YouVersion Logo
تلاش

مرقس 46:10-52

مرقس 46:10-52 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

پھر وہ یریحوؔ شہر میں آئے۔ اَور جَب وہ اَور اُن کے شاگرد بَڑے ہُجوم کے ہمراہ، یریحوؔ شہر سے باہر نِکل رہے تھے، تو ایک اَندھا بھکاری، برتماؔئی (”یعنی تِمائی کا بیٹا“)، راہ کے کنارے بیَٹھا ہُوا بھیک مانگ رہاتھا۔ جُوں ہی اُسے پتہ چَلا کہ حُضُور عیسیٰ ناصری وہاں ہیں، وہ زور سے چِلّانے لگا، ”اَے اِبن داؤؔد، حُضُور عیسیٰ، مُجھ پر رحم کیجئے!“ لوگ اُسے ڈانٹنے لگے کہ خاموش ہو جاؤ، مگر وہ اَور بھی زِیادہ چِلّانے لگا، ”اَے اِبن داؤؔد، مُجھ پر رحم کیجئے!“ حُضُور عیسیٰ رُکے اَور حُکم دیا، ”اُسے بلاؤ۔“ چنانچہ اُنہُوں نے اَندھے کو آواز دی اَور کہا، ”خُوشی مناؤ! اُٹھو! حُضُور تُمہیں بُلا رہے ہیں۔“ اُس نے اَپنی چادر اُتار پھینکی، اَور اُچھل کر کھڑا ہو گیا اَور حُضُور عیسیٰ کے پاس آ گیا۔ حُضُور عیسیٰ نے اُس سے پُوچھا بتاؤ، ”تُم کیا چاہتے ہو کہ میں تمہارے لیٔے کروں؟“ اَندھے نے جَواب دیا، ”اَے ربّی، میں چاہتا ہُوں کہ میں دیکھنے لگوں۔“ حُضُور عیسیٰ نے اُس سے کہا، ”جاؤ، تمہارے ایمان نے تُمہیں شفا بخشی۔“ اُسی دَم اُس اَندھے کی آنکھوں میں رَوشنی واپس آ گئی اَور وہ حُضُور عیسیٰ کا پیروکاربن گیا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں مرقس 10

مرقس 46:10-52 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

وہ یریحو پہنچ گئے۔ اُس میں سے گزر کر عیسیٰ شاگردوں اور ایک بڑے ہجوم کے ساتھ باہر نکلنے لگا۔ وہاں ایک اندھا بھیک مانگنے والا راستے کے کنارے بیٹھا تھا۔ اُس کا نام برتمائی (تمائی کا بیٹا) تھا۔ جب اُس نے سنا کہ عیسیٰ ناصری قریب ہی ہے تو وہ چلّانے لگا، ”عیسیٰ ابنِ داؤد، مجھ پر رحم کریں!“ بہت سے لوگوں نے اُسے ڈانٹ کر کہا، ”خاموش!“ لیکن وہ مزید اونچی آواز سے پکارتا رہا، ”ابنِ داؤد، مجھ پر رحم کریں!“ عیسیٰ رُک کر بولا، ”اُسے بُلاؤ۔“ چنانچہ اُنہوں نے اُسے بُلا کر کہا، ”حوصلہ رکھ۔ اُٹھ، وہ تجھے بُلا رہا ہے۔“ برتمائی نے اپنی چادر زمین پر پھینک دی اور اُچھل کر عیسیٰ کے پاس آیا۔ عیسیٰ نے پوچھا، ”تُو کیا چاہتا ہے کہ مَیں تیرے لئے کروں؟“ اُس نے جواب دیا، ”اُستاد، یہ کہ مَیں دیکھ سکوں۔“ عیسیٰ نے کہا، ”جا، تیرے ایمان نے تجھے بچا لیا ہے۔“ جوں ہی عیسیٰ نے یہ کہا اندھے کی آنکھیں بحال ہو گئیں اور وہ عیسیٰ کے پیچھے چلنے لگا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں مرقس 10

مرقس 46:10-52 کِتابِ مُقادّس (URD)

اور وہ یرِیحُو میں آئے اور جب وہ اور اُس کے شاگِرد اور ایک بڑی بِھیڑ یرِیحُو سے نِکلتی تھی تو تِماؔئی کا بیٹا برتِماؔئی اندھا فقِیر راہ کے کنارے بَیٹھا ہُؤا تھا۔ اور یہ سُن کر کہ یِسُوعؔ ناصری ہے چِلاّ چِلاّ کر کہنے لگا اَے اِبنِ داؤُد! اَے یِسُوعؔ! مُجھ پر رحم کر۔ اور بُہتوں نے اُسے ڈانٹا کہ چُپ رہے مگر وہ اَور بھی زِیادہ چِلاّیا کہ اَے اِبنِ داؤُد مُجھ پر رحم کر! یِسُوعؔ نے کھڑے ہو کر کہا اُسے بُلاؤ۔ پس اُنہوں نے اُس اندھے کو یہ کہہ کر بُلایا کہ خاطِر جمع رکھ۔ اُٹھ وہ تُجھے بُلاتا ہے۔ وہ اپنا کپڑا پھینک کر اُچھل پڑا اور یِسُوع کے پاس آیا۔ یِسُوعؔ نے اُس سے کہا تُو کیا چاہتا ہے کہ مَیں تیرے لِئے کرُوں؟ اندھے نے اُس سے کہا اَے ربّونی! یہ کہ مَیں بِینا ہو جاؤں۔ یِسُوعؔ نے اُس سے کہا جا تیرے اِیمان نے تُجھے اچّھا کر دِیا۔ وہ فی الفَور بِینا ہو گیا اور راہ میں اُس کے پِیچھے ہو لِیا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں مرقس 10