YouVersion Logo
تلاش

یونس 2:2-9

یونس 2:2-9 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

”مَیں نے بڑی مصیبت میں آ کر رب سے التجا کی، اور اُس نے مجھے جواب دیا۔ مَیں نے پاتال کی گہرائیوں سے چیخ کر فریاد کی تو تُو نے میری سنی۔ تُو نے مجھے گہرے پانی بلکہ سمندر کے بیچ میں ہی پھینک دیا۔ پانی کے زوردار بہاؤ نے مجھے گھیر لیا، تیری تمام لہریں اور موجیں مجھ پر سے گزر گئیں۔ تب مَیں بولا، ’مجھے تیرے حضور سے خارج کر دیا گیا ہے، لیکن مَیں تیرے مُقدّس گھر کی طرف تکتا رہوں گا۔‘ پانی میرے گلے تک پہنچ گیا، سمندر کی گہرائیوں نے مجھے چھپا لیا۔ میرے سر سے سمندری پودے لپٹ گئے۔ پانی میں اُترتے اُترتے مَیں پہاڑوں کی بنیادوں تک پہنچ گیا۔ مَیں زمین میں دھنس کر ایک ایسے ملک میں آ گیا جس کے دروازے ہمیشہ کے لئے میرے پیچھے بند ہو گئے۔ لیکن اے رب، میرے خدا، تُو ہی میری جان کو گڑھے سے نکال لایا! جب میری جان نکلنے لگی تو تُو، اے رب مجھے یاد آیا، اور میری دعا تیرے مُقدّس گھر میں تیرے حضور پہنچی۔ جو بُتوں کی پوجا کرتے ہیں اُنہوں نے اللہ سے وفادار رہنے کا وعدہ توڑ دیا ہے۔ لیکن مَیں شکرگزاری کے گیت گاتے ہوئے تجھے قربانی پیش کروں گا۔ جو مَنت مَیں نے مانی اُسے پورا کروں گا۔ رب ہی نجات دیتا ہے۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یونس 2

یونس 2:2-9 کِتابِ مُقادّس (URD)

مَیں نے اپنی مُصِیبت میں خُداوند سے دُعا کی اور اُس نے میری سُنی۔ مَیں نے پاتال کی تہ سے دُہائی دی۔ تُو نے میری فریاد سُنی۔ تُو نے مُجھے گہرے سمُندر کی تہ میں پھینک دِیا اور سَیلاب نے مُجھے گھیر لِیا۔ تیری سب مَوجیں اور لہریں مُجھ پر سے گُذر گئِیں اور مَیں سمجھا کہ تیرے حضُور سے دُور ہو گیا ہُوں لیکن مَیں پِھر تیری مُقدّس ہَیکل کو دیکُھوں گا۔ سَیلاب نے میری جان کا مُحاصرہ کِیا۔ سمُندر میری چاروں طرف تھا۔ بحری نبات میرے سر پر لِپٹ گئی۔ مَیں پہاڑوں کی تہ تک غرق ہو گیا۔ زمِین کے اڑبنگے ہمیشہ کے لِئے مُجھ پر بند ہو گئے۔ تَو بھی اَے خُداوند میرے خُدا تُو نے میری جان پاتال سے بچائی۔ جب میرا دِل بیتاب ہُؤا تو مَیں نے خُداوند کو یاد کِیا اور میری دُعا تیری مُقدّس ہَیکل میں تیرے حضُور پُہنچی۔ جو لوگ جُھوٹے معبُودوں کو مانتے ہیں وہ شفقت سے محرُوم ہو جاتے ہیں۔ مَیں حمد کرتا ہُؤا تیرے حضُور قُربانی گُذرانُوں گا۔ مَیں اپنی نذریں ادا کرُوں گا۔ نجات خُداوند کی طرف سے ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یونس 2