YouVersion Logo
تلاش

نوحہ 21:3-66

نوحہ 21:3-66 کِتابِ مُقادّس (URD)

مَیں اِس پر سوچتا رہتا ہُوں۔ اِسی لِئے مَیں اُمّیدوار ہُوں یہ خُداوند کی شفقت ہے کہ ہم فنا نہیں ہُوئے کیونکہ اُس کی رحمت لازوال ہے۔ وہ ہر صُبح تازہ ہے۔ تیری وفاداری عظِیم ہے۔ میری جان نے کہا میرا بخرہ خُداوند ہے اِس لِئے میری اُمّید اُسی سے ہے۔ خُداوند اُن پر مِہربان ہے جو اُس کے مُنتظِر ہیں۔ اُس جان پر جو اُس کی طالِب ہے۔ یہ خُوب ہے کہ آدمی اُمّیدوار رہے اور خاموشی سے خُداوند کی نجات کا اِنتظار کرے۔ آدمی کے لِئے بِہتر ہے کہ اپنی جوانی کے ایّام میں فرمانبرداری کرے۔ وہ تنہا بَیٹھے اور خاموش رہے کیونکہ یہ خُدا ہی نے اُس پر رکھّا ہے۔ وہ اپنا مُنہ خاک پر رکھّے کہ شاید کُچھ اُمّید کی صُورت نِکلے۔ وہ اپنا گال اُس کی طرف پھیر دے جو اُسے طمانچہ مارتا ہے اور ملامت سے خُوب سیر ہو۔ کیونکہ خُداوند ہمیشہ کے لِئے ردّ نہ کرے گا۔ کیونکہ اگرچہ وہ دُکھ دے تَو بھی اپنی شفقت کی فراوانی سے رحم کرے گا۔ کیونکہ وہ بنی آدمؔ پر خُوشی سے دُکھ مُصِیبت نہیں بھیجتا۔ رُویِ زمِین کے سب قَیدیوں کو پامال کرنا۔ حق تعالیٰ کے حضُور کِسی اِنسان کی حق تلفی کرنا اور کِسی آدمی کا مُقدّمہ بِگاڑنا خُداوند دیکھ نہیں سکتا۔ وہ کَون ہے جِس کے کہنے کے مُطابِق ہوتا ہے حالانکہ خُداوند نہیں فرماتا؟ کیا بھلائی اور بُرائی حق تعالیٰ ہی کے حُکم سے نہیں ہے؟ پس آدمی جِیتے جی کیوں شِکایت کرے جب کہ اُسے گُناہوں کی سزا مِلتی ہو؟ ہم اپنی راہوں کو ڈُھونڈیں اور جانچیں اور خُداوند کی طرف پِھریں۔ ہم اپنے ہاتھوں کے ساتھ دِلوں کو بھی خُدا کے حضُور آسمان کی طرف اُٹھائیں۔ ہم نے خطا اور سرکشی کی۔ تُو نے مُعاف نہیں کِیا۔ تُو نے ہم کو قہر سے ڈھانپا اور رگیدا۔ تُو نے قتل کِیا اور رحم نہ کِیا۔ تُو بادِلوں میں مستُور ہُؤا تاکہ ہماری دُعا تُجھ تک نہ پُہنچے۔ تُو نے ہم کو اقوام کے درمِیان کُوڑے کرکٹ اور نجاست سا بنا دِیا ہمارے سب دُشمن ہم پر مُنہ پسارتے ہیں۔ خَوف و دہشت اور وِیرانی و ہلاکت نے ہم کو آ دبایا۔ میری دُخترِ قَوم کی تباہی کے باعِث میری آنکھوں سے آنسُوؤں کی نہریں جاری ہیں۔ میری آنکھیں اشکبار ہیں اور تھمتی نہیں۔ اُن کو آرام نہیں۔ جب تک خُداوند آسمان پر سے نظر کر کے نہ دیکھے۔ میری آنکھیں میرے شہر کی سب بیٹِیوں کے لِئے میری جان کو آزُردہ کرتی ہیں۔ میرے دُشمنوں نے بے سبب مُجھے پرِندہ کی مانِند رگیدا۔ اُنہوں نے چاہِ زِندان میں میری جان لینے کو مُجھ پر پتّھر رکھّا پانی میرے سر سے گُذر گیا۔ مَیں نے کہا مَیں مَر مِٹا اَے خُداوند مَیں نے تہِ زِندان سے تیرے نام کی دُہائی دی۔ تُو نے میری آواز سُنی ہے۔ میری آہ و فریاد سے اپنا کان بند نہ کر۔ جِس روز مَیں نے تُجھے پُکارا تُو نزدِیک آیا اور تُو نے فرمایا کہ ہِراسان نہ ہو۔ اَے خُداوند تُو نے میری جان کی حِمایت کی اور اُسے چُھڑایا۔ اَے خُداوند تُو نے میری مظلُومی دیکھی۔ میرا اِنصاف کر۔ تُو نے میرے خِلاف اُن کے تمام اِنتقام اور سب منصُوبوں کو دیکھا ہے۔ اَے خُداوند تُو نے میرے خِلاف اُن کی ملامت اور اُن کے سب منصُوبوں کو سُنا ہے۔ جو میری مُخالفت کو اُٹھے اُن کی باتیں اور دِن بھر میری مُخالفت میں اُن کے منصُوبے۔ اُن کی نشِست و برخاست کو دیکھ کہ مَیں ہی اُن کا راگ ہُوں اَے خُداوند اُن کے اعمال کے مُطابِق اُن کو بدلہ دے۔ اُن کو کور دِل بنا کہ تیری لَعنت اُن پر ہو۔ قہر سے اُن کو رگید اور رُویِ زمِین سے نیست و نابُود کر دے

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں نوحہ 3

نوحہ 21:3-66 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

لیکن مجھے ایک بات کی اُمید رہی ہے، اور یہی مَیں بار بار ذہن میں لاتا ہوں، رب کی مہربانی ہے کہ ہم نیست و نابود نہیں ہوئے۔ کیونکہ اُس کی شفقت کبھی ختم نہیں ہوتی بلکہ ہر صبح از سرِ نو ہم پر چمک اُٹھتی ہے۔ اے میرے آقا، تیری وفاداری عظیم ہے۔ میری جان کہتی ہے، ”رب میرا موروثی حصہ ہے، اِس لئے مَیں اُس کے انتظار میں رہوں گی۔“ کیونکہ رب اُن پر مہربان ہے جو اُس پر اُمید رکھ کر اُس کے طالب رہتے ہیں۔ چنانچہ اچھا ہے کہ ہم خاموشی سے رب کی نجات کے انتظار میں رہیں۔ اچھا ہے کہ انسان جوانی میں اللہ کا جوا اُٹھائے پھرے۔ جب جوا اُس کی گردن پر رکھا جائے تو وہ چپکے سے تنہائی میں بیٹھ جائے۔ وہ خاک میں اوندھے منہ ہو جائے، شاید ابھی تک اُمید ہو۔ وہ مارنے والے کو اپنا گال پیش کرے، چپکے سے ہر طرح کی رُسوائی برداشت کرے۔ کیونکہ رب انسان کو ہمیشہ تک رد نہیں کرتا۔ اُس کی شفقت اِتنی عظیم ہے کہ گو وہ کبھی انسان کو دُکھ پہنچائے توبھی وہ آخرکار اُس پر دوبارہ رحم کرتا ہے۔ کیونکہ وہ انسان کو دبانے اور غم پہنچانے میں خوشی محسوس نہیں کرتا۔ ملک میں تمام قیدیوں کو پاؤں تلے کچلا جا رہا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے دیکھتے دیکھتے انسان کی حق تلفی کی جا رہی ہے، عدالت میں لوگوں کا حق مارا جا رہا ہے۔ لیکن رب کو یہ سب کچھ نظر آتا ہے۔ کون کچھ کروا سکتا ہے اگر رب نے اِس کا حکم نہ دیا ہو؟ آفتیں اور اچھی چیزیں دونوں اللہ تعالیٰ کے فرمان پر وجود میں آتی ہیں۔ تو پھر انسانوں میں سے کون اپنے گناہوں کی سزا پانے پر شکایت کرے؟ آؤ، ہم اپنے چال چلن کا جائزہ لیں، اُسے اچھی طرح جانچ کر رب کے پاس واپس آئیں۔ ہم اپنے دل کو ہاتھوں سمیت آسمان کی طرف مائل کریں جہاں اللہ ہے۔ ہم اقرار کریں، ”ہم بےوفا ہو کر سرکش ہو گئے ہیں، اور تُو نے ہمیں معاف نہیں کیا۔ تُو اپنے قہر کے پردے کے پیچھے چھپ کر ہمارا تعاقب کرنے لگا، بےرحمی سے ہمیں مارتا گیا۔ تُو بادل میں یوں چھپ گیا ہے کہ کوئی بھی دعا تجھ تک نہیں پہنچ سکتی۔ تُو نے ہمیں اقوام کے درمیان کُوڑا کرکٹ بنا دیا۔ ہمارے تمام دشمن ہمیں طعنے دیتے ہیں۔ دہشت اور گڑھے ہمارے نصیب میں ہیں، ہم دھڑام سے گر کر تباہ ہو گئے ہیں۔“ آنسو میری آنکھوں سے ٹپک ٹپک کر ندیاں بن گئے ہیں، مَیں اِس لئے رو رہا ہوں کہ میری قوم تباہ ہو گئی ہے۔ میرے آنسو رُک نہیں سکتے بلکہ اُس وقت تک جاری رہیں گے جب تک رب آسمان سے جھانک کر مجھ پر دھیان نہ دے۔ اپنے شہر کی عورتوں سے دشمن کا سلوک دیکھ کر میرا دل چھلنی ہو رہا ہے۔ جو بلاوجہ میرے دشمن ہیں اُنہوں نے پرندے کی طرح میرا شکار کیا۔ اُنہوں نے مجھے جان سے مارنے کے لئے گڑھے میں ڈال کر مجھ پر پتھر پھینک دیئے۔ سیلاب مجھ پر آیا، اور میرا سر پانی میں ڈوب گیا۔ مَیں بولا، ”میری زندگی کا دھاگا کٹ گیا ہے۔“ اے رب، جب مَیں گڑھے کی گہرائیوں میں تھا تو مَیں نے تیرے نام کو پکارا۔ مَیں نے التجا کی، ”اپنا کان بند نہ رکھ بلکہ میری آہیں اور چیخیں سن!“ اور تُو نے میری سنی۔ جب مَیں نے تجھے پکارا تو تُو نے قریب آ کر فرمایا، ”خوف نہ کھا۔“ اے رب، تُو عدالت میں میرے حق میں مقدمہ لڑا، بلکہ تُو نے میری جان کا عوضانہ بھی دیا۔ اے رب، جو ظلم مجھ پر ہوا وہ تجھے صاف نظر آتا ہے۔ اب میرا انصاف کر! تُو نے اُن کی تمام کینہ پروری پر توجہ دی ہے۔ جتنی بھی سازشیں اُنہوں نے میرے خلاف کی ہیں اُن سے تُو واقف ہے۔ اے رب، اُن کی لعن طعن، اُن کے میرے خلاف تمام منصوبے تیرے کان تک پہنچ گئے ہیں۔ جو کچھ میرے مخالف پورا دن میرے خلاف پھسپھساتے اور بڑبڑاتے ہیں اُس سے تُو خوب آشنا ہے۔ دیکھ کہ یہ کیا کرتے ہیں! خواہ بیٹھے یا کھڑے ہوں، ہر وقت وہ اپنے گیتوں میں مجھے اپنے مذاق کا نشانہ بناتے ہیں۔ اے رب، اُنہیں اُن کی حرکتوں کا مناسب اجر دے! اُن کے ذہنوں کو کُند کر، تیری لعنت اُن پر آ پڑے! اُن پر اپنا پورا غضب نازل کر! جب تک وہ تیرے آسمان کے نیچے سے غائب نہ ہو جائیں اُن کا تعاقب کرتا رہ!

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں نوحہ 3