YouVersion Logo
تلاش

لوقا 20:6-26

لوقا 20:6-26 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

حُضُور عیسیٰ نے اَپنے شاگردوں پر نظرڈالی، اَور فرمایا: ”مُبارک ہیں وہ جو دل کے حلیم ہیں، کیونکہ خُدا کی بادشاہی تمہاری ہے۔ مُبارک ہو تُم جو ابھی خُدا کے لیٔے بھُوکے ہو، کیونکہ تُم آسُودہ ہو گے۔ مُبارک ہو تُم جو ابھی روتے ہو، کیونکہ تُم ہنسوگے۔ مُبارک ہو تُم جَب لوگ تُم سے نَفرت رکھیں، جَب تُمہیں الگ کر دیں، اَور تمہاری بے عزّتی کریں، اَور تمہارے نام کو بُرا جان کر، اِبن آدمؔ کے سبب سے اِنکار کر دیں۔ ”اُس دِن تُم خُوش ہونا اَور جَشن منانا، کیونکہ تُمہیں آسمان پر بڑا اجر حاصل ہوگا۔ اِس لیٔے کہ اُن کے باپ دادا نے اُن نَبیوں کو بھی اِسی طرح ستایا تھا۔ ”مگر افسوس تُم پرجو دولتمند ہو، کیونکہ تُم اَپنی تسلّی پا چُکے ہو۔ افسوس تُم پرجو اَب سیر ہو، کیونکہ تُم بھُوک کے شِکار ہو گے۔ افسوس تُم پرجو اَب ہنستے ہو، کیونکہ تُم ماتم کرو گے اَور روؤگے۔ افسوس تُم پر جَب سَب لوگ تُمہیں بھلا کہیں، کیونکہ اُن کے باپ دادا بھی جھُوٹے نَبیوں کے ساتھ اَیسا ہی سلُوک کیا کرتے تھے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں لوقا 6

لوقا 20:6-26 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

پھر عیسیٰ نے اپنے شاگردوں کی طرف دیکھ کر کہا، ”مبارک ہو تم جو ضرورت مند ہو، کیونکہ اللہ کی بادشاہی تم کو ہی حاصل ہے۔ مبارک ہو تم جو اِس وقت بھوکے ہو، کیونکہ سیر ہو جاؤ گے۔ مبارک ہو تم جو اِس وقت روتے ہو، کیونکہ خوشی سے ہنسو گے۔ مبارک ہو تم جب لوگ اِس لئے تم سے نفرت کرتے اور تمہارا حقہ پانی بند کرتے ہیں کہ تم ابنِ آدم کے پیروکار بن گئے ہو۔ ہاں، مبارک ہو تم جب وہ اِسی وجہ سے تمہیں لعن طعن کرتے اور تمہاری بدنامی کرتے ہیں۔ جب وہ ایسا کرتے ہیں تو شادمان ہو کر خوشی سے ناچو، کیونکہ آسمان پر تم کو بڑا اجر ملے گا۔ اُن کے باپ دادا نے یہی سلوک نبیوں کے ساتھ کیا تھا۔ مگر تم پر افسوس جو اب دولت مند ہو، کیونکہ تمہارا سکون یہیں ختم ہو جائے گا۔ تم پر افسوس جو اِس وقت خوب سیر ہو، کیونکہ بعد میں تم بھوکے ہو گے۔ تم پر افسوس جو اب ہنس رہے ہو، کیونکہ ایک وقت آئے گا کہ رو رو کر ماتم کرو گے۔ تم پر افسوس جن کی تمام لوگ تعریف کرتے ہیں، کیونکہ اُن کے باپ دادا نے یہی سلوک جھوٹے نبیوں کے ساتھ کیا تھا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں لوقا 6

لوقا 20:6-26 کِتابِ مُقادّس (URD)

پِھر اُس نے اپنے شاگِردوں کی طرف نظر کر کے کہا مُبارک ہو تُم جو غرِیب ہو کیونکہ خُدا کی بادشاہی تُمہاری ہے۔ مُبارک ہو تُم جو اَب بُھوکے ہو کیونکہ آسُودہ ہو گے۔ مُبارک ہو تُم جو اَب روتے ہو کیونکہ ہنسو گے۔ جب اِبنِ آدمؔ کے سبب سے لوگ تُم سے عداوت رکھّیں گے اور تُمہیں خارِج کر دیں گے اور لَعن طَعن کریں گے اور تُمہارا نام بُرا جان کر کاٹ دیں گے تو تُم مُبارک ہو گے۔ اُس دِن خُوش ہونا اور خُوشی کے مارے اُچھلنا۔ اِس لِئے کہ دیکھو آسمان پر تُمہارا اَجر بڑا ہے کیونکہ اُن کے باپ دادا نبِیوں کے ساتھ بھی اَیسا ہی کِیا کرتے تھے۔ مگر افسوس تُم پر جو دَولت مند ہو کیونکہ تُم اپنی تسلّی پا چُکے۔ افسوس تُم پر جو اَب سیر ہو کیونکہ بُھوکے ہو گے۔ افسوس تُم پر جو اَب ہنستے ہو کیونکہ ماتم کرو گے اور روؤ گے۔ افسوس تُم پر جب سب لوگ تُمہیں بَھلا کہیں کیونکہ اُن کے باپ دادا جُھوٹے نبِیوں کے ساتھ بھی اَیسا ہی کِیا کرتے تھے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں لوقا 6