YouVersion Logo
تلاش

متی 23:23-39

متی 23:23-39 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

”اَے شَریعت کے عالِموں اَور فریسیوں! اَے ریاکاروں! تُم پر افسوس، کیونکہ تُم پودینہ، سونف اَور زیرہ کا دسواں حِصّہ تو خُدا کے نام پر دیتے ہو لیکن شَریعت کی زِیادہ وزنی باتوں یعنی اِنصاف، اَور رحمدلی اَور ایمان کو فراموش کر بیٹھے ہو۔ تُمہیں لازِم تھا کہ یہ بھی کرتے اَور وہ بھی نہ چھوڑتے۔ اَے اَندھے رہنماؤ! تُم مچھّر کو چھانتے ہو مگر اُونٹ کو نگل لیتے ہو۔ ”اَے شَریعت کے عالِموں اَور فریسیوں! اَے ریاکاروں! تُم پر افسوس، کیونکہ تُم پیالے اَور رکابی کو باہر سے تو صَاف کرتے ہو مگر اَندر سے وہ لُوٹ اَور ناراستی سے بھری پڑی ہے۔ اَے اَندھے فرِیسی! پہلے پیالے اَور رکابی کو اَندر سے صَاف کر تاکہ وہ باہر سے بھی صَاف ہو جایٔیں۔ ”اَے شَریعت کے عالِموں اَور فریسیوں! اَے ریاکاروں! تُم پر افسوس، کیونکہ تُم اُن قبروں کی طرح ہو جِن پر سفیدی پھری ہُوئی ہے۔ وہ باہر سے تو خُوبصورت دِکھائی دیتی ہیں لیکن اَندر مُردوں کی ہڈّیوں اَور ہر طرح کی نَجاست سے بھری ہوتی ہیں۔ اِسی طرح تُم بھی باہر سے تو لوگوں کو راستباز نظر آتے ہو لیکن اَندر ریاکاری اَور بے دینی سے بھرے ہُوئے ہو۔ ”اَے شَریعت کے عالِموں اَور فریسیوں! اَے ریاکاروں! تُم پر افسوس، کیونکہ تُم نبیوں کے لیٔے مقبرے بناتے ہو، اَور راستبازوں کی قبریں آراستہ کرتے ہو، اَور تُم کہتے ہو، ’اگر ہم اَپنے باپ دادا کے زمانہ میں ہوتے تو نبیوں کو قتل کرنے میں اُن کا ساتھ نہ دیتے۔‘ یُوں تُم خُود ہی گواہی دیتے ہو کہ تُم نبیوں کو قتل کرنے والوں کی اَولاد ہو۔ غرض تُم اَپنے باپ دادا کی رہی سہی کسر پُوری کر دو۔ ”اَے سانپوں! اَے زہریلے سانپ کے بچّو! تُم جہنّم کی سزا سے کیسے بچوگے؟ اِس لیٔے میں نبیوں، داناؤں اَور شَریعت کے عالِموں کو تمہارے پاس بھیج رہا ہُوں۔ تُم اُن میں سے بعض کو قتل کر ڈالوگے، بعض کو صلیب پر لٹکا دوگے اَور بعض کو اَپنے یہُودی عبادت گاہوں میں کوڑوں سے ماروگے اَور شہر بہ شہر اُن کو ستاتے پھروگے۔ تاکہ تمام راستبازوں کا خُون جو زمین پر بہایا گیا ہے، اُس کا عذاب تُم پر آئے۔ یعنی راستباز ہابلؔ کے خُون سے لے کر بیرکیاہ کے بیٹے زکریاؔہ کے خُون تک کا، جسے تُم نے بیت المُقدّس اَور قُربان گاہ کے درمیان قتل کیا تھا۔ میں تُم سے سچ کہتا ہُوں کہ یہ سَب کُچھ اِسی زمانہ کے لوگوں پر آئے گا۔ ”اَے یروشلیمؔ! اَے یروشلیمؔ! تُو جو نبیوں کو قتل کرتی ہے اَورجو تیرے پاس بھیجے گیٔے اُنہیں سنگسار کر ڈالتی ہے، مَیں نے کیٔی دفعہ چاہا کہ تیرے بچّوں کو ایک ساتھ جمع کرلُوں، جِس طرح مُرغی اَپنے چُوزوں کو اَپنے پروں کے نیچے جمع کر لیتی ہے، لیکن تُم نے نہ چاہا۔ دیکھو! تمہارا گھر تمہارے ہی لیٔے ویران چھوڑا جا رہاہے۔ اَور مَیں تُم سے کہتا ہُوں کہ تُم مُجھے اُس وقت تک ہرگز نہ دیکھوگے جَب تک یہ نہ کہو گے، ’مُبارک ہے وہ جو خُداوؔند کے نام سے آتا ہے۔‘ “

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں متی 23

متی 23:23-39 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

شریعت کے عالِمو اور فریسیو، تم پر افسوس! ریاکارو! گو تم بڑی احتیاط سے پودینے، اجوائن اور زیرے کا دسواں حصہ ہدیئے کے لئے مخصوص کرتے ہو، لیکن تم نے شریعت کی زیادہ اہم باتوں کو نظرانداز کر دیا ہے یعنی انصاف، رحم اور وفاداری کو۔ لازم ہے کہ تم یہ کام بھی کرو اور پہلا بھی نہ چھوڑو۔ اندھے راہنماؤ! تم اپنے مشروب چھانتے ہو تاکہ غلطی سے مچھر نہ پی لیا جائے، لیکن ساتھ ساتھ اونٹ کو نگل لیتے ہو۔ شریعت کے عالِمو اور فریسیو، تم پر افسوس! ریاکارو! تم باہر سے ہر پیالے اور برتن کی صفائی کرتے ہو، لیکن اندر سے وہ لُوٹ مار اور عیش پرستی سے بھرے ہوتے ہیں۔ اندھے فریسیو، پہلے اندر سے پیالے اور برتن کی صفائی کرو، اور پھر وہ باہر سے بھی پاک صاف ہو جائیں گے۔ شریعت کے عالِمو اور فریسیو، تم پر افسوس! ریاکارو! تم ایسی قبروں سے مطابقت رکھتے ہو جن پر سفیدی کی گئی ہو۔ گو وہ باہر سے دل کش نظر آتی ہیں، لیکن اندر سے وہ مُردوں کی ہڈیوں اور ہر قسم کی ناپاکی سے بھری ہوتی ہیں۔ تم بھی باہر سے راست باز دکھائی دیتے ہو جبکہ اندر سے تم ریاکاری اور بےدینی سے معمور ہوتے ہو۔ شریعت کے عالِمو اور فریسیو، تم پر افسوس! ریاکارو! تم نبیوں کے لئے قبریں تعمیر کرتے اور راست بازوں کے مزار سجاتے ہو۔ اور تم کہتے ہو، ’اگر ہم اپنے باپ دادا کے زمانے میں زندہ ہوتے تو نبیوں کو قتل کرنے میں شریک نہ ہوتے۔‘ لیکن یہ کہنے سے تم اپنے خلاف گواہی دیتے ہو کہ تم نبیوں کے قاتلوں کی اولاد ہو۔ اب جاؤ، وہ کام مکمل کرو جو تمہارے باپ دادا نے ادھورا چھوڑ دیا تھا۔ سانپو، زہریلے سانپوں کے بچو! تم کس طرح جہنم کی سزا سے بچ پاؤ گے؟ اِس لئے مَیں نبیوں، دانش مندوں اور شریعت کے عالِموں کو تمہارے پاس بھیج دیتا ہوں۔ اُن میں سے بعض کو تم قتل اور مصلوب کرو گے اور بعض کو اپنے عبادت خانوں میں لے جا کر کوڑے لگواؤ گے اور شہر بہ شہر اُن کا تعاقب کرو گے۔ نتیجے میں تم تمام راست بازوں کے قتل کے ذمہ دار ٹھہرو گے — راست باز ہابیل کے قتل سے لے کر زکریاہ بن برکیاہ کے قتل تک جسے تم نے بیت المُقدّس کے دروازے اور اُس کے صحن میں موجود قربان گاہ کے درمیان مار ڈالا۔ مَیں تم کو سچ بتاتا ہوں کہ یہ سب کچھ اِسی نسل پر آئے گا۔ ہائے یروشلم، یروشلم! تُو جو نبیوں کو قتل کرتی اور اپنے پاس بھیجے ہوئے پیغمبروں کو سنگسار کرتی ہے۔ مَیں نے کتنی ہی بار تیری اولاد کو جمع کرنا چاہا، بالکل اُسی طرح جس طرح مرغی اپنے بچوں کو اپنے پَروں تلے جمع کر کے محفوظ کر لیتی ہے۔ لیکن تم نے نہ چاہا۔ اب تمہارے گھر کو ویران و سنسان چھوڑا جائے گا۔ کیونکہ مَیں تم کو بتاتا ہوں، تم مجھے اُس وقت تک دوبارہ نہیں دیکھو گے جب تک تم نہ کہو کہ مبارک ہے وہ جو رب کے نام سے آتا ہے۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں متی 23

متی 23:23-39 کِتابِ مُقادّس (URD)

اَے رِیاکار فقِیہو اور فرِیسِیو تُم پر افسوس! کہ پودِینہ اور سَونف اور زِیرہ پر تو دَہ یکی دیتے ہو پر تُم نے شرِیعت کی زِیادہ بھاری باتوں یعنی اِنصاف اور رحم اور اِیمان کو چھوڑ دِیا ہے۔ لازِم تھا کہ یہ بھی کرتے اور وہ بھی نہ چھوڑتے۔ اَے اندھے راہ بتانے والو جو مچّھر کو تو چھانتے ہو اور اُونٹ کو نِگل جاتے ہو۔ اَے رِیاکار فقِیہو اور فرِیسِیو تُم پر افسوس! کہ پِیالے اور رکابی کو اُوپر سے صاف کرتے ہو مگر وہ اندر لُوٹ اور ناپرہیزگاری سے بھرے ہیں۔ اَے اندھے فرِیسی! پہلے پِیالے اور رکابی کو اندر سے صاف کر تاکہ اُوپر سے بھی صاف ہو جائیں۔ اَے رِیاکار فقِیہو اور فرِیسیو تُم پر افسوس! کہ تُم سفیدی پِھری ہُوئی قبروں کی مانِند ہو جو اُوپر سے تو خُوب صُورت دِکھائی دیتی ہیں مگر اندر مُردوں کی ہڈِّیوں اور ہر طرح کی نجاست سے بھری ہیں۔ اِسی طرح تُم بھی ظاہِر میں تو لوگوں کو راست باز دِکھائی دیتے ہو مگر باطِن میں رِیاکاری اور بے دِینی سے بھرے ہو۔ اَے رِیاکار فقِیہو اور فرِیسِیو تُم پر افسوس! کہ نبِیوں کی قبریں بناتے اور راست بازوں کے مقبرے آراستہ کرتے ہو۔ اور کہتے ہو کہ اگر ہم اپنے باپ دادا کے زمانہ میں ہوتے تو نبِیوں کے خُون میں اُن کے شرِیک نہ ہوتے۔ اِس طرح تُم اپنی نِسبت گواہی دیتے ہو کہ تُم نبِیوں کے قاتِلوں کے فرزند ہو۔ غرض اپنے باپ دادا کا پَیمانہ بھر دو۔ اَے سانپو! اَے افعی کے بچّو! تُم جہنّم کی سزا سے کیوں کر بچّو گے؟ اِس لِئے دیکھو مَیں نبِیوں اور داناؤں اور فقِیہوں کو تُمہارے پاس بھیجتا ہُوں۔ اُن میں سے تُم بعض کو قتل اور مصلُوب کرو گے اور بعض کو اپنے عِبادت خانوں میں کوڑے مارو گے اور شہر بشہر ستاتے پِھرو گے۔ تاکہ سب راست بازوں کا خُون جو زمِین پر بہایا گیا تُم پر آئے۔ راست باز ہابِل کے خُون سے لے کر برکیاؔہ کے بیٹے زکرِیاؔہ کے خُون تک جِسے تُم نے مَقدِس اور قُربان گاہ کے درمِیان قتل کِیا۔ مَیں تُم سے سچ کہتا ہُوں کہ یہ سب کُچھ اِس زمانہ کے لوگوں پر آئے گا۔ اَے یرُوشلیم! اَے یرُوشلیم! تُو جو نبِیوں کو قتل کرتا اور جو تیرے پاس بھیجے گئے اُن کو سنگسار کرتا ہے! کِتنی بار مَیں نے چاہا کہ جِس طرح مُرغی اپنے بچّوں کو پروں تلے جمع کر لیتی ہے اُسی طرح مَیں بھی تیرے لڑکوں کو جمع کر لُوں مگر تُم نے نہ چاہا! دیکھو تُمہارا گھر تُمہارے لِئے وِیران چھوڑا جاتا ہے۔ کیونکہ مَیں تُم سے کہتا ہُوں کہ اب سے مُجھے پِھر ہرگِز نہ دیکھو گے جب تک نہ کہو گے کہ مُبارک ہے وہ جو خُداوند کے نام سے آتا ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں متی 23