YouVersion Logo
تلاش

یہوداہ 9:1-16

یہوداہ 9:1-16 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

لیکن مُقرّب فرشتہ مِیکائیلؔ نے بھی حضرت مُوسیٰ کی لاش کے بارے میں اِبلیس سے بحث کرتے وقت اُسے لَعن طَعن کرنے اَور مُلزم ٹھہرانے کی جُرأت نہ کی بَلکہ یہ کہا، ”خُداوؔند تُجھے ملامت کرے۔“ مگر یہ لوگ جِن باتوں کا علم بھی نہیں رکھتے، اُن پر بھی لعنت بھیجتے ہیں اَور جِن باتوں کو مِزاجی طور پر سمجھتے ہیں اُن میں اَپنے آپ کو بے عقل جانوروں کی مانند ہلاک کردیتے ہیں۔ اِن پر افسوس! کیونکہ یہ لوگ قائِنؔ کی راہ پر چلتے ہیں اَور اُنہُوں نے مالی فائدہ کی خاطِر بِلعاؔم کی سِی غلطی کی ہے اَور قورحؔ کی طرح مُخالفت کرکے ہلاک ہوئے۔ یہ لوگ تمہارے ساتھ مَحَبّت کی ضیافتوں پر ایک داغ ہیں جِن کا ضمیر اُنہیں اِس میں شامل ہوتے وقت تھوڑا بھی مُجرم نہیں ٹھہراتا، یہ اَیسے چرواہے ہیں جو صِرف اَپنا ہی پیٹ بھرتے ہیں۔ یہ لوگ بے پانی کے اُن بادلوں کی طرح ہیں جنہیں ہَوا اُڑا لے جاتی ہے، یہ پت جھڑ کے اَیسے درخت ہیں جو دو بار مَر چُکے ہیں کیونکہ یہ پھلدار نہیں ہیں اَور اَپنی جڑ سے اُکھڑے ہویٔے ہیں۔ یہ سمُندر کی پُرجوش لہریں ہیں جو اَپنی بے شرمی کا جھاگ اُچھالتی ہیں۔ یہ وہ آوارہ گَرد ستارے ہیں جِن کے لیٔے جہنّم کی سخت تاریکی کا مقام دائمی طور پر مُقرّر کر دیا گیا ہے۔ حضرت حنوکؔ نے بھی جو حضرت آدمؔ سے ساتویں پُشت میں تھے، اِن کے بارے میں نبُوّت کی تھی کہ ”دیکھو، خُداوؔند اَپنے لاکھوں مُقدّسین کے ساتھ تشریف لا رہے ہیں تاکہ سَب لوگوں کا اِنصاف کریں اَور بےدینوں کو اُن کی سَب بَدکِردار حرکتوں کی خاطِر جو اُنہُوں نے بے دینی سے کیٔے ہیں، اَور اُن سَب بے دین گنہگاروں کو جنہوں نے خُداوؔند کی مُخالفت میں کُفر بکا ہے اُنہیں مُجرم ٹھہرائے۔“ یہ لوگ ہمیشہ بُڑبُڑاتے رہتے شکایت کرتے اَور دُوسروں میں غلطیاں ڈھُونڈتے رہتے ہیں۔ یہ اَپنی نَفسانی بَدخواہشات کے مُطابق زندگی گزارتے ہیں اَور اَپنے مُنہ سے بڑی شیخی مارتے ہیں اَور اَپنے فائدہ کے لیٔے دُوسروں کی خُوشامد کرتے ہیں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یہوداہ 1

یہوداہ 9:1-16 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

اِن کے مقابلے میں سردار فرشتے میکائیل کے رویے پر غور کریں۔ جب وہ ابلیس سے جھگڑتے وقت موسیٰ کی لاش کے بارے میں بحث مباحثہ کر رہا تھا تو اُس نے ابلیس پر کفر بکنے کا فیصلہ کرنے کی جرأت نہ کی بلکہ صرف اِتنا ہی کہا، ”رب آپ کو ڈانٹے!“ لیکن یہ لوگ ہر ایسی بات کے بارے میں کفر بکتے ہیں جو اُن کی سمجھ میں نہیں آتی۔ اور جو کچھ وہ فطری طور پر بےسمجھ جانوروں کی طرح سمجھتے ہیں وہی اُنہیں تباہ کر دیتا ہے۔ اُن پر افسوس! اُنہوں نے قابیل کی راہ اختیار کی ہے۔ پیسوں کے لالچ میں اُنہوں نے اپنے آپ کو پورے طور پر اُس غلطی کے حوالے کر دیا ہے جو بلعام نے کی۔ وہ قورح کی طرح باغی ہو کر ہلاک ہوئے ہیں۔ جب یہ لوگ خداوند کی محبت کو یاد کرنے والے رفاقتی کھانوں میں شریک ہوتے ہیں تو رفاقت کے لئے دھبے بن جاتے ہیں۔ یہ ڈرے بغیر کھانا کھا کھا کر اُس سے محظوظ ہوتے ہیں۔ یہ ایسے چرواہے ہیں جو صرف اپنی گلہ بانی کرتے ہیں۔ یہ ایسے بادل ہیں جو ہَواؤں کے زور سے چلتے تو ہیں لیکن برستے نہیں۔ یہ سردیوں کے موسم میں ایسے درختوں کی مانند ہیں جو دو لحاظ سے مُردہ ہیں۔ وہ پھل نہیں لاتے اور جڑ سے اُکھڑے ہوئے ہیں۔ یہ سمندر کی بےقابو لہروں کی مانند ہیں جو اپنی شرم ناک حرکتوں کی جھاگ اُچھالتی ہیں۔ یہ آوارہ ستارے ہیں جن کے لئے اللہ نے سب سے گہری تاریکی میں ایک دائمی جگہ مخصوص کی ہے۔ آدم کے بعد ساتویں آدمی حنوک نے اِن لوگوں کے بارے میں یہ پیش گوئی کی، ”دیکھو، خداوند اپنے بےشمار مُقدّس فرشتوں کے ساتھ سب کی عدالت کرنے آئے گا۔ وہ اُنہیں اُن تمام بےدین حرکتوں کے سبب سے مجرم ٹھہرائے گا جو اُن سے سرزد ہوئی ہیں اور اُن تمام سخت باتوں کی وجہ سے جو بےدین گناہ گاروں نے اُس کے خلاف کی ہیں۔“ یہ لوگ بڑبڑاتے اور شکایت کرتے رہتے ہیں۔ یہ صرف اپنی ذاتی خواہشات پوری کرنے کے لئے زندگی گزارتے ہیں۔ یہ اپنے بارے میں شیخی مارتے اور اپنے فائدے کے لئے دوسروں کی خوشامد کرتے ہیں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یہوداہ 1

یہوداہ 9:1-16 کِتابِ مُقادّس (URD)

لیکن مُقرّب فرِشتہ مِیکاؔئیل نے مُوسیٰ کی لاش کی بابت اِبلِیس سے بحث و تکرار کرتے وقت لَعن طَعن کے ساتھ اُس پر نالِش کرنے کی جُرأت نہ کی بلکہ یہ کہا کہ خُداوند تُجھے ملامت کرے۔ مگر یہ جِن باتوں کو نہیں جانتے اُن پر لَعن طَعن کرتے ہیں اور جِن کو بے عقل جانوروں کی طرح طبعی طَور پر جانتے ہیں اُن میں اپنے آپ کو خراب کرتے ہیں۔ اِن پر افسوس! کہ یہ قائِنؔ کی راہ پر چلے اور مزدُوری کے لِئے بڑی حِرص سے بِلعاؔم کی سی گُمراہی اِختیار کی اور قورح کی طرح مُخالِفت کر کے ہلاک ہُوئے۔ یہ تُمہاری مُحبّت کی ضِیافتوں میں تُمہارے ساتھ کھاتے پِیتے وقت گویا دریا کی پَوشِیدہ چٹانیں ہیں۔ یہ بے دھڑک اپنا پیٹ بھرنے والے چرواہے ہیں۔ یہ بے پانی کے بادل ہیں جِنہیں ہوائیں اُڑا لے جاتی ہیں۔ یہ پَت جَھڑ کے بے پَھل درخت ہیں جو دونوں طرح سے مُردہ اور جڑ سے اُکھڑے ہُوئے ہیں۔ یہ سمُندر کی پُرجوش مَوجیں ہیں جو اپنی بے شرمی کے جھاگ اُچھالتی ہیں۔ یہ وہ آوارہ گَرد سِتارے ہیں جِن کے لِئے ابد تک بے حد تارِیکی دھری ہے۔ اِن کے بارے میں حنُوک نے بھی جو آدمؔ سے ساتوِیں پُشت میں تھا یہ پیشِین گوئی کی تھی کہ دیکھو۔ خُداوند اپنے لاکھوں مُقدّسوں کے ساتھ آیا۔ تاکہ سب آدمِیوں کا اِنصاف کرے اور سب بے دِینوں کو اُن کی بے دِینی کے اُن سب کاموں کے سبب سے جو اُنہوں نے بے دِینی سے کِئے ہیں اور اُن سب سخت باتوں کے سبب سے جو بے دِین گُنہگاروں نے اُس کی مُخالِفت میں کہی ہیں قصُوروار ٹھہرائے۔ یہ بُڑبُڑانے والے اور شِکایت کرنے والے ہیں اور اپنی خواہِشوں کے مُوافِق چلتے ہیں اور اپنے مُنہ سے بڑے بول بولتے ہیں اور نفع کے لِئے لوگوں کی روداری کرتے ہیں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یہوداہ 1