متی 1:23-12
متی 1:23-12 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
اُس وقت یِسوعؔ نے ہُجوم سے اَور اَپنے شاگردوں سے یہ فرمایا: شَریعت کے عالِم اَور فرِیسی حضرت مَوشہ کی گدّی پر بیٹھے ہیں۔ لہٰذا جو کُچھ یہ تُمہیں سکھائیں اُسے مانو اَور اُس پر عَمل کرو لیکن اُن کے نمونہ پر مت چلو کیونکہ وہ کہتے تو ہیں مگر کرتے نہیں۔ وہ اَیسے بھاری بوجھ لادتے جِن کو اُٹھانا مُشکل ہے، باندھ کر لوگوں کے کندھوں پر رکھتے ہیں لیکن خُود اُسے ہٹانے کے لیٔے اَپنی اُنگلی تک نہیں لگاتے۔ وہ اَپنے سَب کاموں کو دِکھانے کو کرتے ہیں: کیونکہ وہ بڑے بڑے تعویذ پہنتے ہیں اَور اَپنی پوشاک کے کنارے چوڑے رکھتے ہیں۔ وہ ضیافتوں میں صدر نشینی اَور یہُودی عبادت گاہوں میں اعلیٰ درجہ کی کُرسیاں چاہتے ہیں۔ اَور بازاروں میں اِحتراماً مُبارکبادی سلام اَور لوگوں سے ربّی کہلانا پسند کرتے ہیں۔ لیکن تُم ربّی، نہ کہلاؤ کیونکہ تمہارا اُستاد ایک ہی ہے اَور تُم سَب بھایٔی ہو۔ اَور زمین پر کسی کو اَپنا باپ، مت کہو کیونکہ تمہارا باپ ایک ہی ہے جو آسمان میں ہے۔ اَور نہ ہی ہادی کہلاؤ کیونکہ تمہارا ایک ہی ہادی ہے یعنی المسیح۔ لیکن جو تُم میں بڑا بننا چاہتاہے وہ تمہارا خادِم بنے۔ اَورجو کویٔی اَپنے آپ کو بڑا بنائے گا وہ چھوٹا کیا جائے گا اَورجو اَپنے آپ کو حلیم بنائے گا وہ بڑا کیا جائے گا۔
متی 1:23-12 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
پھر عیسیٰ ہجوم اور اپنے شاگردوں سے مخاطب ہوا، ”شریعت کے علما اور فریسی موسیٰ کی کرسی پر بیٹھے ہیں۔ چنانچہ جو کچھ وہ تم کو بتاتے ہیں وہ کرو اور اُس کے مطابق زندگی گزارو۔ لیکن جو کچھ وہ کرتے ہیں وہ نہ کرو، کیونکہ وہ خود اپنی تعلیم کے مطابق زندگی نہیں گزارتے۔ وہ بھاری گٹھڑیاں باندھ باندھ کر لوگوں کے کندھوں پر رکھ دیتے ہیں، لیکن خود اُنہیں اُٹھانے کے لئے ایک اُنگلی تک ہلانے کو تیار نہیں ہوتے۔ جو بھی کرتے ہیں دکھاوے کے لئے کرتے ہیں۔ جو تعویذ وہ اپنے بازوؤں اور پیشانیوں پر باندھتے اور جو پُھندنے اپنے لباس سے لگاتے ہیں وہ خاص بڑے ہوتے ہیں۔ اُن کی بس ایک ہی خواہش ہوتی ہے کہ ضیافتوں اور عبادت خانوں میں عزت کی کرسیوں پر بیٹھ جائیں۔ جب لوگ بازاروں میں سلام کر کے اُن کی عزت کرتے اور ’اُستاد‘ کہہ کر اُن سے بات کرتے ہیں تو پھر وہ خوش ہو جاتے ہیں۔ لیکن تم کو اُستاد نہیں کہلانا چاہئے، کیونکہ تمہارا صرف ایک ہی اُستاد ہے جبکہ تم سب بھائی ہو۔ اور دنیا میں کسی کو ’باپ‘ کہہ کر اُس سے بات نہ کرو، کیونکہ تمہارا ایک ہی باپ ہے اور وہ آسمان پر ہے۔ ہادی نہ کہلانا کیونکہ تمہارا صرف ایک ہی ہادی ہے یعنی المسیح۔ تم میں سے سب سے بڑا شخص تمہارا خادم ہو گا۔ کیونکہ جو بھی اپنے آپ کو سرفراز کرے گا اُسے پست کیا جائے گا اور جو اپنے آپ کو پست کرے گا اُسے سرفراز کیا جائے گا۔
متی 1:23-12 کِتابِ مُقادّس (URD)
اُس وقت یِسُوعؔ نے بِھیڑ سے اور اپنے شاگِردوں سے یہ باتیں کہیں کہ فقِیہہ اور فرِیسی مُوسیٰ کی گدّی پر بَیٹھے ہیں۔ پس جو کُچھ وہ تُمہیں بتائیں وہ سب کرو اور مانو لیکن اُن کے سے کام نہ کرو کیونکہ وہ کہتے ہیں اور کرتے نہیں۔ وہ اَیسے بھاری بوجھ جِن کو اُٹھانا مُشکِل ہے باندھ کر لوگوں کے کندھوں پر رکھتے ہیں مگر آپ اُن کو اپنی اُنگلی سے بھی ہِلانا نہیں چاہتے۔ وہ اپنے سب کام لوگوں کو دِکھانے کو کرتے ہیں کیونکہ وہ اپنے تعوِیذ بڑے بناتے اور اپنی پوشاک کے کنارے چَوڑے رکھتے ہیں۔ اور ضِیافتوں میں صدرنشینی اور عِبادت خانوں میں اعلیٰ درجہ کی کُرسِیاں۔ اور بازاروں میں سلام اور آدمِیوں سے ربیّ کہلانا پسند کرتے ہیں۔ مگر تُم ربیّ نہ کہلاؤ کیونکہ تُمہارا اُستاد ایک ہی ہے اور تُم سب بھائی ہو۔ اور زمِین پر کِسی کو اپنا باپ نہ کہو کیونکہ تُمہارا باپ ایک ہی ہے جو آسمانی ہے۔ اور نہ تُم ہادی کہلاؤ کیونکہ تُمہارا ہادی ایک ہی ہے یعنی مسِیح۔ لیکن جو تُم میں بڑا ہے وہ تُمہارا خادِم بنے۔ اور جو کوئی اپنے آپ کو بڑا بنائے گا وہ چھوٹا کِیا جائے گا اور جو اپنے آپ کو چھوٹا بنائے گا وہ بڑا کِیا جائے گا۔