YouVersion Logo
تلاش

یہوداہ 17:1-25

یہوداہ 17:1-25 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

لیکن اَے عزیز دوستوں! ہمارے خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح کے رسولوں نے جِن باتوں کو پہلے ہی فرمایا تھا اُنہیں یاد رکھو۔ اُنہُوں نے تُم سے کہاتھا، ”آخِری دِنوں میں ٹھٹّھا کرنے والے ظاہر ہوں گے جو اَپنی بے دینی کی خواہِشوں کے مُوافق چلیں گے۔“ یہی وہ لوگ ہیں جو تِفرقے ڈالتے ہیں۔ یہ نَفسانی لوگ ہیں جِن میں خُدا کی رُوح نہیں ہے۔ مگر اَے عزیز دوستوں! تُم اَپنے پاک ترین ایمان میں ترقّی کرتے جاؤ، اَور پاک رُوح کی رہنمائی میں دعا کرتے رہو۔ اَپنے آپ کو خُدا کی مَحَبّت میں قائِم رکھو اَور اَبدی زندگی کے لیٔے ہمارے خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح کی رحمت کے مُنتظر رہو۔ بعض جو شک میں مُبتلا ہیں، اُن پر رحم کرو۔ اَور باقی لوگوں کو جو گویا اُس اَبدی عذاب کی آگ میں ہیں اُنہیں جھپٹ کر نکال لو۔ رحم کرتے ہویٔے ہوشیار رہو، اَور اُس پوشاک سے بھی نَفرت کرو جو اُن کے بدکار جِسم کے سبب سے داغ دار ہو گئی ہے۔ اَب جو تُمہیں ٹھوکر کھانے سے بچا سَکتا ہے اَور اَپنی پُر جلالی حُضُوری میں بڑی خُوشی کے ساتھ بے عیب بنا کر پیش کر سَکتا ہے۔ اُس واحد خُدا کا جو ہمارا مُنجّی ہے، ہمارے خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح کے وسیلہ سے جلال، قُدرت، سلطنت اَور اِختیّار جَیسا اَزل سے ہے، اَب بھی ہو، اَور اَبد تک قائِم رہے۔ آمین۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یہوداہ 1

یہوداہ 17:1-25 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

لیکن آپ میرے عزیزو، وہ کچھ یاد رکھیں جس کی پیش گوئی ہمارے خداوند عیسیٰ مسیح کے رسولوں نے کی تھی۔ اُنہوں نے آپ سے کہا تھا، ”آخری دنوں میں مذاق اُڑانے والے ہوں گے جو اپنی بےدین خواہشات پوری کرنے کے لئے ہی زندگی گزاریں گے۔“ یہ وہ ہیں جو پارٹی بازی کرتے، جو دنیاوی سوچ رکھتے ہیں اور جن کے پاس روح القدس نہیں ہے۔ لیکن آپ میرے عزیزو، اپنے آپ کو اپنے مُقدّس ترین ایمان کی بنیاد پر تعمیر کریں اور روح القدس میں دعا کریں۔ اپنے آپ کو اللہ کی محبت میں قائم رکھیں اور اِس انتظار میں رہیں کہ ہمارے خداوند عیسیٰ مسیح کا رحم آپ کو ابدی زندگی تک پہنچائے۔ اُن پر رحم کریں جو شک میں پڑے ہیں۔ بعض کو آگ میں سے چھین کر بچائیں اور بعض پر رحم کریں، لیکن خوف کے ساتھ۔ بلکہ اُس شخص کے لباس سے بھی نفرت کریں جو اپنی حرکتوں سے گناہ سے آلودہ ہو گیا ہے۔ اُس کی تمجید ہو جو آپ کو ٹھوکر کھانے سے محفوظ رکھ سکتا ہے اور آپ کو اپنے جلال کے سامنے بےداغ اور بڑی خوشی سے معمور کر کے کھڑا کر سکتا ہے۔ اُس واحد خدا یعنی ہمارے نجات دہندہ کا جلال ہو۔ ہاں، ہمارے خداوند عیسیٰ مسیح کے وسیلے سے اُسے جلال، عظمت، قدرت اور اختیار ازل سے اب بھی ہو اور ابد تک رہے۔ آمین۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یہوداہ 1

یہوداہ 17:1-25 کِتابِ مُقادّس (URD)

لیکن اَے پِیارو! اُن باتوں کو یاد رکھّو جو ہمارے خُداوند یِسُوع مسِیح کے رسُول پہلے کہہ چُکے ہیں۔ وہ تُم سے کہا کرتے تھے کہ اَخِیر زمانہ میں اَیسے ٹھٹّھا کرنے والے ہوں گے جو اپنی بے دِینی کی خواہِشوں کے مُوافِق چلیں گے۔ یہ وہ آدمی ہیں جو تفرقے ڈالتے ہیں اور نفسانی ہیں اور رُوح سے بے بہرہ۔ مگر تُم اَے پِیارو! اپنے پاکترِین اِیمان میں اپنی ترقّی کر کے اور رُوحُ القُدس میں دُعا کر کے۔ اپنے آپ کو خُدا کی مُحبّت میں قائِم رکھّو اور ہمیشہ کی زِندگی کے لِئے ہمارے خُداوند یِسُوع مسِیح کی رَحمت کے مُنتظِر رہو۔ اور بعض لوگوں پر جو شک میں ہیں رَحم کرو۔ اور بعض کو جھپٹ کر آگ میں سے نِکالو اور بعض پر خَوف کھا کر رَحم کرو بلکہ اُس پوشاک سے بھی نفرت کرو جو جِسم کے سبب سے داغی ہو گئی ہو۔ اب جو تُم کو ٹھوکر کھانے سے بچا سکتا ہے اور اپنے پُر جلال حضُور میں کمال خُوشی کے ساتھ بے عَیب کر کے کھڑا کر سکتا ہے۔ اُس خُدایِ واحِد کا جو ہمارا مُنّجی ہے جلال اور عظمت اور سلطنت اور اِختیار ہمارے خُداوند یِسُوعؔ مسِیح کے وسِیلہ سے جَیسا اَزل سے ہے اب بھی ہو اور ابدُالآباد رہے۔ آمِین۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یہوداہ 1