ملاکی 1:1-5
ملاکی 1:1-5 کِتابِ مُقادّس (URD)
خُداوند کی طرف سے ملاکی کی معرفت اِسرائیل کے لِئے بارِ نبُوّت: خُداوند فرماتا ہے مَیں نے تُم سے مُحبّت رکھّی تَو بھی تُم کہتے ہو تُو نے کِس بات میں ہم سے محبّت ظاہِر کی؟ خُداوند فرماتا ہے کیا عیسَو یعقُوب کا بھائی نہ تھا؟ لیکن مَیں نے یعقُوب سے مُحبّت رکھّی۔ اور عیسَو سے عداوت رکھّی اور اُس کے پہاڑوں کو وِیران کِیا اور اُس کی مِیراث بیابان کے گِیدڑوں کو دی۔ اگر ادُوم کہے ہم برباد تو ہُوئے پر وِیران جگہوں کو پِھر آ کر تعمِیر کریں گے تو ربُّ الافواج فرماتا ہے اگرچہ وہ تعمِیر کریں پر مَیں ڈھاؤُں گا اور لوگ اُن کا یہ نام رکھّیں گے شرارت کا مُلک۔ وہ لوگ جِن پر ہمیشہ خُداوند کا قہر ہے۔ اور تُمہاری آنکھیں دیکھیں گی اور تُم کہو گے کہ خُداوند کی تمجِید اِسرائیل کی حدُود سے آگے تک ہو۔
ملاکی 1:1-5 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
ذیل میں اسرائیل کے لئے رب کا وہ کلام ہے جو اُس نے ملاکی پر نازل کیا۔ رب فرماتا ہے، ”تم مجھے پیارے ہو۔“ لیکن تم کہتے ہو، ”کس طرح؟ تیری ہم سے محبت کہاں ظاہر ہوئی ہے؟“ سنو رب کا جواب! ”کیا عیسَو اور یعقوب سگے بھائی نہیں تھے؟ توبھی صرف یعقوب مجھے پیارا تھا جبکہ عیسَو سے مَیں متنفر رہا۔ اُس کے پہاڑی علاقے ادوم کو مَیں نے ویران و سنسان کر دیا، اُس کی موروثی زمین کو ریگستان کے گیدڑوں کے حوالے کر دیا ہے۔“ ادومی کہتے ہیں، ”گو ہم چِکنا چُور ہو گئے ہیں توبھی کھنڈرات کی جگہ نئے گھر بنا لیں گے۔“ لیکن رب الافواج فرماتا ہے، ”بےشک تعمیر کا کام کرتے جاؤ، لیکن مَیں سب کچھ دوبارہ ڈھا دوں گا۔ اُن کا ملک ’بے دینی کا ملک‘ اور اُن کی قوم ’وہ قوم جس پر رب کی ابدی لعنت ہے‘ کہلائے گی۔ تم اسرائیلی اپنی آنکھوں سے یہ دیکھو گے۔ تب تم کہو گے، ’رب اپنی عظمت اسرائیل کی سرحدوں سے باہر بھی ظاہر کرتا ہے‘۔“