یوایل 12:2-17
یوایل 12:2-17 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں، اَب بھی، اَپنے پُورے دِل سے، روزہ رکھ کر روتے اَور ماتم کرتے ہُوئے میری طرف لَوٹ آؤ۔ اَپنے کپڑوں کو نہیں بَلکہ اَپنے دِل کو چاک کرو۔ یَاہوِہ اَپنے خُدا کی طرف لَوٹو، کیونکہ وہ نہایت کریم اَور رحیم ہے، قہر کرنے میں دھیما اَور شفقت میں غنی ہے، اَور وہ عذاب نازل کرنے سے باز رہتاہے۔ کون جانتا ہے؟ شاید وہ پلٹ کر رحم کھائے اَور اَیسی برکت دے جائے۔ جو یَاہوِہ تمہارے خُدا کے لیٔے اناج کی نذر اَور تپاون کی نذر کی قُربانی ہو۔ صِیّونؔ میں نرسنگا پھُونکو، مُقدّس روزہ کا اعلان کرو، اَور مُقدّس اِجتماع طلب کرو۔ لوگوں کو جمع کرو، اِجتماع کو مُقدّس کرو؛ رہنماؤں کو جمع کرو، بچّوں اَور شیرخواروں کو بھی جمع کرو۔ دُلہا اَپنے کوہبر اَور دُلہن اَپنی خلوت گاہ سے نکل آئے۔ یَاہوِہ کے خدمت گزار کاہِنؔ، بیت المُقدّس کی دیوڑھی اَور قُربان گاہ کے درمیان رو رو کر کہیں۔ اَے یَاہوِہ، ”اَپنے لوگوں پر رحم کیجئے۔ اَپنی مِیراث کی توہین نہ ہونے دیں، اَور نہ ہی اُنہیں غَیر قوموں میں ضرب المثل بننے دیں۔ وہ لوگوں کے درمیان یہ کیوں کہیں کہ اُن کا خُدا کہاں ہے؟“
یوایل 12:2-17 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
رب فرماتا ہے، ”اب بھی تم توبہ کر سکتے ہو۔ پورے دل سے میرے پاس واپس آؤ! روزہ رکھو، آہ و زاری کرو، ماتم کرو! رنجش کا اظہار کرنے کے لئے اپنے کپڑوں کو مت پھاڑو بلکہ اپنے دل کو۔“ رب اپنے خدا کے پاس واپس آؤ، کیونکہ وہ مہربان اور رحیم ہے۔ وہ تحمل اور شفقت سے بھرپور ہے اور جلد ہی سزا دینے سے پچھتاتا ہے۔ کون جانے، شاید وہ اِس بار بھی پچھتا کر اپنے پیچھے برکت چھوڑ جائے اور تم نئے سرے سے رب اپنے خدا کو غلہ اور مَے کی نذریں پیش کر سکو۔ کوہِ صیون پر نرسنگا پھونکو، مُقدّس روزے کا اعلان کرو، لوگوں کو خاص اجتماع کے لئے بُلاؤ! لوگوں کو جمع کرو، پھر جماعت کو مخصوص و مُقدّس کرو۔ نہ صرف بزرگوں کو بلکہ بچوں کو بھی شیرخواروں سمیت اکٹھا کرو۔ دُولھا اور دُلھن بھی اپنے اپنے عروسی کمروں سے نکل کر آئیں۔ لازم ہے کہ امام جو اللہ کے خادم ہیں رب کے گھر کے برآمدے اور قربان گاہ کے درمیان کھڑے ہو کر آہ و زاری کریں۔ وہ اقرار کریں، ”اے رب، اپنی قوم پر ترس کی نگاہ ڈال! اپنی موروثی ملکیت کو لعن طعن کا نشانہ بننے نہ دے۔ ایسا نہ ہو کہ دیگر اقوام اُس کا مذاق اُڑا کر کہیں، ’اُن کا خدا کہاں ہے‘؟“
یوایل 12:2-17 کِتابِ مُقادّس (URD)
لیکن خُداوند فرماتا ہے اب بھی پُورے دِل سے اور روزہ رکھ کر اور گِریہ و زاری و ماتم کرتے ہُوئے میری طرف رجُوع لاؤ۔ اور اپنے کپڑوں کو نہیں بلکہ دِلوں کو چاک کر کے خُداوند اپنے خُدا کی طرف مُتوجّہِ ہو کیونکہ وہ رحِیم و مِہربان قہر کرنے میں دِھیما اور شفقت میں غنی ہے اور عذاب نازِل کرنے سے باز رہتا ہے۔ کَون جانتا ہے کہ وہ باز رہے اور برکت باقی چھوڑے جو خُداوند تُمہارے خُدا کے لِئے نذر کی قُربانی اور تپاون ہو۔ صِیُّون میں نرسِنگا پُھونکو اور روزہ کے لِئے ایک دِن مُقدّس کرو۔ مُقدّس محفِل فراہم کرو۔ تُم لوگوں کو جمع کرو۔ جماعت کو مُقدّس کرو۔ بزُرگوں کو اِکٹّھا کرو۔ بچّوں اور شِیرخواروں کو بھی فراہم کرو۔ دُلہا اپنی کوٹھری سے اور دُلہن اپنے خلوت خانہ سے نِکل آئے۔ کاہِن یعنی خُداوند کے خادِم ڈیوڑھی اور قُربان گاہ کے درمِیان گِریہ و زاری کریں اور کہیں اَے خُداوند اپنے لوگوں پر رحم کر اور اپنی مِیراث کی تَوہِین نہ ہونے دے۔ اَیسا نہ ہو کہ دُوسری قَومیں اُن پر حُکُومت کریں۔ وہ اُمّتوں کے درمیان کیوں کہیں کہ اُن کا خُدا کہاں ہے؟