متی 7:6-15
متی 7:6-15 کِتابِ مُقادّس (URD)
اور دُعا کرتے وقت غَیر قَوموں کے لوگوں کی طرح بَک بَک نہ کرو کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ ہمارے بُہت بولنے کے سبب سے ہماری سُنی جائے گی۔ پس اُن کی مانِند نہ بنو کیونکہ تُمہارا باپ تُمہارے مانگنے سے پہلے ہی جانتا ہے کہ تُم کِن کِن چِیزوں کے مُحتاج ہو۔ پس تُم اِس طرح دُعا کِیا کرو کہ اَے ہمارے باپ تُو جو آسمان پر ہے تیرا نام پاک مانا جائے۔ تیری بادشاہی آئے۔ تیری مرضی جَیسی آسمان پر پُوری ہوتی ہے زمِین پر بھی ہو۔ ہماری روز کی روٹی آج ہمیں دے۔ اور جِس طرح ہم نے اپنے قرض داروں کو مُعاف کِیا ہے تُو بھی ہمارے قرض ہمیں مُعاف کر۔ اور ہمیں آزمایش میں نہ لا بلکہ بُرائی سے بچا (کیونکہ بادشاہی اور قُدرت اور جلال ہمیشہ تیرے ہی ہیں۔ آمِین)۔ اِس لِئے کہ اگر تُم آدمِیوں کے قصُور مُعاف کرو گے تو تُمہارا آسمانی باپ بھی تُم کو مُعاف کرے گا۔ اور اگر تُم آدمِیوں کے قصُور مُعاف نہ کرو گے تو تُمہارا باپ بھی تُمہارے قصُور مُعاف نہ کرے گا۔
متی 7:6-15 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
اَور جَب تُم دعا کرو، تو غَیریہُودیوں کی طرح بےمطلب لگاتار مت بُڑبُڑاؤ۔ کیونکہ وہ یہ سمجھتے ہیں کہ اُن کے بہت بولنے کی وجہ سے اُن کی سُنی جائے گی۔ پس اُن کی مانِند نہ بنو کیونکہ تمہارا آسمانی باپ تمہارے مانگنے سے پہلے ہی تمہاری ضرورتوں کو جانتا ہے۔ ”چنانچہ، تُم اِس طرح سے دعا کیا کرو: ” ’اَے ہمارے باپ! آپ جو آسمان میں ہیں، آپ کا نام پاک مانا جائے، آپ کی بادشاہی آئے، جَیسے آپ کی مرضی آسمان پر پُوری ہوتی ہے، وَیسے ہی زمین پر بھی ہو۔ روز کی روٹی ہماری آج ہم کو دیجئے۔ اَور جِس طرح ہم نے اَپنے قُصُورواروں کو مُعاف کیا ہے، وَیسے ہی آپ بھی ہمارے قُصُوروں کو مُعاف کیجئے۔ اَور ہمیں آزمائش میں نہ پڑنے دیں، بَلکہ اُس شریر سے بچائیں۔‘ کیونکہ بادشاہی، قُدرت اَور جلال، ہمیشہ آپ ہی کی ہیں۔ آمین۔ اگر تُم دُوسروں کے قُصُور مُعاف کروگے تو تمہارا آسمانی باپ بھی تُمہیں مُعاف کرےگا اَور اگر تُم دُوسروں کے قُصُور مُعاف نہ کروگے تو تمہارا باپ بھی تمہارے گُناہ مُعاف نہ کرےگا۔
متی 7:6-15 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
دعا کرتے وقت غیریہودیوں کی طرح طویل اور بےمعنی باتیں نہ دہراتے رہو۔ وہ سمجھتے ہیں کہ ہماری بہت سی باتوں کے سبب سے ہماری سنی جائے گی۔ اُن کی مانند نہ بنو، کیونکہ تمہارا باپ پہلے سے تمہاری ضروریات سے واقف ہے، بلکہ یوں دعا کیا کرو، اے ہمارے آسمانی باپ، تیرا نام مُقدّس مانا جائے۔ تیری بادشاہی آئے۔ تیری مرضی جس طرح آسمان میں پوری ہوتی ہے زمین پر بھی پوری ہو۔ ہماری روز کی روٹی آج ہمیں دے۔ ہمارے گناہوں کو معاف کر جس طرح ہم نے اُنہیں معاف کیا جنہوں نے ہمارا گناہ کیا ہے۔ اور ہمیں آزمائش میں نہ پڑنے دے بلکہ ہمیں ابلیس سے بچائے رکھ۔ [کیونکہ بادشاہی، قدرت اور جلال ابد تک تیرے ہی ہیں۔] کیونکہ جب تم لوگوں کے گناہ معاف کرو گے تو تمہارا آسمانی باپ بھی تم کو معاف کرے گا۔ لیکن اگر تم اُنہیں معاف نہ کرو تو تمہارا باپ بھی تمہارے گناہ معاف نہیں کرے گا۔