YouVersion Logo
تلاش

احبار 1:16-14

احبار 1:16-14 کِتابِ مُقادّس (URD)

اور ہارُونؔ کے دو بیٹوں کی وفات کے بعد جب وہ خُداوند کے نزدِیک آئے اور مَر گئے۔ خُداوند مُوسیٰؔ سے ہم کلام ہُؤا اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا اپنے بھائی ہارُونؔ سے کہہ کہ وہ ہر وقت پردہ کے اندر کے پاکترین مقام میں سرپوش کے پاس جو صندُوق کے اُوپر ہے نہ آیا کرے تاکہ وہ مَر نہ جائے کیونکہ مَیں سرپوش پر ابر میں دِکھائی دُوں گا۔ اور ہارُونؔ پاکترین مقام میں اِس طرح آئے کہ خطا کی قُربانی کے لِئے ایک بچھڑا اور سوختنی قُربانی کے لِئے ایک مینڈھا لائے۔ اور وہ کتان کا مُقدّس کُرتہ پہنے اور اُس کے تن پر کتان کا پاجامہ ہو اور کتان کے کمربند سے اُس کی کمر کَسی ہُوئی ہو اور کتان ہی کا عمامہ اُس کے سر پر بندھا ہو۔ یہ مُقدّس لِباس ہیں اور وہ اِن کو پانی سے نہا کر پہنے۔ اور بنی اِسرائیل کی جماعت سے خطا کی قُربانی کے لِئے دو بکرے اور سوختنی قُربانی کے لِئے ایک مینڈھا لے۔ اور ہارُونؔ خطا کی قُربانی کے بچھڑے کو جو اُس کی طرف سے ہے گُذران کر اپنے اور اپنے گھر کے لِئے کفّارہ دے۔ پِھر اُن دونوں بکروں کو لے کر اُن کو خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر خُداوند کے حضُور کھڑا کرے۔ اور ہارُونؔ اُن دونوں بکروں پر چِٹھّیاں ڈالے۔ ایک چِٹّھّی خُداوند کے لِئے اور دُوسری عزازیلؔ کے لِئے ہو۔ اور جِس بکرے پر خُداوند کے نام کی چِٹھّی نِکلے اُسے ہارُونؔ لے کر خطا کی قُربانی کے لِئے چڑھائے۔ لیکن جِس بکرے پر عزازیلؔ کے نام کی چِٹھّی نِکلے وہ خُداوند کے حضُور زِندہ کھڑا کِیا جائے تاکہ اُس سے کفّارہ دِیا جائے اور وہ عزازیلؔ کے لِئے بیابان میں چھوڑ دِیا جائے۔ اور ہارُونؔ خطا کی قُربانی کے بچھڑے کو جو اُس کی طرف سے ہے آگے لا کر اپنے اور اپنے گھر کے لِئے کفّارہ دے اور اُس بچھڑے کو جو اُس کی طرف سے خطا کی قُربانی کے لِئے ہے ذبح کرے۔ اور وہ ایک بخُور دان کو لے جِس میں خُداوند کے مذبح پر کی آگ کے انگارے بھرے ہوں اور اپنی مُٹھیاں بارِیک خُوشبُودار بخُور سے بھر لے اور اُسے پردہ کے اندر لائے۔ اور اُس بخُور کو خُداوند کے حضُور آگ میں ڈالے تاکہ بخُور کا دُھواں سرپوش کو جو شہادت کے صندُوق کے اُوپر ہے چِھپا لے کہ وہ ہلاک نہ ہو۔ پِھر وہ اُس بچھڑے کا کُچھ خُون لے کر اُسے اپنی اُنگلی سے مشرِق کی طرف سرپوش کے اُوپر چِھڑکے اور سرپوش کے آگے بھی کُچھ خُون اپنی اُنگلی سے سات بار چِھڑکے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں احبار 16

احبار 1:16-14 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

اَہرونؔ کے دونوں بیٹوں کی وفات کے بعد، یَاہوِہ مَوشہ سے ہم کلام ہُوئے، کیونکہ اُن کے دونوں بیٹے یَاہوِہ کی حُضُوری میں پاک ترین مقام میں داخل ہوکر مَر گیٔے تھے۔ اَور یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا: ”اَپنے بھایٔی اَہرونؔ کو حُکم دو جَب دِل چاہے تَب پردہ کے پیچھے پاک ترین مقام میں کفّارہ کے سرپوش کے سامنے جو عہد کے صندُوق پر ہے نہ آیا کرے ورنہ وہ مَر جائے گا۔ کیونکہ مَیں کفّارہ کے سرپوش کے اُوپر بادل میں ظاہر ہوتا ہُوں۔ ”اِن قوانین پر عَمل کرنے کے بعد ہی اَہرونؔ پاک ترین مقام میں اِس طرح داخل ہُوں، وہ گُناہ کی قُربانی کے لیٔے ایک جَوان بچھڑا اَور سوختنی نذر کے لیٔے ایک مینڈھا ساتھ ضروُر لائیں۔ وہ کتان کا مُقدّس کُرتہ پہنے اَور کتان کا لباس اَور اَپنے نیچے پاجامہ پہنے ہو؛ اَور کتان کے پٹکے سے اُس کی کمر بندھی ہو، اَور اُس کے سَر پر کتان کا عمامہ بندھا ہو؛ یہ مُقدّس لباس ہیں لہٰذا وہ اُنہیں پہننے سے پیشتر پانی سے غُسل کرے۔ اَور وہ اِسرائیلی جماعت سے گُناہ کی قُربانی کے لیٔے دو بکرے اَور سوختنی نذر کے لیٔے ایک مینڈھا لے۔ ”اَور اَہرونؔ خُود اَپنی اَور اَپنے گھرانے کی خاطِر گُناہ کی قُربانی کے لیٔے اُس بچھڑے کو پیش کرے تاکہ اُس کے لیٔے اَور اُس کے گھرانے کے لیٔے کفّارہ اَدا ہو۔ پھر وہ اُن دونوں بکروں کو لے کر خیمہ اِجتماع کے مدخل پر یَاہوِہ کے حُضُور میں کھڑا کرے۔ اَور اَہرونؔ اُن دونوں بکروں پر قُرعہ ڈالیں ایک قُرعہ یَاہوِہ کے لیٔے اَور دُوسرا قُرعہ عزازیلؔ کے لیٔے۔ اَور اَہرونؔ اُس بکرے کو جِس پر یَاہوِہ کے نام کا قُرعہ نِکلا تھا، اُسے گُناہ کی قُربانی کے لیٔے گذرانے۔ لیکن جِس بکرے پر عزازیلؔ کے نام کا قُرعہ نِکلا تھا، اُسے زندہ ہی یَاہوِہ کے حُضُور میں کفّارہ اَدا کرنے کے لیٔے پیش کیا جا سکے اَور وہ بیابان میں عزازیلؔ کے لیٔے چھوڑ دیاجایٔے۔ ”اَور اَہرونؔ خُود اَپنے گُناہ کی قُربانی کے لیٔے اُس بچھڑے کو لایٔے تاکہ اَپنے اَور اَپنے گھرانے کے لیٔے کفّارہ دے اَور وہ اَپنے گُناہ کی قُربانی کے لیٔے اُس بچھڑے کو ذبح کرے۔ اَور وہ ایک بخُوردان لے جِس میں یَاہوِہ کے مذبح پر کے آگ کے اَنگارے بھرے ہُوں اَور اَپنی دونوں مُٹھّیوں میں مہین پِسا ہُوا خُوشبودار بخُور لے کر اُسے پردہ کے اَندر لائے، اَور وہ اُس بخُور کو یَاہوِہ کے حُضُور آگ میں ڈال دے تاکہ اُس بخُور کا دُھواں کفّارہ کے سرپوش کو جو شہادت کے صندُوق کے اُوپر ہے چھُپا لے کہ وہ ہلاک نہ ہو۔ پھر وہ اُس بچھڑے کا کچھ خُون لے کر اُسے اَپنی اُنگلی سے اُسے مشرقی سمت کی طرف کفّارہ کے سرپوش کے سامنے چھڑکے اَور پھر اُس خُون میں سے کچھ وہ اَپنی اُنگلی سے سات بار کفّارہ کے سرپوش کے آگے چھڑکے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں احبار 16

احبار 1:16-14 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

جب ہارون کے دو بیٹے رب کے قریب آ کر ہلاک ہوئے تو اِس کے بعد رب موسیٰ سے ہم کلام ہوا۔ اُس نے کہا، ”اپنے بھائی ہارون کو بتانا کہ وہ صرف مقررہ وقت پر پردے کے پیچھے مُقدّس ترین کمرے میں داخل ہو کر عہد کے صندوق کے ڈھکنے کے سامنے کھڑا ہو جائے، ورنہ وہ مر جائے گا۔ کیونکہ مَیں خود اُس ڈھکنے کے اوپر بادل کی صورت میں ظاہر ہوتا ہوں۔ اور جب بھی وہ داخل ہو تو گناہ کی قربانی کے لئے ایک جوان بَیل اور بھسم ہونے والی قربانی کے لئے ایک مینڈھا پیش کرے۔ پہلے وہ نہا کر امام کے کتان کے مُقدّس کپڑے پہن لے یعنی زیر جامہ، اُس کے نیچے پاجامہ، پھر کمربند اور پگڑی۔ اسرائیل کی جماعت ہارون کو گناہ کی قربانی کے لئے دو بکرے اور بھسم ہونے والی قربانی کے لئے ایک مینڈھا دے۔ پہلے ہارون اپنے اور اپنے گھرانے کے لئے جوان بَیل کو گناہ کی قربانی کے طور پر چڑھائے۔ پھر وہ دونوں بکروں کو ملاقات کے خیمے کے دروازے پر رب کے سامنے لے آئے۔ وہاں وہ قرعہ ڈال کر ایک کو رب کے لئے چنے اور دوسرے کو عزازیل کے لئے۔ جو بکرا رب کے لئے ہے اُسے وہ گناہ کی قربانی کے طور پر پیش کرے۔ دوسرا بکرا جو قرعے کے ذریعے عزازیل کے لئے چنا گیا اُسے زندہ حالت میں رب کے سامنے کھڑا کیا جائے تاکہ وہ جماعت کا کفارہ دے۔ وہاں سے اُسے ریگستان میں عزازیل کے پاس بھیجا جائے۔ لیکن پہلے ہارون جوان بَیل کو گناہ کی قربانی کے طور پر چڑھا کر اپنا اور اپنے گھرانے کا کفارہ دے۔ اُسے ذبح کرنے کے بعد وہ بخور کی قربان گاہ سے جلتے ہوئے کوئلوں سے بھرا ہوا برتن لے کر اپنی دونوں مٹھیاں باریک خوشبودار بخور سے بھر لے اور مُقدّس ترین کمرے میں داخل ہو جائے۔ وہاں وہ رب کے حضور بخور کو جلتے ہوئے کوئلوں پر ڈال دے۔ اِس سے پیدا ہونے والا دھواں عہد کے صندوق کا ڈھکنا چھپا دے گا تاکہ ہارون مر نہ جائے۔ اب وہ جوان بَیل کے خون میں سے کچھ لے کر اپنی اُنگلی سے ڈھکنے کے سامنے والے حصے پر چھڑکے، پھر کچھ اپنی اُنگلی سے سات بار اُس کے سامنے زمین پر چھڑکے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں احبار 16