مرقس 29:1-45
مرقس 29:1-45 کِتابِ مُقادّس (URD)
اور وہ فی الفَور عِبادت خانہ سے نِکل کر یعقُوبؔ اور یُوحنّا کے ساتھ شمعُوؔن اور اندرؔیاس کے گھر آئے۔ شمعُوؔن کی ساس تپ میں پڑی تھی اور اُنہوں نے فی الفَور اُس کی خبر اُسے دی۔ اُس نے پاس جا کر اور اُس کا ہاتھ پکڑ کر اُسے اُٹھایا اور تَپ اُس پر سے اُتر گئی اور وہ اُن کی خِدمت کرنے لگی۔ شام کو جب سُورج ڈُوب گیا تو لوگ سب بِیماروں کو اور اُن کو جِن میں بدرُوحیں تِھیں اُس کے پاس لائے۔ اور سارا شہر دروازہ پر جمع ہو گیا۔ اور اُس نے بُہتوں کو جو طرح طرح کی بِیمارِیوں میں گرِفتار تھے اچّھا کِیا اور بُہت سی بدرُوحوں کو نِکالا اور بدرُوحوں کو بولنے نہ دِیا کیونکہ وہ اُسے پہچانتی تِھیں۔ اور صُبح ہی دِن نِکلنے سے بُہت پہلے وہ اُٹھ کر نِکلا اور ایک وِیران جگہ میں گیا اور وہاں دُعا کی۔ اور شمعُوؔن اور اُس کے ساتھی اُس کے پِیچھے گئے۔ اور جب وہ مِلا تو اُس سے کہا کہ سب لوگ تُجھے ڈُھونڈ رہے ہیں۔ اُس نے اُن سے کہا آؤ ہم اَور کہِیں آس پاس کے شہروں میں چلیں تاکہ مَیں وہاں بھی مُنادی کرُوں کیونکہ مَیں اِسی لِئے نِکلا ہُوں۔ اور وہ تمام گلِیل میں اُن کے عِبادت خانوں میں جا جا کر مُنادی کرتا اور بدرُوحوں کو نِکالتا رہا۔ اور ایک کوڑھی نے اُس کے پاس آ کر اُس کی مِنّت کی اور اُس کے سامنے گُھٹنے ٹیک کر اُس سے کہا اگر تُو چاہے تو مُجھے پاک صاف کر سکتا ہے۔ اُس نے اُس پر ترس کھا کر ہاتھ بڑھایا اور اُسے چُھو کر اُس سے کہا مَیں چاہتا ہُوں۔ تُو پاک صاف ہو جا۔ اور فی الفَور اُس کا کوڑھ جاتا رہا اور وہ پاک صاف ہو گیا۔ اور اُس نے اُسے تاکِید کر کے فی الفَور رُخصت کِیا۔ اور اُس سے کہا خبردار کِسی سے کُچھ نہ کہنا مگر جا کر اپنے تئِیں کاہِن کو دِکھا اور اپنے پاک صاف ہو جانے کی بابت اُن چِیزوں کو جو مُوسیٰ نے مُقرّر کِیں نذر گُذران تاکہ اُن کے لِئے گواہی ہو۔ لیکن وہ باہر جا کر بُہت چرچا کرنے لگا اور اِس بات کو اَیسا مشہُور کِیا کہ یِسُوعؔ شہر میں پِھر ظاہِراً داخِل نہ ہو سکا بلکہ باہر وِیران مقاموں میں رہا اور لوگ چاروں طرف سے اُس کے پاس آتے تھے۔
مرقس 29:1-45 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
یہُودی عبادت گاہ سے باہر نکلتے ہی وہ یعقوب اَور یُوحنّؔا کے ساتھ سیدھے شمعُونؔ اَور اَندریاسؔ کے گھر گیٔے۔ اُس وقت شمعُونؔ کی ساس تیز بُخار میں مُبتلا تھیں، دیر کیٔے بغیر آپ کو اُس کے بارے میں بتایا۔ حُضُور عیسیٰ نے پاس جا کر شمعُونؔ کی ساس کا ہاتھ پکڑا اَور اُنہیں اُٹھایا، اُن کا بُخار اُسی دَم اُتر گیا اَور وہ اُن کی خدمت میں لگ گئیں۔ شام کے وقت سُورج ڈُوبتے ہی لوگ وہاں کے سَب مَریضوں کو اَور اُنہیں جِن میں بَدرُوحیں تھیں، حُضُور عیسیٰ کے پاس لانے لگے۔ یہاں تک کہ سارا شہر دروازہ کے پاس جمع ہو گیا، حُضُور عیسیٰ نے بہت سے لوگوں کو اُن کی مُختلف بیماریوں سے شفا بخشی۔ اَور بہت سِی بَدرُوحوں کو نکالا، مگر آپ بَدرُوحوں کو بولنے نہ دیتے تھے کیونکہ بَدرُوحیں اُن کو پہچانتی تھیں۔ اگلے دِن صُبح سویرے جَب کہ اَندھیرا ہی تھا، حُضُور عیسیٰ اُٹھے، اَور گھر سے باہر ایک ویران جگہ میں جا کر، دعا کرنے لگے۔ شمعُونؔ اَور اُن کے دُوسرے ساتھی اُن کی تلاش میں نکلے، جَب آپ اُنہیں مِل گئے، تو وہ سَب کہنے لگے، ”سبھی آپ کو ڈُھونڈ رہے ہیں!“ حُضُور عیسیٰ نے کہا، ”آؤ! ہم کہیں اَور آس پاس کے قصبوں میں چلیں تاکہ میں وہاں بھی مُنادی کروں کیونکہ میں اِسی مقصد کے لیٔے نکلا ہُوں۔“ چنانچہ وہ سارے صُوبہ گلِیل، میں، گھوم پھر کر اُن کے یہُودی عبادت گاہوں میں مُنادی کرتے رہے اَور بَدرُوحوں کو نکالتے رہے۔ ایک کوڑھی حُضُور عیسیٰ کے پاس آیا اَور گُھٹنے ٹیک کر آپ سے مِنّت کرنے لگا، ”اگر آپ چاہیں تو مُجھے کوڑھ سے پاک کرسکتے ہیں۔“ حُضُور عیسیٰ نے اُس کوڑھی پر ترس کھا کر اَپنا ہاتھ بڑھا کر اُسے چھُوا اَور فرمایا، ”میں چاہتا ہُوں، تُم پاک صَاف ہو جاؤ!“ اُسی دَم اُس کا کوڑھ جاتا رہا اَور وہ پاک ہو گیا۔ حُضُور عیسیٰ نے اُسے فوراً وہاں سے سخت تنبیہ کرتے ہویٔے رخصت کیا، ”خبردار اِس کا ذِکر، کسی سے نہ کرنا۔ بَلکہ سیدھے کاہِنؔ کے پاس جا کر، اَپنے آپ کو دِکھاؤ اَور اَپنے ساتھ وہ نذریں بھی لے جانا جو حضرت مُوسیٰ نے مُقرّر کی ہیں تاکہ سَب پر گواہی ہو، جائے کہ تُم پاک ہو گئے ہو۔“ لیکن وہ وہاں سے نِکل کر ہر کسی سے اِس بات کااِتنا، چَرچا کرنے لگا۔ آئندہ، حُضُور عیسیٰ کسی شہر میں ظاہری طور پر داخل نہ ہو سکے بَلکہ شہر سے باہر ویران جگہوں میں رہنے لگے۔ اَور پھر بھی لوگ ہر جگہ سے آپ کے پاس آتے رہتے تھے۔
مرقس 29:1-45 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
عبادت خانے سے نکلنے کے عین بعد وہ یعقوب اور یوحنا کے ساتھ شمعون اور اندریاس کے گھر گئے۔ وہاں شمعون کی ساس بستر پر پڑی تھی، کیونکہ اُسے بخار تھا۔ اُنہوں نے عیسیٰ کو بتا دیا تو وہ اُس کے نزدیک گیا۔ اُس کا ہاتھ پکڑ کر اُس نے اُٹھنے میں اُس کی مدد کی۔ اِس پر بخار اُتر گیا اور وہ اُن کی خدمت کرنے لگی۔ جب شام ہوئی اور سورج غروب ہوا تو لوگ تمام مریضوں اور بدروح گرفتہ اشخاص کو عیسیٰ کے پاس لائے۔ پورا شہر دروازے پر جمع ہو گیا اور عیسیٰ نے بہت سے مریضوں کو مختلف قسم کی بیماریوں سے شفا دی۔ اُس نے بہت سی بدروحیں بھی نکال دیں، لیکن اُس نے اُنہیں بولنے نہ دیا، کیونکہ وہ جانتی تھیں کہ وہ کون ہے۔ اگلے دن صبح سویرے جب ابھی اندھیرا ہی تھا تو عیسیٰ اُٹھ کر دعا کرنے کے لئے کسی ویران جگہ چلا گیا۔ بعد میں شمعون اور اُس کے ساتھی اُسے ڈھونڈنے نکلے۔ جب معلوم ہوا کہ وہ کہاں ہے تو اُنہوں نے اُس سے کہا، ”تمام لوگ آپ کو تلاش کر رہے ہیں!“ لیکن عیسیٰ نے جواب دیا، ”آؤ، ہم ساتھ والی آبادیوں میں جائیں تاکہ مَیں وہاں بھی منادی کروں۔ کیونکہ مَیں اِسی مقصد سے نکل آیا ہوں۔“ چنانچہ وہ پورے گلیل میں سے گزرتا ہوا عبادت خانوں میں منادی کرتا اور بدروحوں کو نکالتا رہا۔ ایک آدمی عیسیٰ کے پاس آیا جو کوڑھ کا مریض تھا۔ گھٹنوں کے بل جھک کر اُس نے منت کی، ”اگر آپ چاہیں تو مجھے پاک صاف کر سکتے ہیں۔“ عیسیٰ کو ترس آیا۔ اُس نے اپنا ہاتھ بڑھا کر اُسے چھوا اور کہا، ”مَیں چاہتا ہوں، پاک صاف ہو جا۔“ اِس پر بیماری فوراً دُور ہو گئی اور وہ پاک صاف ہو گیا۔ عیسیٰ نے اُسے فوراً رُخصت کر کے سختی سے سمجھایا، ”خبردار! یہ بات کسی کو نہ بتانا بلکہ بیت المُقدّس میں امام کے پاس جا تاکہ وہ تیرا معائنہ کرے۔ اپنے ساتھ وہ قربانی لے جا جس کا تقاضا موسیٰ کی شریعت اُن سے کرتی ہے جنہیں کوڑھ سے شفا ملی ہو۔ یوں علانیہ تصدیق ہو جائے گی کہ تُو واقعی پاک صاف ہو گیا ہے۔“ آدمی چلا گیا، لیکن وہ ہر جگہ اپنی کہانی سنانے لگا۔ اُس نے یہ خبر اِتنی پھیلائی کہ عیسیٰ کھلے طور پر کسی بھی شہر میں داخل نہ ہو سکا بلکہ اُسے ویران جگہوں میں رہنا پڑا۔ لیکن وہاں بھی لوگ ہر جگہ سے اُس کے پاس پہنچ گئے۔