YouVersion Logo
تلاش

مرقس 1:12-12

مرقس 1:12-12 کِتابِ مُقادّس (URD)

پِھر وہ اُن سے تمثِیلوں میں باتیں کرنے لگا کہ ایک شخص نے تاکِستان لگایا اور اُس کی چاروں طرف اِحاطہ گھیرا اور حَوض کھودا اور بُرج بنایا اور اُسے باغبانوں کو ٹھیکے پر دے کر پردیس چلا گیا۔ پِھر پَھل کے مَوسم میں اُس نے ایک نَوکر کو باغبانوں کے پاس بھیجا تاکہ باغبانوں سے تاکِستان کے پَھلوں کا حِصّہ لے لے۔ لیکن اُنہوں نے اُسے پکڑ کر پِیٹا اور خالی ہاتھ لَوٹا دِیا۔ اُس نے پِھر ایک اَور نَوکر کو اُن کے پاس بھیجا مگر اُنہوں نے اُس کا سر پھوڑ دِیا اور بے عِزّت کِیا۔ پِھر اُس نے ایک اَور کو بھیجا۔ اُنہوں نے اُسے قتل کِیا۔ پِھر اَور بُہتیروں کو بھیجا۔ اُنہوں نے اُن میں سے بعض کو پِیٹا اور بعض کو قتل کِیا۔ اب ایک باقی تھا جو اُس کا پیارا بیٹا تھا اُس نے آخِر اُسے اُن کے پاس یہ کہہ کر بھیجا کہ وہ میرے بیٹے کا تو لِحاظ کریں گے۔ لیکن اُن باغبانوں نے آپس میں کہا یِہی وارِث ہے۔ آؤ اِسے قتل کر ڈالیں۔ مِیراث ہماری ہو جائے گی۔ پس اُنہوں نے اُسے پکڑ کر قتل کِیا اور تاکِستان کے باہر پَھینک دِیا۔ اب تاکِستان کا مالِک کیا کرے گا؟ وہ آئے گا اور اُن باغبانوں کو ہلاک کر کے تاکِستان اَوروں کو دے دے گا۔ کیا تُم نے یہ نوِشتہ بھی نہیں پڑھا کہ جِس پتّھر کو مِعماروں نے ردّ کِیا وُہی کونے کے سِرے کا پتّھر ہو گیا۔ یہ خُداوند کی طرف سے ہُؤا اور ہماری نظر میں عجِیب ہے؟ اِس پر وہ اُسے پکڑنے کی کوشِش کرنے لگے مگر لوگوں سے ڈرے کیونکہ وہ سمجھ گئے تھے کہ اُس نے یہ تمثِیل اُن ہی پر کہی۔ پس وہ اُسے چھوڑ کر چلے گئے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں مرقس 12

مرقس 1:12-12 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

حُضُور عیسیٰ اُنہیں تمثیلوں کے ذریعہ تعلیم دینے لگے: ”ایک شخص نے انگوری باغ لگایا۔ اَور اُس کے چاروں طرف احاطہ کھڑا کیا، اُس میں انگوروں کا رس نکالنے کے لیٔے ایک حوض کھودا اَور نگہبانی کے لیٔے ایک بُرج بھی بنایا۔ اَور تَب اُس نے انگوری باغ کاشت کاروں کو ٹھیکہ پردے دیا اَور خُود پردیس چَلا گیا۔“ جَب انگور توڑنے کا موسم آیا تو اُس نے ایک خادِم کو ٹھیکیداروں کے پاس انگوری باغ کے پھلوں سے اَپنا حِصّہ لینے بھیجا۔ لیکن اُنہُوں نے اُسے پکڑکر، اُس کو خُوب پِیٹا اَور خالی ہاتھ لَوٹا دیا۔ تَب اُس نے ایک اَور خادِم کو بھیجا؛ لیکن اُنہُوں نے اُس کی خُوب بے عزّتی کی یہاں تک کہ اُس کا سَر بھی پھوڑ ڈالا۔ اُنہُوں نے ایک اَور خادِم کو بھیجا، جسے اُنہُوں نے قتل کر ڈالا۔ بعد میں اُس نے کیٔی اَور خادِموں کو بھیجے؛ جنہیں یا تو پِیٹا گیا، یا قتل کر دیا گیا۔ ”لیکن ابھی ایک باقی تھا، یعنی اُس کا اَپنا بیٹا، جسے وہ بہت ہی پیار کرتاتھا۔ اُس نے سَب سے آخِر میں، اُسے یہ کہتے ہویٔے بھیجا، ’وہ میرے بیٹے کا تو ضروُر اِحترام کریں گے۔‘  ”مگر ٹھیکیداروں نے اُسے دیکھا تو ایک دُوسرے سے کہنے لگے، ’یہی وارِث ہے۔ آؤ، ہم اِسے قتل کر دیں، تاکہ مِیراث ہماری ہو جائے۔‘ “ پس اُنہُوں نے اُسے انگوری باغ سے باہر نکال کر قتل کر ڈالا۔ ”اَب انگوری باغ کا مالک اُن کے ساتھ کس طرح پیش آئے گا؟ وہ آکر اُن ٹھیکیداروں کو ہلاک کرے گا اَور انگوری باغ اَوروں کے سُپرد کر دے گا۔ کیاتُم نے کِتاب مُقدّس میں نہیں پڑھا: ” ’جِس پتّھر کو مِعماروں نے ردّ کر دیا وُہی کونے کے سِرے کا پتّھر ہو گئے؛ یہ کام خُداوؔند نے کیا ہے، اَور ہماری نظر میں یہ تعجُّب اَنگیز ہے‘؟“ تَب اہم کاہِنؔوں، شَریعت کے عالِموں اَور بُزرگوں نے اُنہیں گِرفتار کرنے کا راستہ تلاش کیا کیونکہ وہ جانتے تھے کہ حُضُور نے اُن ہی کے لیٔے یہ مثال کہی ہے۔ لیکن وہ ہُجوم سے خوفزدہ تھے؛ تَب وہ آپ کو چھوڑکر چلے گیٔے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں مرقس 12

مرقس 1:12-12 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

پھر وہ تمثیلوں میں اُن سے بات کرنے لگا۔ ”کسی آدمی نے انگور کا ایک باغ لگایا۔ اُس نے اُس کی چاردیواری بنائی، انگوروں کا رس نکالنے کے لئے ایک گڑھے کی کھدائی کی اور پہرے داروں کے لئے بُرج تعمیر کیا۔ پھر وہ اُسے مزارعوں کے سپرد کر کے بیرونِ ملک چلا گیا۔ جب انگور پک گئے تو اُس نے اپنے نوکر کو مزارعوں کے پاس بھیج دیا تاکہ وہ اُن سے مالک کا حصہ وصول کرے۔ لیکن مزارعوں نے اُسے پکڑ کر اُس کی پٹائی کی اور اُسے خالی ہاتھ لوٹا دیا۔ پھر مالک نے ایک اَور نوکر کو بھیج دیا۔ لیکن اُنہوں نے اُس کی بھی بےعزتی کر کے اُس کا سر پھوڑ دیا۔ جب مالک نے تیسرے نوکر کو بھیجا تو اُنہوں نے اُسے مار ڈالا۔ یوں اُس نے کئی ایک کو بھیجا۔ بعض کو اُنہوں نے مارا پیٹا، بعض کو قتل کیا۔ آخرکار صرف ایک باقی رہ گیا تھا۔ وہ تھا اُس کا پیارا بیٹا۔ اب اُس نے اُسے بھیج کر کہا، ’آخر میرے بیٹے کا تو لحاظ کریں گے۔‘ لیکن مزارع ایک دوسرے سے کہنے لگے، ’یہ زمین کا وارث ہے۔ آؤ ہم اِسے مار ڈالیں تو پھر اِس کی میراث ہماری ہی ہو گی۔‘ اُنہوں نے اُسے پکڑ کر قتل کیا اور باغ سے باہر پھینک دیا۔ اب بتاؤ، باغ کا مالک کیا کرے گا؟ وہ جا کر مزارعوں کو ہلاک کرے گا اور باغ کو دوسروں کے سپرد کر دے گا۔ کیا تم نے کلامِ مُقدّس کا یہ حوالہ نہیں پڑھا، ’جس پتھر کو مکان بنانے والوں نے رد کیا وہ کونے کا بنیادی پتھر بن گیا۔ یہ رب نے کیا اور دیکھنے میں کتنا حیرت انگیز ہے‘۔“ اِس پر دینی راہنماؤں نے عیسیٰ کو گرفتار کرنے کی کوشش کی، کیونکہ وہ سمجھ گئے تھے کہ تمثیل میں بیان شدہ مزارع ہم ہی ہیں۔ لیکن وہ ہجوم سے ڈرتے تھے، اِس لئے وہ اُسے چھوڑ کر چلے گئے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں مرقس 12