یشوع 12:6-17
یشوع 12:6-17 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
دُوسرے دِن یہوشُعؔ صُبح سویرے اُٹھے اَور کاہِنوں نے یَاہوِہ کے عہد کا صندُوق اُٹھایا۔ اَور وہ سات کاہِنؔ نرسنگے لیٔے ہُوئے یَاہوِہ کے عہد کے صندُوق کے آگے آگے چل رہے تھے اَور نرسنگے پھُونکتے جا رہے تھے۔ مُسلّح آدمی اُن کے آگے تھے اَور عقب والے سپاہی یَاہوِہ کے صندُوق کے پیچھے اَور نرسنگوں کی آواز گونجتی چلی جا رہی تھی۔ اِس طرح دُوسرے دِن بھی اُنہُوں نے شہر کے گِرد ایک بار چکّر لگایا اَور پھر چھاؤنی میں آ گئے۔ وہ چھ دِن تک اَیسا ہی کرتے رہے۔ ساتویں دِن وہ علی الصبح اُٹھ کر اِسی طرح شہر کے گِرد گھُومے۔ اُس دِن اُنہُوں نے شہر کے سات چکّر لگائے۔ ساتویں بار جَب کہ کاہِنوں نے زور سے نرسنگے پھُونکے تَب یہوشُعؔ نے لوگوں کو حُکم دیا، ”للکارو! کیونکہ یَاہوِہ نے یہ شہر تُمہیں دے دیا ہے! یہ شہر اَورجو کچھ اِس کے اَندر ہے سَب یَاہوِہ کی نذر کیا جائے گا۔ صِرف راحبؔ فاحِشہ اَور اُس کے ساتھ اُس کے گھر کے سَب لوگ زندہ بچیں گے کیونکہ اُس نے ہمارے بھیجے ہُوئے جاسُوسوں کو پناہ دی تھی۔
یشوع 12:6-17 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
اگلے دن یشوع صبح سویرے اُٹھا، اور اماموں اور فوجیوں نے دوسری مرتبہ شہر کا چکر لگایا۔ اُن کی وہی ترتیب تھی۔ پہلے کچھ مسلح آدمی، پھر سات نرسنگے بجانے والے امام، پھر رب کے عہد کا صندوق اُٹھانے والے امام اور آخر میں مزید کچھ مسلح آدمی تھے۔ چکر لگانے کے دوران امام نرسنگے بجاتے رہے۔ اِس دوسرے دن بھی وہ شہر کا چکر لگا کر خیمہ گاہ میں لوٹ آئے۔ اُنہوں نے چھ دن تک ایسا ہی کیا۔ ساتویں دن اُنہوں نے صبح سویرے اُٹھ کر شہر کا چکر یوں لگایا جیسے پہلے چھ دنوں میں، لیکن اِس دفعہ اُنہوں نے کُل سات چکر لگائے۔ ساتویں چکر پر اماموں نے نرسنگوں کو بجاتے ہوئے لمبی سی پھونک ماری۔ تب یشوع نے لوگوں سے کہا، ”جنگ کا نعرہ لگائیں، کیونکہ رب نے آپ کو یہ شہر دے دیا ہے۔ شہر کو اور جو کچھ اُس میں ہے تباہ کر کے رب کے لئے مخصوص کرنا ہے۔ صرف راحب کسبی کو اُن لوگوں سمیت بچانا ہے جو اُس کے گھر میں ہیں۔ کیونکہ اُس نے ہمارے اُن جاسوسوں کو چھپا دیا جن کو ہم نے یہاں بھیجا تھا۔
یشوع 12:6-17 کِتابِ مُقادّس (URD)
اور یشُوع صُبح سویرے اُٹھا اور کاہِنوں نے خُداوند کا صندُوق اُٹھا لِیا۔ اور وہ سات کاہِن مینڈھوں کے سِینگوں کے سات نرسِنگے لِئے ہُوئے خُداوند کے صندُوق کے آگے آگے برابر چلتے اور نرسِنگے پُھونکتے جاتے تھے اور وہ مُسلّح آدمی آگے آگے ہو لِئے اور دُنبالہ خُداوند کے صندُوق کے پِیچھے پِیچھے چلا اور کاہِن چلتے چلتے نرسِنگے پُھونکتے جاتے تھے۔ اور دُوسرے دِن بھی وہ ایک بار شہر کے گِرد گُھوم کر خَیمہ گاہ میں پِھر آئے۔ اُنہوں نے چھ دِن تک اَیسا ہی کِیا۔ اور ساتویں دِن یُوں ہُؤا کہ وہ صبُح کو پَو پھٹنے کے وقت اُٹھے اور اُسی طرح شہر کے گِرد سات بار پِھرے۔ سات بار شہر کے گِرد فقط اُسی دِن پِھرے۔ اور ساتوِیں بار اَیسا ہُؤا کہ جب کاہِنوں نے نرسِنگے پُھونکے تو یشُوع نے لوگوں سے کہا للکارو! کیونکہ خُداوند نے یہ شہر تُم کو دے دِیا ہے۔ اور وہ شہر اور جو کُچھ اُس میں ہے سب خُداوند کی خاطِر نیست ہو گا۔ فقط راحب کسبی اور جِتنے اُس کے ساتھ اُس کے گھر میں ہوں وہ سب جِیتے بچیں گے۔ اِس لِئے کہ اُس نے اُن قاصِدوں کو جِن کو ہم نے بھیجا چِھپا رکھّا تھا۔