احبار 1:23-8
احبار 1:23-8 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
اَور یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، ”بنی اِسرائیل سے مُخاطِب ہو اَور اُنہیں حُکم دو، ’یہ یَاہوِہ کی مُقرّرہ عیدیں ہیں، جنہیں تُم مُقدّس اِجتماعات کے طور پر اعلان کرنا؛ میری مُقرّرہ عیدیں یہ ہیں: ” ’چھ دِن ہیں جِن میں تُم کام کاج کر سکتے ہو لیکن ساتواں دِن مُکمّل آرام کا سَبت اَور مُقدّس اِجتماع کا دِن ہے۔ لہٰذا جہاں کہیں بھی تمہاری رہائش ہو تُم اُس دِن کویٔی بھی کام نہ کرنا کیونکہ یہ یَاہوِہ کے لیٔے ایک سَبت ہوگا۔ ” ’یَاہوِہ کی مُقرّرہ عیدیں جِن کا اعلان تُمہیں مُقدّس اِجتماعات کے لیٔے مُقرّرہ وقت پر کرنا ہوگا، یہ ہیں۔ یَاہوِہ کا عیدِفسح پہلے مہینے کی چودھویں تاریخ کو شام کے وقت شروع ہوتاہے۔ اَور اُسی مہینے کے پندرھویں دِن کو یَاہوِہ کی بے خمیری روٹی کی عید شروع ہوتی ہے؛ سات دِن تک تُم بے خمیری روٹی کھانا۔ پہلے دِن مُقدّس اِجتماع ہوگا اَور اِس دِن تُم عام دِنوں کی طرح کویٔی کام بالکُل نہ کرنا۔ اَور ساتویں دِن تک تُم یَاہوِہ کو آتِشی قُربانیاں پیش کرنا۔ اَور پھر ساتویں دِن پھر تمہارا مُقدّس اِجتماع ہو اَور حسبِ معمول کویٔی کام نہ کرنا۔‘ “
احبار 1:23-8 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
رب نے موسیٰ سے کہا، ”اسرائیلیوں کو بتانا کہ یہ میری، رب کی عیدیں ہیں جن پر تمہیں لوگوں کو مُقدّس اجتماع کے لئے جمع کرنا ہے۔ ہفتے میں چھ دن کام کرنا، لیکن ساتواں دن ہر طرح سے آرام کا دن ہے۔ اُس دن مُقدّس اجتماع ہو۔ جہاں بھی تم رہتے ہو وہاں کام نہ کرنا۔ یہ دن رب کے لئے مخصوص سبت ہے۔ یہ رب کی عیدیں ہیں جن پر تمہیں لوگوں کو مُقدّس اجتماع کے لئے جمع کرنا ہے۔ فسح کی عید پہلے مہینے کے چودھویں دن شروع ہوتی ہے۔ اُس دن سورج کے غروب ہونے پر رب کی خوشی منائی جائے۔ اگلے دن رب کی یاد میں بےخمیری روٹی کی عید شروع ہوتی ہے۔ سات دن تک تمہاری روٹی میں خمیر نہ ہو۔ اِن سات دنوں کے پہلے دن مُقدّس اجتماع ہو اور لوگ اپنا ہر کام چھوڑیں۔ اِن سات دنوں میں روزانہ رب کو جلنے والی قربانی پیش کرو۔ ساتویں دن بھی مُقدّس اجتماع ہو اور لوگ اپنا ہر کام چھوڑیں۔“
احبار 1:23-8 کِتابِ مُقادّس (URD)
اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ بنی اِسرائیل سے کہہ کہ خُداوند کی عِیدیں جِن کا تُم کو مُقدّس مجمعوں کے لِئے اِعلان دینا ہو گا میری وہ عِیدیں یہ ہیں۔ چھ دِن کام کاج کِیا جائے پر ساتواں دِن خاص آرام کا اور مُقدّس مجمع کا سبت ہے۔ اُس روز کِسی طرح کا کام نہ کرنا۔ وہ تُمہاری سب سکُونت گاہوں میں خُداوند کا سبت ہے۔ خُداوند کی عِیدیں جِن کا اِعلان تُم کو مُقدّس مجمعوں کے لِئے وقتِ مُعیّن پر کرنا ہو گا سو یہ ہیں۔ پہلے مہِینے کی چَودھوِیں تارِیخ کو شام کے وقت خُداوند کی فَسح ہُؤا کرے۔ اور اُسی مہِینے کی پندرھوِیں تارِیخ کو خُداوند کے لِئے عِیدِ فطِیر ہو۔ اُس میں تُم سات دِن تک بے خمِیری روٹی کھانا۔ پہلے دِن تُمہارا مُقدّس مجمع ہو۔ اُس میں تُم کوئی خادِمانہ کام نہ کرنا۔ اور ساتوں دِن تُم خُداوند کے حضُور آتشِین قُربانی گُذراننا اور ساتویں دِن پِھر مُقدّس مجمع ہو۔ اُس روز تُم کوئی خادِمانہ کام نہ کرنا۔