YouVersion Logo
تلاش

احبار 2:16-34

احبار 2:16-34 کِتابِ مُقادّس (URD)

خُداوند مُوسیٰؔ سے ہم کلام ہُؤا اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا اپنے بھائی ہارُونؔ سے کہہ کہ وہ ہر وقت پردہ کے اندر کے پاکترین مقام میں سرپوش کے پاس جو صندُوق کے اُوپر ہے نہ آیا کرے تاکہ وہ مَر نہ جائے کیونکہ مَیں سرپوش پر ابر میں دِکھائی دُوں گا۔ اور ہارُونؔ پاکترین مقام میں اِس طرح آئے کہ خطا کی قُربانی کے لِئے ایک بچھڑا اور سوختنی قُربانی کے لِئے ایک مینڈھا لائے۔ اور وہ کتان کا مُقدّس کُرتہ پہنے اور اُس کے تن پر کتان کا پاجامہ ہو اور کتان کے کمربند سے اُس کی کمر کَسی ہُوئی ہو اور کتان ہی کا عمامہ اُس کے سر پر بندھا ہو۔ یہ مُقدّس لِباس ہیں اور وہ اِن کو پانی سے نہا کر پہنے۔ اور بنی اِسرائیل کی جماعت سے خطا کی قُربانی کے لِئے دو بکرے اور سوختنی قُربانی کے لِئے ایک مینڈھا لے۔ اور ہارُونؔ خطا کی قُربانی کے بچھڑے کو جو اُس کی طرف سے ہے گُذران کر اپنے اور اپنے گھر کے لِئے کفّارہ دے۔ پِھر اُن دونوں بکروں کو لے کر اُن کو خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر خُداوند کے حضُور کھڑا کرے۔ اور ہارُونؔ اُن دونوں بکروں پر چِٹھّیاں ڈالے۔ ایک چِٹّھّی خُداوند کے لِئے اور دُوسری عزازیلؔ کے لِئے ہو۔ اور جِس بکرے پر خُداوند کے نام کی چِٹھّی نِکلے اُسے ہارُونؔ لے کر خطا کی قُربانی کے لِئے چڑھائے۔ لیکن جِس بکرے پر عزازیلؔ کے نام کی چِٹھّی نِکلے وہ خُداوند کے حضُور زِندہ کھڑا کِیا جائے تاکہ اُس سے کفّارہ دِیا جائے اور وہ عزازیلؔ کے لِئے بیابان میں چھوڑ دِیا جائے۔ اور ہارُونؔ خطا کی قُربانی کے بچھڑے کو جو اُس کی طرف سے ہے آگے لا کر اپنے اور اپنے گھر کے لِئے کفّارہ دے اور اُس بچھڑے کو جو اُس کی طرف سے خطا کی قُربانی کے لِئے ہے ذبح کرے۔ اور وہ ایک بخُور دان کو لے جِس میں خُداوند کے مذبح پر کی آگ کے انگارے بھرے ہوں اور اپنی مُٹھیاں بارِیک خُوشبُودار بخُور سے بھر لے اور اُسے پردہ کے اندر لائے۔ اور اُس بخُور کو خُداوند کے حضُور آگ میں ڈالے تاکہ بخُور کا دُھواں سرپوش کو جو شہادت کے صندُوق کے اُوپر ہے چِھپا لے کہ وہ ہلاک نہ ہو۔ پِھر وہ اُس بچھڑے کا کُچھ خُون لے کر اُسے اپنی اُنگلی سے مشرِق کی طرف سرپوش کے اُوپر چِھڑکے اور سرپوش کے آگے بھی کُچھ خُون اپنی اُنگلی سے سات بار چِھڑکے۔ پِھر وہ خطا کی قُربانی کے اُس بکرے کو ذبح کرے جو جماعت کی طرف سے ہے اور اُس کے خُون کو پردہ کے اندر لا کر جو کُچھ اُس نے بچھڑے کے خُون سے کِیا تھا وُہی اِس سے بھی کرے اور اُسے سرپوش کے اُوپر اور اُس کے سامنے چِھڑکے۔ اور بنی اِسرائیل کی ساری نجاستوں اور گُناہوں اور خطاؤں کے سبب سے پاکترین مقام کے لِئے کفّارہ دے اور اَیسا ہی وہ خَیمۂِ اِجتماع کے لِئے بھی کرے جو اُن کے ساتھ اُن کی نجاستوں کے درمِیان رہتا ہے۔ اور جب وہ کفّارہ دینے کو پاکترین مقام کے اندر جائے تو جب تک وہ اپنے اور اپنے گھرانے اور بنی اِسرائیل کی ساری جماعت کے لِئے کفّارہ دے کر باہر نہ آ جائے اُس وقت تک کوئی آدمی خَیمۂِ اِجتماع کے اندر نہ رہے۔ پِھر وہ نِکل کر اُس مذبح کے پاس جو خُداوند کے حضُور ہے جائے اور اُس کے لِئے کفّارہ دے اور اُس بچھڑے اور بکرے کا تھوڑا تھوڑا سا خُون لے کر مذبح کے سِینگوں پر گِرداگِرد لگائے۔ اور کُچھ خُون اُس کے اُوپر سات بار اپنی اُنگلی سے چِھڑکے اور اُسے بنی اِسرائیل کی نجاستوں سے پاک اور مُقدّس کرے۔ اور جب وہ پاکترین مقام اور خیمۂِ اِجتماع اور مذبح کے لِئے کفّارہ دے چُکے تو اُس زِندہ بکرے کو آگے لائے۔ اور ہارُونؔ اپنے دونوں ہاتھ اُس زِندہ بکرے کے سر پر رکھ کر اُس کے اُوپر بنی اِسرائیل کی سب بدکارِیوں اور اُن کے سب گُناہوں اور خطاؤں کا اِقرار کرے اور اُن کو اُس بکرے کے سر پر دھر کر اُسے کِسی شخص کے ہاتھ جو اِس کام کے لِئے تیّار ہو بیابان میں بھجوا دے۔ اور وہ بکرا اُن کی سب بدکارِیاں اپنے اُوپر لادے ہُوئے کِسی وِیرانہ میں لے جائے گا۔ سو وہ اُس بکرے کو بیابان میں چھوڑ دے۔ پِھر ہارُونؔ خَیمۂِ اِجتماع میں آ کر کتان کے سارے لِباس کو جِسے اُس نے پاکترین مقام میں جاتے وقت پہنا تھا اُتارے اور اُس کو وہِیں رہنے دے۔ پِھر وہ اِسی پاک جگہ میں پانی سے غُسل کر کے اپنے کپڑے پہن لے اور باہر آ کر اپنی سوختنی قُربانی اور جماعت کی سوختنی قُربانی گُذرانے اور اپنے لِئے اور جماعت کے لِئے کفّارہ دے۔ اور خطا کی قُربانی کی چربی کو مذبح پر جلائے۔ اور جو آدمی بکرے کو عزازیلؔ کے لِئے چھوڑ کر آئے وہ اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے نہائے۔ اِس کے بعد وہ لشکر گاہ میں داخِل ہو۔ اور خطا کی قُربانی کے بچھڑے کو اور خطا کی قُربانی کے بکرے کو جِن کا خُون پاکترین مقام میں کفّارہ کے لِئے پُہنچایا جائے اُن کو وہ لشکر گاہ سے باہر لے جائیں اور اُن کی کھال اور گوشت اور فُضلات کو آگ میں جلا دیں۔ اور جو اُن کو جلائے وہ اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے غُسل کرے۔ اِس کے بعد وہ لشکر گاہ میں داخِل ہو۔ اور یہ تُمہارے لِئے ایک دائِمی قانُون ہو کہ ساتویں مہِینے کی دسوِیں تارِیخ کو تُم اپنی اپنی جان کو دُکھ دینا اور اُس دِن کوئی خواہ وہ دیسی ہو یا پردیسی جو تُمہارے بِیچ بُود و باش رکھتا ہو کِسی طرح کا کام نہ کرے۔ کیونکہ اُس روز تُمہارے واسطے تُم کو پاک کرنے کے لِئے کفّارہ دِیا جائے گا۔ سو تُم اپنے سب گُناہوں سے خُداوند کے حضُور پاک ٹھہرو گے۔ یہ تُمہارے لِئے خاص آرام کا سبت ہو گا۔ تُم اُس دِن اپنی اپنی جان کو دُکھ دینا۔ یہ دائِمی قانون ہے۔ اور جو اپنے باپ کی جگہ کاہِن ہونے کے لِئے مَسح اور مخصُوص کِیا جائے وہ کاہِن کفّارہ دِیا کرے یعنی کتان کے مُقدّس لِباس کو پہن کر۔ وہ مَقدِس کے لِئے کفّارہ دے اور خَیمۂِ اِجتماع اور مذبح کے لِئے کفّارہ دے اور کاہِنوں اور جماعت کے سب لوگوں کے لِئے کفّارہ دے۔ سو یہ تُمہارے لِئے ایک دائِمی قانُون ہو کہ تُم بنی اِسرائیل کے واسطے سال میں ایک دفعہ اُن کے سب گُناہوں کا کفّارہ دو۔ اور اُس نے جَیسا خُداوند نے مُوسیٰؔ کو حُکم دِیا تھا وَیسا ہی کِیا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں احبار 16

احبار 2:16-34 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

اُس نے کہا، ”اپنے بھائی ہارون کو بتانا کہ وہ صرف مقررہ وقت پر پردے کے پیچھے مُقدّس ترین کمرے میں داخل ہو کر عہد کے صندوق کے ڈھکنے کے سامنے کھڑا ہو جائے، ورنہ وہ مر جائے گا۔ کیونکہ مَیں خود اُس ڈھکنے کے اوپر بادل کی صورت میں ظاہر ہوتا ہوں۔ اور جب بھی وہ داخل ہو تو گناہ کی قربانی کے لئے ایک جوان بَیل اور بھسم ہونے والی قربانی کے لئے ایک مینڈھا پیش کرے۔ پہلے وہ نہا کر امام کے کتان کے مُقدّس کپڑے پہن لے یعنی زیر جامہ، اُس کے نیچے پاجامہ، پھر کمربند اور پگڑی۔ اسرائیل کی جماعت ہارون کو گناہ کی قربانی کے لئے دو بکرے اور بھسم ہونے والی قربانی کے لئے ایک مینڈھا دے۔ پہلے ہارون اپنے اور اپنے گھرانے کے لئے جوان بَیل کو گناہ کی قربانی کے طور پر چڑھائے۔ پھر وہ دونوں بکروں کو ملاقات کے خیمے کے دروازے پر رب کے سامنے لے آئے۔ وہاں وہ قرعہ ڈال کر ایک کو رب کے لئے چنے اور دوسرے کو عزازیل کے لئے۔ جو بکرا رب کے لئے ہے اُسے وہ گناہ کی قربانی کے طور پر پیش کرے۔ دوسرا بکرا جو قرعے کے ذریعے عزازیل کے لئے چنا گیا اُسے زندہ حالت میں رب کے سامنے کھڑا کیا جائے تاکہ وہ جماعت کا کفارہ دے۔ وہاں سے اُسے ریگستان میں عزازیل کے پاس بھیجا جائے۔ لیکن پہلے ہارون جوان بَیل کو گناہ کی قربانی کے طور پر چڑھا کر اپنا اور اپنے گھرانے کا کفارہ دے۔ اُسے ذبح کرنے کے بعد وہ بخور کی قربان گاہ سے جلتے ہوئے کوئلوں سے بھرا ہوا برتن لے کر اپنی دونوں مٹھیاں باریک خوشبودار بخور سے بھر لے اور مُقدّس ترین کمرے میں داخل ہو جائے۔ وہاں وہ رب کے حضور بخور کو جلتے ہوئے کوئلوں پر ڈال دے۔ اِس سے پیدا ہونے والا دھواں عہد کے صندوق کا ڈھکنا چھپا دے گا تاکہ ہارون مر نہ جائے۔ اب وہ جوان بَیل کے خون میں سے کچھ لے کر اپنی اُنگلی سے ڈھکنے کے سامنے والے حصے پر چھڑکے، پھر کچھ اپنی اُنگلی سے سات بار اُس کے سامنے زمین پر چھڑکے۔ اِس کے بعد وہ اُس بکرے کو ذبح کرے جو قوم کے لئے گناہ کی قربانی ہے۔ وہ اُس کا خون مُقدّس ترین کمرے میں لے آئے اور اُسے بَیل کے خون کی طرح عہد کے صندوق کے ڈھکنے پر اور سات بار اُس کے سامنے زمین پر چھڑکے۔ یوں وہ مُقدّس ترین کمرے کا کفارہ دے گا جو اسرائیلیوں کی ناپاکیوں اور تمام گناہوں سے متاثر ہوتا رہتا ہے۔ اِس سے وہ ملاقات کے پورے خیمے کا بھی کفارہ دے گا جو خیمہ گاہ کے درمیان ہونے کے باعث اسرائیلیوں کی ناپاکیوں سے متاثر ہوتا رہتا ہے۔ جتنا وقت ہارون اپنا، اپنے گھرانے کا اور اسرائیل کی پوری جماعت کا کفارہ دینے کے لئے مُقدّس ترین کمرے میں رہے گا اِس دوران کسی دوسرے کو ملاقات کے خیمے میں ٹھہرنے کی اجازت نہیں ہے۔ پھر وہ مُقدّس ترین کمرے سے نکل کر خیمے میں رب کے سامنے پڑی قربان گاہ کا کفارہ دے۔ وہ بَیل اور بکرے کے خون میں سے کچھ لے کر اُسے قربان گاہ کے چاروں سینگوں پر لگائے۔ کچھ خون وہ اپنی اُنگلی سے سات بار اُس پر چھڑک دے۔ یوں وہ اُسے اسرائیلیوں کی ناپاکیوں سے پاک کر کے مخصوص و مُقدّس کرے گا۔ مُقدّس ترین کمرے، ملاقات کے خیمے اور قربان گاہ کا کفارہ دینے کے بعد ہارون زندہ بکرے کو سامنے لائے۔ وہ اپنے دونوں ہاتھ اُس کے سر پر رکھے اور اسرائیلیوں کے تمام قصور یعنی اُن کے تمام جرائم اور گناہوں کا اقرار کر کے اُنہیں بکرے کے سر پر ڈال دے۔ پھر وہ اُسے ریگستان میں بھیج دے۔ اِس کے لئے وہ بکرے کو ایک آدمی کے سپرد کرے جسے یہ ذمہ داری دی گئی ہے۔ بکرا اپنے آپ پر اُن کا تمام قصور اُٹھا کر کسی ویران جگہ میں لے جائے گا۔ وہاں ساتھ والا آدمی اُسے چھوڑ آئے۔ اِس کے بعد ہارون ملاقات کے خیمے میں جائے اور کتان کے وہ کپڑے جو اُس نے مُقدّس ترین کمرے میں داخل ہونے سے پیشتر پہن لئے تھے اُتار کر وہیں چھوڑ دے۔ وہ مُقدّس جگہ پر نہا کر اپنی خدمت کے عام کپڑے پہن لے۔ پھر وہ باہر آ کر اپنے اور اپنی قوم کے لئے بھسم ہونے والی قربانی پیش کرے تاکہ اپنا اور اپنی قوم کا کفارہ دے۔ اِس کے علاوہ وہ گناہ کی قربانی کی چربی قربان گاہ پر جلا دے۔ جو آدمی عزازیل کے لئے بکرے کو ریگستان میں چھوڑ آیا ہے وہ اپنے کپڑے دھو کر نہا لے۔ اِس کے بعد وہ خیمہ گاہ میں آ سکتا ہے۔ جس بَیل اور بکرے کو گناہ کی قربانی کے لئے پیش کیا گیا اور جن کا خون کفارہ دینے کے لئے مُقدّس ترین کمرے میں لایا گیا، لازم ہے کہ اُن کی کھالیں، گوشت اور گوبر خیمہ گاہ کے باہر جلا دیا جائے۔ یہ چیزیں جلانے والا بعد میں اپنے کپڑے دھو کر نہا لے۔ پھر وہ خیمہ گاہ میں آ سکتا ہے۔ لازم ہے کہ ساتویں مہینے کے دسویں دن اسرائیلی اور اُن کے درمیان رہنے والے پردیسی اپنی جان کو دُکھ دیں اور کام نہ کریں۔ یہ اصول تمہارے لئے ابد تک قائم رہے۔ اِس دن تمہارا کفارہ دیا جائے گا تاکہ تمہیں پاک کیا جائے۔ تب تم رب کے سامنے اپنے تمام گناہوں سے پاک ٹھہرو گے۔ پورا دن آرام کرو اور اپنی جان کو دُکھ دو۔ یہ اصول ابد تک قائم رہے۔ اِس دن امامِ اعظم تمہارا کفارہ دے، وہ امام جسے اُس کے باپ کی جگہ مسح کیا گیا اور اختیار دیا گیا ہے۔ وہ کتان کے مُقدّس کپڑے پہن کر مُقدّس ترین کمرے، ملاقات کے خیمے، قربان گاہ، اماموں اور جماعت کے تمام لوگوں کا کفارہ دے۔ لازم ہے کہ سال میں ایک دفعہ اسرائیلیوں کے تمام گناہوں کا کفارہ دیا جائے۔ یہ اصول تمہارے لئے ابد تک قائم رہے۔“ سب کچھ ویسے ہی کیا گیا جیسا رب نے موسیٰ کو حکم دیا تھا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں احبار 16