یہوداہ 8:1-11
یہوداہ 8:1-11 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
ٹھیک اُسی طرح یہ لوگ بھی اَپنے خوابوں کی طاقت میں مُبتلا ہوکر اُن کی طرح اَپنے جِسموں کو ناپاک کرتے ہیں، حُکومت کو ناچیز جانتے ہیں اَور آسمانی مخلُوق پر کُفر بکتے ہیں۔ لیکن مُقرّب فرشتہ مِیکائیلؔ نے بھی حضرت مُوسیٰ کی لاش کے بارے میں اِبلیس سے بحث کرتے وقت اُسے لَعن طَعن کرنے اَور مُلزم ٹھہرانے کی جُرأت نہ کی بَلکہ یہ کہا، ”خُداوؔند تُجھے ملامت کرے۔“ مگر یہ لوگ جِن باتوں کا علم بھی نہیں رکھتے، اُن پر بھی لعنت بھیجتے ہیں اَور جِن باتوں کو مِزاجی طور پر سمجھتے ہیں اُن میں اَپنے آپ کو بے عقل جانوروں کی مانند ہلاک کردیتے ہیں۔ اِن پر افسوس! کیونکہ یہ لوگ قائِنؔ کی راہ پر چلتے ہیں اَور اُنہُوں نے مالی فائدہ کی خاطِر بِلعاؔم کی سِی غلطی کی ہے اَور قورحؔ کی طرح مُخالفت کرکے ہلاک ہوئے۔
یہوداہ 8:1-11 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
توبھی اِن لوگوں نے اُن کا سا رویہ اپنا لیا ہے۔ اپنے خوابوں کی بنا پر وہ اپنے بدنوں کو آلودہ کر لیتے، خداوند کا اختیار رد کرتے اور جلالی ہستیوں پر کفر بکتے ہیں۔ اِن کے مقابلے میں سردار فرشتے میکائیل کے رویے پر غور کریں۔ جب وہ ابلیس سے جھگڑتے وقت موسیٰ کی لاش کے بارے میں بحث مباحثہ کر رہا تھا تو اُس نے ابلیس پر کفر بکنے کا فیصلہ کرنے کی جرأت نہ کی بلکہ صرف اِتنا ہی کہا، ”رب آپ کو ڈانٹے!“ لیکن یہ لوگ ہر ایسی بات کے بارے میں کفر بکتے ہیں جو اُن کی سمجھ میں نہیں آتی۔ اور جو کچھ وہ فطری طور پر بےسمجھ جانوروں کی طرح سمجھتے ہیں وہی اُنہیں تباہ کر دیتا ہے۔ اُن پر افسوس! اُنہوں نے قابیل کی راہ اختیار کی ہے۔ پیسوں کے لالچ میں اُنہوں نے اپنے آپ کو پورے طور پر اُس غلطی کے حوالے کر دیا ہے جو بلعام نے کی۔ وہ قورح کی طرح باغی ہو کر ہلاک ہوئے ہیں۔
یہوداہ 8:1-11 کِتابِ مُقادّس (URD)
تَو بھی یہ لوگ بھی اپنے وَہموں میں مُبتلا ہو کر اُن کی طرح جِسم کو ناپاک کرتے اور حُکُومت کو ناچِیز جانتے اور عِزّت داروں پر لَعن طَعن کرتے ہیں۔ لیکن مُقرّب فرِشتہ مِیکاؔئیل نے مُوسیٰ کی لاش کی بابت اِبلِیس سے بحث و تکرار کرتے وقت لَعن طَعن کے ساتھ اُس پر نالِش کرنے کی جُرأت نہ کی بلکہ یہ کہا کہ خُداوند تُجھے ملامت کرے۔ مگر یہ جِن باتوں کو نہیں جانتے اُن پر لَعن طَعن کرتے ہیں اور جِن کو بے عقل جانوروں کی طرح طبعی طَور پر جانتے ہیں اُن میں اپنے آپ کو خراب کرتے ہیں۔ اِن پر افسوس! کہ یہ قائِنؔ کی راہ پر چلے اور مزدُوری کے لِئے بڑی حِرص سے بِلعاؔم کی سی گُمراہی اِختیار کی اور قورح کی طرح مُخالِفت کر کے ہلاک ہُوئے۔