لوقا 63:22-71
لوقا 63:22-71 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
جو آدمی حُضُور عیسیٰ کو اَپنے قبضہ میں لیٔے ہوئے تھے، آپ کی ہنسی اُڑانے اَور پیٹنے لگے۔ اُنہُوں نے آپ کی آنکھوں پر پٹّی باندھ کر پُوچھا، ”نبُوّت کر! کہ تُجھے کِس نے مارا؟“ اَور اُنہُوں نے آپ کو بہت سِی گالِیاں بھی دیں۔ صُبح ہوتے ہی قوم کے بُزرگوں، اہم کاہِنؔوں اَور شَریعت کے عالِموں نے جمع ہوکر حُضُور عیسیٰ کو اَپنی عدالتِ عالیہ میں پیش کیا اَور کہنے لگے، ”اگر تو المسیؔح ہے تو ہم سے کہہ دے۔“ آپ نے اُن سے کہا، ”اگرمیں تُم سے کہہ بھی دُوں تَب بھی تُم ایمان نہ لاؤگے۔ اَور اگر تُم سے پُوچھوں، تو تُم جَواب نہیں دوگے۔ لیکن اَب سے اِبن آدمؔ قادرمُطلق خُدا کی داہنی طرف بیَٹھا رہے گا۔“ اِس پر وہ سَب بول اُٹھے، ”کہ کیا تو خُدا کا بیٹا ہے؟“ حُضُور عیسیٰ نے جَواب دیا کہ تُم خُود کہتے ہو کہ میں ہُوں۔ اُنہُوں نے کہا، ”اَب ہمیں اَور گواہی کی کیا ضروُرت ہے؟ کیونکہ ہم نے اُسی کے مُنہ سے اِس بات کو سُن لیا ہے۔“
لوقا 63:22-71 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
پہرے دار عیسیٰ کا مذاق اُڑانے اور اُس کی پٹائی کرنے لگے۔ اُنہوں نے اُس کی آنکھوں پر پٹی باندھ کر پوچھا، ”نبوّت کر کہ کس نے تجھے مارا؟“ اِس طرح کی اَور بہت سی باتوں سے وہ اُس کی بےعزتی کرتے رہے۔ جب دن چڑھا تو راہنما اماموں اور شریعت کے علما پر مشتمل قوم کی مجلس نے جمع ہو کر اُسے یہودی عدالتِ عالیہ میں پیش کیا۔ اُنہوں نے کہا، ”اگر تُو مسیح ہے تو ہمیں بتا!“ عیسیٰ نے جواب دیا، ”اگر مَیں تم کو بتاؤں تو تم میری بات نہیں مانو گے، اور اگر تم سے پوچھوں تو تم جواب نہیں دو گے۔ لیکن اب سے ابنِ آدم اللہ تعالیٰ کے دہنے ہاتھ بیٹھا ہو گا۔“ سب نے پوچھا، ”تو پھر کیا تُو اللہ کا فرزند ہے؟“ اُس نے جواب دیا، ”جی، تم خود کہتے ہو۔“ اِس پر اُنہوں نے کہا، ”اب ہمیں کسی اَور گواہی کی کیا ضرورت رہی؟ کیونکہ ہم نے یہ بات اُس کے اپنے منہ سے سن لی ہے۔“
لوقا 63:22-71 کِتابِ مُقادّس (URD)
اور جو آدمی یِسُوعؔ کو پکڑے ہُوئے تھے اُس کو ٹھٹّھوں میں اُڑاتے اور مارتے تھے۔ اور اُس کی آنکھیں بند کر کے اُس سے پُوچھتے تھے کہ نبُوّت سے بتا تُجھے کِس نے مارا؟ اور اُنہوں نے طعنہ سے اَور بھی بُہت سی باتیں اُس کے خِلاف کہِیں۔ جب دِن ہُؤا تو سردار کاہِن اور فقِیہہ یعنی قَوم کے بزُرگوں کی مجلِس جمع ہُوئی اور اُنہوں نے اُسے اپنی صدرعدالت میں لے جا کر کہا۔ اگر تُو مسِیح ہے تو ہم سے کہہ دے۔ اُس نے اُن سے کہا اگر مَیں تُم سے کہُوں تو یقِین نہ کرو گے۔ اور اگر پُوچُھوں تو جواب نہ دو گے۔ لیکن اب سے اِبنِ آدمؔ قادِرِ مُطلق خُدا کی دہنی طرف بَیٹھا رہے گا۔ اِس پر اُن سب نے کہا پس کیا تُو خُدا کا بیٹا ہے؟ اُس نے اُن سے کہا تُم خُود کہتے ہو کیونکہ مَیں ہُوں۔ اُنہوں نے کہا اب ہمیں گواہی کی کیا حاجت رہی؟ کیونکہ ہم نے خُود اُسی کے مُنہ سے سُن لِیا ہے۔