ملاکی 13:2-15
ملاکی 13:2-15 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
تم سے ایک اَور خطا بھی سرزد ہوتی ہے۔ بےشک رب کی قربان گاہ کو اپنے آنسوؤں سے تر کرو، بےشک روتے اور کراہتے رہو کہ رب نہ ہماری قربانیوں پر توجہ دیتا، نہ اُنہیں خوشی سے ہمارے ہاتھ سے قبول کرتا ہے۔ لیکن یہ کرنے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ تم پوچھتے ہو، ”کیوں؟“ اِس لئے کہ شادی کرتے وقت رب خود گواہ ہوتا ہے۔ اور اب تُو اپنی بیوی سے بےوفا ہو گیا ہے، گو وہ تیری جیون ساتھی ہے جس سے تُو نے شادی کا عہد باندھا تھا۔ کیا رب نے شوہر اور بیوی کو ایک نہیں بنایا، ایک جسم جس میں روح ہے؟ اور یہ ایک جسم کیا چاہتا ہے؟ اللہ کی طرف سے اولاد۔ چنانچہ اپنی روح میں خبردار رہو! اپنی بیوی سے بےوفا نہ ہو جا!
ملاکی 13:2-15 کِتابِ مُقادّس (URD)
پِھر تُمہارے اعمال کے سبب سے خُداوند کے مذبح پر آہ و نالہ اور آنسُوؤں کی اَیسی کثرت ہے کہ وہ نہ تُمہارے ہدیہ کو دیکھے گا اور نہ تُمہارے ہاتھ کی نذر کو خُوشی سے قبُول کرے گا۔ تَو بھی تُم کہتے ہو کہ سبب کیا ہے؟ سبب یہ ہے کہ خُداوند تیرے اور تیری جوانی کی بِیوی کے درمِیان گواہ ہے۔ تُو نے اُس سے بیوفائی کی ہے اگرچہ وہ تیری رفِیق اور منکُوحہ بِیوی ہے۔ اور کیا اُس نے ایک ہی کو پَیدا نہیں کیا باوُجُودیکہ اُس کے پاس اَور ارواح مَوجُود تھِیں؟ پِھر کیوں ایک ہی کو پَیدا کِیا؟ اِس لِئے کہ خُدا ترس نسل پَیدا ہو۔ پس تُم اپنے نفس سے خبردار رہو اور کوئی اپنی جوانی کی بِیوی سے بیوفائی نہ کرے۔