YouVersion Logo
تلاش

متی 17:5-30

متی 17:5-30 کِتابِ مُقادّس (URD)

یہ نہ سمجھو کہ مَیں تَورَیت یا نبِیوں کی کِتابوں کو منسُوخ کرنے آیا ہُوں۔ منسُوخ کرنے نہیں بلکہ پُورا کرنے آیا ہُوں۔ کیونکہ مَیں تُم سے سچ کہتا ہُوں کہ جب تک آسمان اور زمِین ٹل نہ جائیں ایک نُقطہ یا ایک شوشہ تَورَیت سے ہرگِز نہ ٹلے گا جب تک سب کُچھ پُورا نہ ہو جائے۔ پس جو کوئی اِن چھوٹے سے چھوٹے حُکموں میں سے بھی کِسی کو توڑے گا اور یہی آدمِیوں کو سِکھائے گا وہ آسمان کی بادشاہی میں سب سے چھوٹا کہلائے گا لیکن جو اُن پر عمل کرے گا اور اُن کی تعلِیم دے گا وہ آسمان کی بادشاہی میں بڑا کہلائے گا۔ کیونکہ مَیں تُم سے کہتا ہُوں کہ اگر تُمہاری راست بازی فقِیہوں اور فرِیسِیوں کی راست بازی سے زِیادہ نہ ہو گی تو تُم آسمان کی بادشاہی میں ہرگِز داخِل نہ ہو گے۔ تُم سُن چُکے ہو کہ اگلوں سے کہا گیا تھا کہ خُون نہ کرنا اور جو کوئی خُون کرے گا وہ عدالت کی سزا کے لائِق ہو گا۔ لیکن مَیں تُم سے یہ کہتا ہُوں کہ جو کوئی اپنے بھائی پر غُصّے ہو گا وہ عدالت کی سزا کے لائِق ہو گا اور جو کوئی اپنے بھائی کو پاگل کہے گا وہ صدرعدالت کی سزا کے لائِق ہو گا اور جو اُس کو احمق کہے گا وہ آتشِ جہنّم کا سزاوار ہو گا۔ پس اگر تُو قُربان گاہ پر اپنی نذر گُذرانتا ہو اور وہاں تُجھے یاد آئے کہ میرے بھائی کو مُجھ سے کُچھ شِکایت ہے۔ تو وہیں قُربان گاہ کے آگے اپنی نذر چھوڑ دے اور جا کر پہلے اپنے بھائی سے مِلاپ کر۔ تب آ کر اپنی نذر گُذران۔ جب تک تُو اپنے مُدّعی کے ساتھ راہ میں ہے اُس سے جلد صُلح کر لے۔ کہِیں اَیسا نہ ہو کہ مُدّعی تُجھے مُنصِف کے حوالہ کر دے اور مُنصِف تُجھے سِپاہی کے حوالہ کر دے اور تُو قَید خانہ میں ڈالا جائے۔ مَیں تُجھ سے سچ کہتا ہُوں کہ جب تک تُو کَوڑی کَوڑی ادا نہ کر دے گا وہاں سے ہرگِز نہ چُھوٹے گا۔ تُم سُن چُکے ہو کہ کہا گیا تھا کہ زِنا نہ کرنا۔ لیکن مَیں تُم سے یہ کہتا ہُوں کہ جِس کِسی نے بُری خواہِش سے کِسی عَورت پر نِگاہ کی وہ اپنے دِل میں اُس کے ساتھ زِنا کر چُکا۔ پس اگر تیری دہنی آنکھ تُجھے ٹھوکر کِھلائے تو اُسے نِکال کر اپنے پاس سے پَھینک دے کیونکہ تیرے لِئے یِہی بِہتر ہے کہ تیرے اعضا میں سے ایک جاتا رہے اور تیرا سارا بدن جہنّم میں نہ ڈالا جائے۔ اور اگر تیرا دہنا ہاتھ تُجھے ٹھوکر کِھلائے تو اُس کو کاٹ کر اپنے پاس سے پَھینک دے کیونکہ تیرے لِئے یِہی بِہتر ہے کہ تیرے اعضا میں سے ایک جاتا رہے اور تیرا سارا بدن جہنّم میں نہ جائے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں متی 5

متی 17:5-30 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

”یہ نہ سمجھو کہ میں توریت یا نبیوں کی کِتابوں کو منسُوخ کرنے آیا ہُوں؛ میں اُنہیں منسُوخ کرنے نہیں لیکن پُورا کرنے آیا ہُوں۔ کیونکہ مَیں تُم سے سچ کہتا ہُوں کہ جَب تک آسمان اَور زمین نابُود نہیں ہو جاتے، شَریعت سے ایک نُکتہ یا ایک شوشہ تک جَب تک سَب کُچھ پُورا نہ ہو جائے ہرگز مٹنے نہ پایٔےگا۔ اِس لیٔے جو کویٔی اِن چُھوٹے سے چُھوٹے حُکموں میں سے کسی بھی حُکم کو توڑتا ہے اَور دُوسروں کو بھی یہی کرنا سِکھاتا ہے تو وہ آسمان کی بادشاہی میں سَب سے چھوٹا کہلائے گا؛ لیکن جو اِن پر عَمل کرتا اَور تعلیم دیتاہے؛ وہ آسمان کی بادشاہی میں بڑا کہلائے گا۔ کیونکہ مَیں تُم سے کہتا ہُوں کہ جَب تک تمہاری راستبازی شَریعت کے عالِموں اَور فریسیوں سے بہتر نہ ہوگی، تو تُم آسمان کی بادشاہی میں ہرگز داخل نہ ہوگے۔ ”تُم سُن چُکے ہو کہ پُرانے زمانہ کے لوگوں سے کہا گیا تھا کہ ’تُم خُون نہ کرنا اَورجو خُون کرےگا وہ عدالت کی طرف سے سزا پایٔےگا۔‘ لیکن مَیں تُم سے یہ کہتا ہُوں کہ جو کویٔی اَپنے بھایٔی یا بہن یا دوست پر ناحق غُصّہ کرتا ہے تو وہ بھی عدالت کی طرف سے سزا پایٔےگا۔ اَورجو کویٔی اَپنے بھایٔی یا بہن کو ’راکا،‘ کہے گا وہ عدالتِ عالیہ میں جَوابدہ ہوگا اَورجو اُنہیں ’بےوقُوف اِنسان!‘ کہے گا وہ جہنّم کی آگ کا سزاوار ہوگا۔ ”چنانچہ، اگر قُربان گاہ پر نذر چڑھاتے وقت تُمہیں یاد آئے کہ تمہارے بھایٔی یا بہن کو تُم سے کویٔی شکایت ہے، تو اَپنی نذر وہیں قُربان گاہ کے سامنے چھوڑ دے اَور جا کر پہلے اَپنے بھایٔی یا بہن سے صُلح کر لے، پھر آکر اَپنی نذر چڑھا۔ ”اگر تمہارا دُشمن تُمہیں عدالت میں لے جا رہا ہو تو راستے ہی میں جلدی سے اُس سے صُلح کر لو ورنہ وہ تُمہیں مُنصِف کے حوالے کر دے گا اَور مُنصِف تُمہیں سپاہی کے حوالہ کر دے گا اَور سپاہی تُمہیں لے جا کر قَیدخانہ میں ڈال دیں گے۔ میں تُم سے سچ کہتا ہُوں کہ جَب تک تُم ایک ایک پیسہ اَدا نہ کر دوگے، وہاں سے ہرگز نکل نہ پاؤگے۔ ”تُم سُن چُکے ہو کہ کہا گیا تھا، ’تُم زنا نہ کرنا۔‘ لیکن مَیں تُم سے کہتا ہُوں کہ جو کویٔی کسی خاتُون پر بُری نظر ڈالتا ہے وہ اَپنے دِل میں پہلے ہی اُس کے ساتھ زنا کر چُکا۔ اِس لیٔے اگر تمہاری داہنی آنکھ تمہارے لیٔے ٹھوکر کا باعث بنتی ہے تو اُسے نکال کر پھینک دو۔ کیونکہ تمہارے لیٔے یہی بہتر ہے کہ تمہارے اَعضا میں سے ایک عُضو جاتا رہے اَور تمہارا سارا بَدن جہنّم کی آگ میں نہ ڈالا جائے۔ اَور اگر تمہارا داہنا ہاتھ تمہارے لیٔے ٹھوکر کا باعث ہو تو، اُسے کاٹ کر پھینک دو۔ تمہارے لیٔے یہی بہتر ہے کہ تمہارے اَعضا میں سے ایک عُضو جاتا رہے اَور تمہارا سارا بَدن جہنّم میں نہ ڈالا جائے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں متی 5

متی 17:5-30 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

یہ نہ سمجھو کہ مَیں موسوی شریعت اور نبیوں کی باتوں کو منسوخ کرنے آیا ہوں۔ منسوخ کرنے نہیں بلکہ اُن کی تکمیل کرنے آیا ہوں۔ مَیں تم کو سچ بتاتا ہوں، جب تک آسمان و زمین قائم رہیں گے تب تک شریعت بھی قائم رہے گی — نہ اُس کا کوئی حرف، نہ اُس کا کوئی زیر یا زبر منسوخ ہو گا جب تک سب کچھ پورا نہ ہو جائے۔ جو اِن سب سے چھوٹے احکام میں سے ایک کو بھی منسوخ کرے اور لوگوں کو ایسا کرنا سکھائے اُسے آسمان کی بادشاہی میں سب سے چھوٹا قرار دیا جائے گا۔ اِس کے مقابلے میں جو اِن احکام پر عمل کر کے اِنہیں سکھاتا ہے اُسے آسمان کی بادشاہی میں بڑا قرار دیا جائے گا۔ کیونکہ مَیں تم کو بتاتا ہوں کہ اگر تمہاری راست بازی شریعت کے علما اور فریسیوں کی راست بازی سے زیادہ نہیں تو تم آسمان کی بادشاہی میں داخل ہونے کے لائق نہیں۔ تم نے سنا ہے کہ باپ دادا کو فرمایا گیا، ’قتل نہ کرنا۔ اور جو قتل کرے اُسے عدالت میں جواب دینا ہو گا۔‘ لیکن مَیں تم کو بتاتا ہوں کہ جو بھی اپنے بھائی پر غصہ کرے اُسے عدالت میں جواب دینا ہو گا۔ اِسی طرح جو اپنے بھائی کو ’احمق‘ کہے اُسے یہودی عدالتِ عالیہ میں جواب دینا ہو گا۔ اور جو اُس کو ’بے وقوف!‘ کہے وہ جہنم کی آگ میں پھینکے جانے کے لائق ٹھہرے گا۔ لہٰذا اگر تجھے بیت المُقدّس میں قربانی پیش کرتے وقت یاد آئے کہ تیرے بھائی کو تجھ سے کوئی شکایت ہے تو اپنی قربانی کو وہیں قربان گاہ کے سامنے ہی چھوڑ کر اپنے بھائی کے پاس چلا جا۔ پہلے اُس سے صلح کر اور پھر واپس آ کر اللہ کو اپنی قربانی پیش کر۔ فرض کرو کہ کسی نے تجھ پر مقدمہ چلایا ہے۔ اگر ایسا ہو تو کچہری میں داخل ہونے سے پہلے پہلے جلدی سے جھگڑا ختم کر۔ ایسا نہ ہو کہ وہ تجھے جج کے حوالے کرے، جج تجھے پولیس افسر کے حوالے کرے اور نتیجے میں تجھ کو جیل میں ڈالا جائے۔ مَیں تجھے سچ بتاتا ہوں، وہاں سے تُو اُس وقت تک نہیں نکل پائے گا جب تک جرمانے کی پوری پوری رقم ادا نہ کر دے۔ تم نے یہ حکم سن لیا ہے کہ ’زنا نہ کرنا۔‘ لیکن مَیں تمہیں بتاتا ہوں، جو کسی عورت کو بُری خواہش سے دیکھتا ہے وہ اپنے دل میں اُس کے ساتھ زنا کر چکا ہے۔ اگر تیری دائیں آنکھ تجھے گناہ کرنے پر اُکسائے تو اُسے نکال کر پھینک دے۔ اِس سے پہلے کہ تیرے پورے جسم کو جہنم میں ڈالا جائے بہتر یہ ہے کہ تیرا ایک ہی عضو جاتا رہے۔ اور اگر تیرا دہنا ہاتھ تجھے گناہ کرنے پر اُکسائے تو اُسے کاٹ کر پھینک دے۔ اِس سے پہلے کہ تیرا پورا جسم جہنم میں جائے بہتر یہ ہے کہ تیرا ایک ہی عضو جاتا رہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں متی 5