YouVersion Logo
تلاش

یہوداہ 1:1-8

یہوداہ 1:1-8 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

حضرت یہُوداؔہ کی جانِب سے جو حُضُور عیسیٰ المسیؔح کا خادِم اَور حضرت یعقُوب کے بھایٔی ہیں، خُدا باپ کی طرف سے بُلائے ہویٔے لوگوں کے نام خط جِن سے خُدا نے مَحَبّت کی اَور حُضُور عیسیٰ المسیؔح کے لیٔے محفوظ رکھا ہے۔ تُمہیں رحم، اِطمینان اَور مَحَبّت کثرت سے حاصل ہوتا رہے۔ عزیز دوستوں! جَب میں تُمہیں اُس نَجات کے بارے میں لکھنے کا بےحَد مُشتاق تھا جِس میں ہم سَب شامل ہیں تو میں نے تُمہیں یہ نصیحت لِکھنا ضروُری سمجھا تاکہ تُم اُس ایمان کے لیٔے پُوری جدّوجہد کرو جو خُدا کے مُقدّسین کو ایک ہی بار ہمیشہ کے لیٔے سونپا گیا ہے۔ کیونکہ بعض لوگ چوری چھپے تمہارے درمیان بھی گھُس آئے ہیں جِن کی سزا کا بَیان قدیم زمانہ سے ہی کِتابِ مُقدّس میں درج کر دیا گیا تھا۔ یہ لوگ بے دین ہیں اَور ہمارے خُدا کے فضل کو اَپنی شَہوت پرستی سے بدل ڈالتے ہیں اَور ہمارے واحد، خُود مُختار آقا یعنی خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح کا اِنکار کرتے ہیں۔ پس اگرچہ تُمہیں یہ سَب باتیں پہلے سے ہی مَعلُوم ہو چُکاہے، پھر بھی میں تُمہیں یاد دلانا چاہتا ہُوں کہ خُداوؔند نے اَپنی قوم کو مُلک مِصر سے چھُڑایا لیکن بعد میں ایمان نہ لانے وَالوں کو ہلاک کر ڈالا۔ اَور جِن فرشتوں نے اَپنے اِختیّار والے عہدہ کو قائِم نہ رکھا بَلکہ اَپنے مُقرّر خاص مقام کو چھوڑ دیا، اُنہیں خُدا نے اَزلی زنجیروں میں جکڑ کر عدالت کے دِن تک کے لیٔے جہنّم کی تاریکی میں قَید کر رکھا ہے۔ اَور اِسی طرح سدُومؔ اَور عمُورہؔ اَور اُن کے آس پاس کے شہروں کے لوگ بھی اُن اِسرائیلیوں کی طرح جنسی بدفعلی کرنے لگے تھے، چنانچہ اَبدی آگ کی سزا پا کر ہمارے لیٔے باعث عِبرت ٹھہرے۔ ٹھیک اُسی طرح یہ لوگ بھی اَپنے خوابوں کی طاقت میں مُبتلا ہوکر اُن کی طرح اَپنے جِسموں کو ناپاک کرتے ہیں، حُکومت کو ناچیز جانتے ہیں اَور آسمانی مخلُوق پر کُفر بکتے ہیں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یہوداہ 1

یہوداہ 1:1-8 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

یہ خط عیسیٰ مسیح کے خادم اور یعقوب کے بھائی یہوداہ کی طرف سے ہے۔ مَیں اُنہیں لکھ رہا ہوں جنہیں بُلایا گیا ہے، جو خدا باپ میں پیارے ہیں اور عیسیٰ مسیح کے لئے محفوظ رکھے گئے ہیں۔ اللہ آپ کو رحم، سلامتی اور محبت کثرت سے عطا کرے۔ عزیزو، گو مَیں آپ کو اُس نجات کے بارے میں لکھنے کا بڑا شوق رکھتا ہوں جس میں ہم سب شریک ہیں، لیکن اب مَیں آپ کو ایک اَور بات کے بارے میں لکھنا چاہتا ہوں۔ مَیں اِس میں آپ کو نصیحت کرنے کی ضرورت محسوس کرتا ہوں کہ آپ اُس ایمان کی خاطر جد و جہد کریں جو ایک ہی بار سدا کے لئے مُقدّسین کے سپرد کر دیا گیا ہے۔ کیونکہ کچھ لوگ آپ کے درمیان گھس آئے ہیں جنہیں بہت عرصہ پہلے مجرم ٹھہرایا جا چکا ہے۔ اُن کے بارے میں یہ لکھا گیا ہے کہ وہ بےدین ہیں جو ہمارے خدا کے فضل کو توڑ مروڑ کر عیاشی کا باعث بنا دیتے ہیں اور ہمارے واحد آقا اور خداوند عیسیٰ مسیح کا انکار کرتے ہیں۔ گو آپ یہ سب کچھ جانتے ہیں، پھر بھی مَیں آپ کو اِس کی یاد دلانا چاہتا ہوں کہ اگرچہ خداوند نے اپنی قوم کو مصر سے نکال کر بچا لیا تھا توبھی اُس نے بعد میں اُنہیں ہلاک کر دیا جو ایمان نہیں رکھتے تھے۔ اُن فرشتوں کو یاد کریں جو اُس دائرۂ اختیار کے اندر نہ رہے جو اللہ نے اُن کے لئے مقرر کیا تھا بلکہ جنہوں نے اپنی رہائش گاہ کو ترک کر دیا۔ اُنہیں اُس نے تاریکی میں محفوظ رکھا ہے جہاں وہ ابدی زنجیروں میں جکڑے ہوئے روزِ عظیم کی عدالت کا انتظار کر رہے ہیں۔ سدوم، عمورہ اور اُن کے ارد گرد کے شہروں کو بھی مت بھولنا، جن کے باشندے اِن فرشتوں کی طرح زناکاری اور غیرفطری صحبت کے پیچھے پڑے رہے۔ یہ لوگ ابدی آگ کی سزا بھگتتے ہوئے سب کے لئے ایک عبرت ناک مثال ہیں۔ توبھی اِن لوگوں نے اُن کا سا رویہ اپنا لیا ہے۔ اپنے خوابوں کی بنا پر وہ اپنے بدنوں کو آلودہ کر لیتے، خداوند کا اختیار رد کرتے اور جلالی ہستیوں پر کفر بکتے ہیں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یہوداہ 1

یہوداہ 1:1-8 کِتابِ مُقادّس (URD)

یہُوداؔہ کی طرف سے جو یِسُوع مسِیح کا بندہ اور یعقُوبؔ کا بھائی ہے اُن بُلائے ہُوؤں کے نام جو خُدا باپ میں عزِیز اور یِسُوع مسِیح کے لِئے محفُوظ ہیں۔ رَحم اور اِطمِینان اور مُحبّت تُم کو زِیادہ حاصِل ہوتی رہے۔ اَے پِیارو! جِس وقت مَیں تُم کو اُس نجات کی بابت لِکھنے میں کمال کوشِش کر رہا تھا جِس میں ہم سب شرِیک ہیں تو مَیں نے تُمہیں یہ نصِیحت لِکھنا ضرُور جانا کہ تُم اُس اِیمان کے واسطے جانفشانی کرو جو مُقدّسوں کو ایک ہی بار سَونپا گیا تھا۔ کیونکہ بعض اَیسے شخص چُپکے سے ہم میں آ مِلے ہیں جِن کی اِس سزا کا ذِکر قدِیم زمانہ میں پیشتر سے لِکھا گیا تھا۔ یہ بے دِین ہیں اور ہمارے خُدا کے فضل کو شَہوت پرستی سے بدل ڈالتے ہیں اور ہمارے واحِد مالِک اور خُداوند یِسُوع مسِیح کا اِنکار کرتے ہیں۔ پس اگرچہ تُم سب باتیں ایک بار جان چُکے ہو تَو بھی یہ بات تُمہیں یاد دِلانا چاہتا ہُوں کہ خُداوند نے ایک اُمّت کو مُلکِ مِصرؔ میں سے چُھڑانے کے بعد اُنہیں ہلاک کِیا جو اِیمان نہ لائے۔ اور جِن فرِشتوں نے اپنی حُکُومت کو قائِم نہ رکھّا بلکہ اپنے خاص مقام کو چھوڑ دِیا اُن کو اُس نے دائِمی قَید میں تارِیکی کے اَندر روزِ عظِیم کی عدالت تک رکھّا ہے۔ اِسی طرح سدُوؔم اور عمُورہ اور اُن کے آس پاس کے شہر جو اُن کی طرح حرام کاری میں پڑ گئے اور غَیر جِسم کی طرف راغِب ہُوئے ہمیشہ کی آگ کی سزا میں گرِفتار ہو کر جایِ عِبرت ٹھہرے ہیں۔ تَو بھی یہ لوگ بھی اپنے وَہموں میں مُبتلا ہو کر اُن کی طرح جِسم کو ناپاک کرتے اور حُکُومت کو ناچِیز جانتے اور عِزّت داروں پر لَعن طَعن کرتے ہیں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یہوداہ 1