احبار 14:5-17
احبار 14:5-17 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
رب نے موسیٰ سے کہا، ”اگر کسی نے بےایمانی کر کے غیرارادی طور پر رب کی مخصوص اور مُقدّس چیزوں کے سلسلے میں گناہ کیا ہو، ایسا شخص قصور کی قربانی کے طور پر رب کو بےعیب اور قیمت کے لحاظ سے مناسب مینڈھا یا بکرا پیش کرے۔ اُس کی قیمت مقدِس کی شرح کے مطابق مقرر کی جائے۔ جتنا نقصان مقدِس کو ہوا ہے اُتنا ہی وہ دے۔ اِس کے علاوہ وہ مزید 20 فیصد ادا کرے۔ وہ اُسے امام کو دے دے اور امام جانور کو قصور کی قربانی کے طور پر پیش کر کے اُس کا کفارہ دے۔ یوں اُسے معافی مل جائے گی۔ اگر کوئی غیرارادی طور پر گناہ کر کے رب کے کسی حکم سے تجاوز کرے تو وہ قصوروار ہے، اور وہ اُس کا ذمہ دار ٹھہرے گا۔
احبار 14:5-17 کِتابِ مُقادّس (URD)
اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ اگر خُداوند کی پاک چِیزوں میں کِسی سے تقصِیر ہو اور وہ نادانِستہ خطا کرے تو وہ اپنے جُرم کی قُربانی کے طَور پر ریوڑ میں سے بے عَیب مینڈھا خُداوند کے حضُور چڑھائے۔ جُرم کی قُربانی کے لِئے اُس کی قیمت مَقدِس کی مِثقال کے حساب سے چاندی کی اُتنی ہی مِثقالیں ہوں جِتنی تُو مُقرّر کر دے۔ اور جِس پاک چِیز میں اُس سے تقصِیر ہُوئی ہے وہ اُس کا مُعاوضہ دے اور اُس میں پانچواں حِصّہ اَور بڑھا کر اُسے کاہِن کے حوالہ کرے۔ یُوں کاہِن جُرم کی قُربانی کا مینڈھا چڑھا کر اُس کا کفّارہ دے تو اُسے مُعافی مِلے گی۔ اور اگر کوئی خطا کرے اور اُن کاموں میں سے جِنہیں خُداوند نے منع کِیا ہے کِسی کام کو کرے تو چاہے وہ یہ بات جانتا بھی نہ ہو تَو بھی مُجرم ٹھہرے گا اور اُس کا گُناہ اُسی کے سر لگے گا۔