا قصوروار ٹھہرے گا۔“ عیسیٰ نے یہ اِس لئے کہا کیونکہ عالِم کہہ رہے تھے کہ وہ کسی بدروح کی گرفت میں ہے۔ پھر عیسیٰ کی ماں اور بھائی پہنچ گئے۔ باہر کھڑے ہو کر اُنہوں نے کسی کو اُسے بُلانے کو بھیج دیا۔ اُس کے ارد گرد ہجوم بیٹھا تھا۔ اُنہوں نے کہا، ”آپ کی ماں اور بھائی باہر آپ کو بُلا رہے ہیں۔“ عیسیٰ نے پوچھا، ”کون میری ماں اور کون میرے بھائی ہیں؟“ اور اپنے گرد بیٹھے لوگوں پر نظر ڈال کر اُس نے کہا، ”دیکھو، یہ میری ماں اور میرے بھائی ہیں۔ جو بھی اللہ کی مرضی پوری کرتا ہے وہ میرا بھائی، میری بہن اور میری ماں ہے۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں مرقس 3