لوقا 26:1-58
لوقا 26:1-58 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
اِلیشاَبیتؔ کے حَمل کے چھٹے مہینے میں، خُدا نے جِبرائیلؔ فرشتہ کو گلِیل صُوبہ کے ایک شہر ناصرتؔ میں، ایک کنواری کے پاس بھیجا جِن کی منگنی حضرت یُوسُفؔ نام کے ایک مَرد سے ہو چُکی تھی، جو حضرت داؤؔد کی نَسل سے تھے۔ اُس کنواری کا نام حضرت مریمؔ تھا۔ فرشتہ نے اُن کے پاس آکر کہا، ”سلام، آپ پر بڑا فضل ہُواہے! خُداوؔند آپ کے ساتھ ہے۔“ حضرت مریمؔ، فرشتہ کا کلام سُن کربہت گھبرا گئیں اَور سوچنے لگیں کہ یہ کَیسا سلام ہے۔ لیکن فرشتہ نے اُن سے کہا، ”اَے مریمؔ! خوف نہ کر؛ آپ پر خُدا کا فضل ہُواہے۔ آپ حاملہ ہوں گی اَور آپ کو ایک بیٹا پیدا ہوگا۔ آپ اُن کا نام عیسیٰ رکھنا۔ وہ عظیم ہوں گے اَور خُداتعالیٰ کا بیٹا کہلایٔیں گے۔ خُداوؔند خُدا اُن کے باپ حضرت داؤؔد کا تخت اُنہیں دے گا، اَور وہ حضرت یعقوب کے گھرانے پر ہمیشہ تک بادشاہی کریں گے؛ اُن کی بادشاہی کبھی ختم نہ ہوگی۔“ حضرت مریمؔ نے فرشتہ سے پُوچھا، ”یہ کس طرح ہوگا، میں تو ابھی کنواری ہی ہُوں؟“ فرشتہ نے جَواب دیا، ”پاک رُوح آپ پر نازل ہوگا، اَور خُداتعالیٰ کی قُدرت آپ پر سایہ ڈالے گی۔ اِس لیٔے وہ قُدُّوس جو پیدا ہونے والے ہیں، خُدا کا بیٹا کہلایٔیں گے۔ اَور دیکھو، آپ کی رشتہ دار، اِلیشاَبیتؔ کے بُڑھاپے میں بھی بیٹا ہونے والا ہے، جنہیں لوگ بانجھ کہتے تھے وہ چھ ماہ سے حاملہ ہیں۔ کیونکہ خُدا کا کویٔی بھی کلام کبھی ناکام نہیں ہوتا۔“ حضرت مریمؔ نے جَواب دیا، ”میں تو خُداوؔند کی بندی ہُوں، جَیسا آپ نے مُجھ سے کہا ہے وَیسا ہی ہو۔“ تَب فرشتہ اُن کے پاس سے چَلا گیا۔ اُن ہی دِنوں میں حضرت مریمؔ تیّار ہوکر فوراً یہُودیؔہ کے پہاڑی علاقہ کے ایک شہر کو گئیں، اَور حضرت زکریاؔہ کے گھر میں داخل ہوکر اِلیشاَبیتؔ کو سلام کیا۔ جَب اِلیشاَبیتؔ نے حضرت مریمؔ کا سلام سُنا تو، بچّہ اُن کے رحم میں اُچھل پڑا اَور اِلیشاَبیتؔ پاک رُوح سے بھر گئیں۔ اَور بُلند آواز سے پُکار کرکہنے لگیں: ”آپ عورتوں میں مُبارک ہیں، اَور مُبارک ہے آپ کا پیدا ہونے والا بچّہ! لیکن مُجھ پر یہ فضل کِس لیٔے ہُوا، کہ میرے خُداوؔند کی ماں میرے پاس آئی؟ کیونکہ جُوں ہی آپ کے سلام کی آواز میرے کانوں میں پہنچی، بچّہ خُوشی کے مارے میرے پیٹ میں اُچھل پڑا۔ مُبارک ہو تُم جو ایمان لائیں کہ خُداوؔند نے جو کُچھ آپ سے کہا وہ پُورا ہوکر رہے گا!“ اَور مریمؔ نے کہا: ”میری جان خُداوؔند کی تعظیم کرتی ہے۔ اَور میری رُوح میرے مُنجّی خُدا سے نہایت خُوش ہے، کیونکہ خُدا نے اَپنی خادِمہ کی پست حالی پر نظر کی ہے۔ اَب سے لے کر ہر زمانہ کے لوگ مُجھے مُبارک کہیں گے، کیونکہ خُدائے قادر نے میرے لیٔے بَڑے بَڑے کام کیٔے ہیں۔ اَور اُن کا نام قُدُّوس ہے۔ خُدا کی رحمت اُس سے ڈرنے وَالوں پر، نَسل بہ نَسل جاری رہتی ہے۔ خُدا نے اَپنے بازو سے عظیم کام کیٔے ہیں؛ جو اَپنے آپ کو بڑا سمجھتے تھے، اُس نے اُنہیں پراگندہ کر دیا۔ خُدا نے حُکمرانوں کو اُن کے تخت سے اُتار دیا لیکن حلیموں کو سرفراز کر دیا۔ خُدا نے بھُوکوں کو اَچھّی چیزوں سے سیر کر دیا لیکن دولتمندوں کو خالی ہاتھ لَوٹا دیا۔ خُدا نے اَپنے خادِم اِسرائیلؔ کی مدد کی ہے، خُدا نے اَپنے رحم دل ہونے کے وعدہ کو یاد رکھا ہے جو خُدا نے اَبدی وعدہ حضرت اِبراہیمؔ اَور اُن کی نَسل سے، اَور ہمارے باپ دادا، سے کیا تھا۔“ اَور حضرت مریمؔ تقریباًتین ماہ تک اِلیشاَبیتؔ کے ساتھ رہیں۔ پھر اَپنے گھر لَوٹ گئیں۔ اَب اِلیشاَبیتؔ کے وضعِ حَمل کا وقت آ پہنچا، تو اُن کے ایک بیٹا پیدا ہُوا۔ اُن کے پڑوسیوں اَور رشتہ داروں نے یہ سُن کر کہ خُداوؔند نے اِلیشاَبیتؔ پر بڑی رحمت کی ہے، اُن کے ساتھ مِل کر خُوشی منائی۔
لوقا 26:1-58 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
الیشبع چھ ماہ سے اُمید سے تھی جب اللہ نے جبرائیل فرشتے کو ایک کنواری کے پاس بھیجا جو ناصرت میں رہتی تھی۔ ناصرت گلیل کا ایک شہر ہے اور کنواری کا نام مریم تھا۔ اُس کی منگنی ایک مرد کے ساتھ ہو چکی تھی جو داؤد بادشاہ کی نسل سے تھا اور جس کا نام یوسف تھا۔ فرشتے نے اُس کے پاس آ کر کہا، ”اے خاتون جس پر رب کا خاص فضل ہوا ہے، سلام! رب تیرے ساتھ ہے۔“ مریم یہ سن کر گھبرا گئی اور سوچا، ”یہ کس طرح کا سلام ہے؟“ لیکن فرشتے نے اپنی بات جاری رکھی اور کہا، ”اے مریم، مت ڈر، کیونکہ تجھ پر اللہ کا فضل ہوا ہے۔ تُو اُمید سے ہو کر ایک بیٹے کو جنم دے گی۔ تجھے اُس کا نام عیسیٰ (نجات دینے والا) رکھنا ہے۔ وہ عظیم ہو گا اور اللہ تعالیٰ کا فرزند کہلائے گا۔ رب ہمارا خدا اُسے اُس کے باپ داؤد کے تخت پر بٹھائے گا اور وہ ہمیشہ تک اسرائیل پر حکومت کرے گا۔ اُس کی سلطنت کبھی ختم نہ ہو گی۔“ مریم نے فرشتے سے کہا، ”یہ کیونکر ہو سکتا ہے؟ ابھی تو مَیں کنواری ہوں۔“ فرشتے نے جواب دیا، ”روح القدس تجھ پر نازل ہو گا، اللہ تعالیٰ کی قدرت کا سایہ تجھ پر چھا جائے گا۔ اِس لئے یہ بچہ قدوس ہو گا اور اللہ کا فرزند کہلائے گا۔ اور دیکھ، تیری رشتے دار الیشبع کے بھی بیٹا ہو گا حالانکہ وہ عمر رسیدہ ہے۔ گو اُسے بانجھ قرار دیا گیا تھا، لیکن وہ چھ ماہ سے اُمید سے ہے۔ کیونکہ اللہ کے نزدیک کوئی کام ناممکن نہیں ہے۔“ مریم نے جواب دیا، ”مَیں رب کی خدمت کے لئے حاضر ہوں۔ میرے ساتھ ویسا ہی ہو جیسا آپ نے کہا ہے۔“ اِس پر فرشتہ چلا گیا۔ اُن دنوں میں مریم یہودیہ کے پہاڑی علاقے کے ایک شہر کے لئے روانہ ہوئی۔ اُس نے جلدی جلدی سفر کیا۔ وہاں پہنچ کر وہ زکریاہ کے گھر میں داخل ہوئی اور الیشبع کو سلام کیا۔ مریم کا یہ سلام سن کر الیشبع کا بچہ اُس کے پیٹ میں اُچھل پڑا اور الیشبع خود روح القدس سے بھر گئی۔ اُس نے بلند آواز سے کہا، ”تُو تمام عورتوں میں مبارک ہے اور مبارک ہے تیرا بچہ! مَیں کون ہوں کہ میرے خداوند کی ماں میرے پاس آئی! جوں ہی مَیں نے تیرا سلام سنا بچہ میرے پیٹ میں خوشی سے اُچھل پڑا۔ تُو کتنی مبارک ہے، کیونکہ تُو ایمان لائی کہ جو کچھ رب نے فرمایا ہے وہ تکمیل تک پہنچے گا۔“ اِس پر مریم نے کہا، ”میری جان رب کی تعظیم کرتی ہے اور میری روح اپنے نجات دہندہ اللہ سے نہایت خوش ہے۔ کیونکہ اُس نے اپنی خادمہ کی پستی پر نظر کی ہے۔ ہاں، اب سے تمام نسلیں مجھے مبارک کہیں گی، کیونکہ قادرِ مطلق نے میرے لئے بڑے بڑے کام کئے ہیں۔ اُس کا نام قدوس ہے۔ جو اُس کا خوف مانتے ہیں اُن پر وہ پشت در پشت اپنی رحمت ظاہر کرے گا۔ اُس کی قدرت نے عظیم کام کر دکھائے ہیں، اور دل سے مغرور لوگ تتر بتر ہو گئے ہیں۔ اُس نے حکمرانوں کو اُن کے تخت سے ہٹا کر پست حال لوگوں کو سرفراز کر دیا ہے۔ بھوکوں کو اُس نے اچھی چیزوں سے مالا مال کر کے امیروں کو خالی ہاتھ لوٹا دیا ہے۔ وہ اپنے خادم اسرائیل کی مدد کے لئے آ گیا ہے۔ ہاں، اُس نے اپنی رحمت کو یاد کیا ہے، یعنی وہ دائمی وعدہ جو اُس نے ہمارے بزرگوں کے ساتھ کیا تھا، ابراہیم اور اُس کی اولاد کے ساتھ۔“ مریم تقریباً تین ماہ الیشبع کے ہاں ٹھہری رہی، پھر اپنے گھر لوٹ گئی۔ پھر الیشبع کا بچے کو جنم دینے کا دن آ پہنچا اور اُس کے بیٹا ہوا۔ جب اُس کے ہم سایوں اور رشتے داروں کو اطلاع ملی کہ رب کی اُس پر کتنی بڑی رحمت ہوئی ہے تو اُنہوں نے اُس کے ساتھ خوشی منائی۔
لوقا 26:1-58 کِتابِ مُقادّس (URD)
چھٹے مہِینے میں جبراؔئیل فرِشتہ خُدا کی طرف سے گلِیل کے ایک شہر میں جِس کا نام ناصرۃ تھا ایک کُنواری کے پاس بھیجا گیا۔ جِس کی منگنی داؤُد کے گھرانے کے ایک مَرد یُوسفؔ نام سے ہُوئی تھی اور اُس کُنواری کا نام مریمؔ تھا اور فرِشتہ نے اُس کے پاس اندر آ کر کہا سلام تُجھ کو جِس پر فضل ہُؤا ہے! خُداوند تیرے ساتھ ہے۔ وہ اِس کلام سے بُہت گھبرا گئی اور سوچنے لگی کہ یہ کَیسا سلام ہے۔ فرِشتہ نے اُس سے کہا اَے مریمؔ! خَوف نہ کر کیونکہ خُدا کی طرف سے تُجھ پر فضل ہُؤا ہے اور دیکھ تُو حامِلہ ہو گی اور تیرے بیٹا ہو گا۔ اُس کا نام یِسُوعؔ رکھنا۔ وہ بزُرگ ہو گا اور خُدا تعالےٰ کا بیٹا کہلائے گا اور خُداوند خُدا اُس کے باپ داؤُد کا تخت اُسے دے گا اور وہ یعقُوبؔ کے گھرانے پر ابد تک بادشاہی کرے گا اور اُس کی بادشاہی کا آخِر نہ ہو گا۔ مریمؔ نے فرِشتہ سے کہا یہ کیوں کر ہو گا جب کہ مَیں مَرد کو نہیں جانتی؟ اور فرِشتہ نے جواب میں اُس سے کہا کہ رُوحُ القُدس تُجھ پر نازِل ہو گا اور خُدا تعالےٰ کی قُدرت تُجھ پر سایہ ڈالے گی اور اِس سبب سے وہ مَولُودِ مُقدّس خُدا کا بیٹا کہلائے گا اور دیکھ تیری رِشتہ دار اِلیشِبَع کے بھی بُڑھاپے میں بیٹا ہونے والا ہے اور اب اُس کو جو بانجھ کہلاتی تھی چھٹا مہینہ ہے کیونکہ جو قَول خُدا کی طرف سے ہے وہ ہرگِز بے تاثِیر نہ ہو گا۔ مریمؔ نے کہا دیکھ مَیں خُداوند کی بندی ہُوں۔ میرے لِئے تیرے قَول کے مُوافِق ہو۔ تب فرِشتہ اُس کے پاس سے چلا گیا۔ اُن ہی دِنوں مریمؔ اُٹھی اور جلدی سے پہاڑی مُلک میں یہُوداؔہ کے ایک شہر کو گئی اور زکرؔیاہ کے گھر میں داخِل ہو کر اِلیشِبَع کو سلام کِیا اور جُونہی اِلیشِبَع نے مریمؔ کا سلام سُنا تو اَیسا ہُؤا کہ بچّہ اُس کے رَحِم میں اُچھل پڑا اور اِلیشِبَع رُوحُ القُدس سے بھر گئی اور بُلند آواز سے پُکار کر کہنے لگی کہ تُو عَورتوں میں مُبارِک اور تیرے رَحِم کا پَھل مُبارک ہے اور مُجھ پر یہ فضل کہاں سے ہُؤا کہ میرے خُداوند کی ماں میرے پاس آئی؟ کیونکہ دیکھ جُونہی تیرے سلام کی آواز میرے کان میں پُہنچی بچّہ مارے خُوشی کے میرے رَحمِ میں اُچھل پڑا اور مُبارک ہے وہ جو اِیمان لائی کیونکہ جو باتیں خُداوند کی طرف سے اُس سے کہی گئی تِھیں وہ پُوری ہوں گی۔ پِھر مریمؔ نے کہا کہ میری جان خُداوند کی بڑائی کرتی ہے اور میری رُوح میرے مُنّجی خُدا سے خُوش ہُوئی کیونکہ اُس نے اپنی بندی کی پست حالی پر نظر کی اور دیکھ اب سے لے کر ہر زمانہ کے لوگ مُجھ کو مُبارک کہیں گے کیونکہ اُس قادِر نے میرے لِئے بڑے بڑے کام کِئے ہیں اور اُس کا نام پاک ہے اور اُس کا رَحم اُن پر جو اُس سے ڈرتے ہیں پُشت دَر پُشت رہتا ہے۔ اُس نے اپنے بازُو سے زور دِکھایا اور جو اپنے تئِیں بڑا سمجھتے تھے اُن کو پراگندہ کِیا۔ اُس نے اِختیار والوں کو تخت سے گِرا دیا اور پست حالوں کو بُلند کِیا۔ اُس نے بُھوکوں کو اچھّی چِیزوں سے سیر کر دیا اور دَولت مندوں کو خالی ہاتھ لَوٹا دِیا۔ اُس نے اپنے خادِم اِسرائیلؔ کو سنبھال لِیا تاکہ اپنی اُس رحمت کو یاد فرمائے۔ جو ابرہامؔ اور اُس کی نسل پر ابد تک رہے گی جَیسا اُس نے ہمارے باپ دادا سے کہا تھا اور مریمؔ تِین مہِینے کے قرِیب اُس کے ساتھ رہ کر اپنے گھر کو لَوٹ گئی۔ اور اِلیشِبَع کے وضعِ حمل کا وقت آ پُہنچا اور اُس کے بیٹا ہُؤا اور اُس کے پڑوسِیوں اور رِشتہ داروں نے یہ سُن کر کہ خُداوند نے اُس پر بڑی رحمت کی اُس کے ساتھ خُوشی منائی۔