لوقا 12:21-19
لوقا 12:21-19 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
”لیکن اِن سَب باتوں کے ہونے سے پہلے، لوگ تُمہیں گِرفتار کریں گے اَور ستائیں گے۔ وہ تُمہیں یہُودی عبادت گاہوں کی عدالتوں مَیں حاضِر کریں گے اَور قَیدخانوں میں ڈلوائیں گے اَور بادشاہوں اَور حاکموں کے حُضُور میں پیش کریں گے اَور یہ اِس لیٔے ہوگا کہ تُم میرے پیروکار ہو۔ تَب تُمہیں میری گواہی دینے کا اَچھّا موقع ملے گا۔ لیکن تُمہیں کویٔی ضروُرت نہیں کہ تُم پہلے ہی سے فکر کرنے لگو کہ ہم کیا کہیں گے۔ کیونکہ مَیں تُمہیں اَیسے الفاظ اَور حِکمت عطا کروں گا کہ تمہارا کویٔی بھی مُخالف نہ تو تمہارا سامنا کر سکےگا نہ تمہارے خِلاف کُچھ کہہ سکےگا۔ اَور تمہارے والدین، بھایٔی اَور بہنیں، رشتہ دار اَور دوست تُم سے بےوفائی کریں گے اَور تُم میں سے بعض کو قتل بھی کریں گے۔ اَور میرے نام کی وجہ سے سارے لوگ تُم سے نفرت کرنے لگیں گے لیکن تمہارے سَر کا ایک بال بھی بیکا نہیں ہوگا۔ سَب کُچھ برداشت کرکے ہی تُم اَپنی جانوں کو محفوظ رکھ سکوگے۔
لوقا 12:21-19 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
لیکن اِن تمام واقعات سے پہلے لوگ تم کو پکڑ کر ستائیں گے۔ وہ تم کو یہودی عبادت خانوں کے حوالے کریں گے، قیدخانوں میں ڈلوائیں گے اور بادشاہوں اور حکمرانوں کے سامنے پیش کریں گے۔ اور یہ اِس لئے ہو گا کہ تم میرے پیروکار ہو۔ نتیجے میں تمہیں میری گواہی دینے کا موقع ملے گا۔ لیکن ٹھان لو کہ تم پہلے سے اپنا دفاع کرنے کی تیاری نہ کرو، کیونکہ مَیں تم کو ایسے الفاظ اور حکمت عطا کروں گا کہ تمہارے تمام مخالف نہ اُس کا مقابلہ اور نہ اُس کی تردید کر سکیں گے۔ تمہارے والدین، بھائی، رشتے دار اور دوست بھی تم کو دشمن کے حوالے کر دیں گے، بلکہ تم میں سے بعض کو قتل کیا جائے گا۔ سب تم سے نفرت کریں گے، اِس لئے کہ تم میرے پیروکار ہو۔ توبھی تمہارا ایک بال بھی بیکا نہیں ہو گا۔ ثابت قدم رہنے سے ہی تم اپنی جان بچا لو گے۔
لوقا 12:21-19 کِتابِ مُقادّس (URD)
لیکن اِن سب باتوں سے پہلے وہ میرے نام کے سبب سے تُمہیں پکڑیں گے اور ستائیں گے اور عِبادت خانوں کی عدالت کے حوالہ کریں گے اور قَیدخانوں میں ڈلوائیں گے اور بادشاہوں اور حاکِموں کے سامنے حاضِر کریں گے۔ اور یہ تُمہارا گواہی دینے کا مَوقع ہو گا۔ پس اپنے دِل میں ٹھان رکھّو کہ ہم پہلے سے فِکر نہ کریں گے کہ کیا جواب دیں۔ کیونکہ مَیں تُمہیں اَیسی زُبان اور حِکمت دُوں گا کہ تُمہارے کِسی مُخالِف کو سامنا کرنے یا خِلاف کہنے کا مقدُور نہ ہو گا۔ اور تُمہیں ماں باپ اور بھائی اور رِشتہ دار اور دوست بھی پکڑوائیں گے بلکہ وہ تُم میں سے بعض کو مَروا ڈالیں گے۔ اور میرے نام کے سبب سے سب لوگ تُم سے عداوت رکھّیں گے۔ لیکن تُمہارے سَر کا ایک بال بھی بِیکا نہ ہو گا۔ اپنے صبر سے تُم اپنی جانیں بچائے رکھّو گے۔