ایوب 1:8-20
ایوب 1:8-20 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
تَب شوحی مُلک کا بِلددؔ کہنے لگا: ”تُم کب تک بولتے رہوگے؟ تمہاری باتیں ایک تُند آندھی کی مانند ہیں۔ کیا خُدا اِنصاف سے کام نہیں لیتا؟ کیا قادرمُطلق اِنصاف کا خُون کرتا ہے؟ جَب تمہارے فرزندوں نے خُدا کے خِلاف گُناہ کیا، خُدا نے اُنہیں اُن کے گُناہ کی سزا دی۔ لیکن اگر تُم خُدا سے رُجُوع کروگے اَور قادرمُطلق سے اِلتجا کروگے، اگر تُم پاک دِل اَور راستباز ہو، تو خُدا اَب بھی تمہاری طرف مُتوجّہ ہوں گے اَور تُمہیں اَپنے صحیح مقام پر بحال کریں گے۔ تمہاری گذشتہ شان و شوکت کے مُقابلہ میں، تمہارا مُستقبِل زِیادہ رَوشن ہوگا۔ ”پچھلے زمانہ کے لوگوں سے دریافت کرو اَور پتہ لگاؤ کہ اُن کے آباؤاَجداد کی معلومات کیا تھیں، کیونکہ ہم تو کل ہی پیدا ہُوئے ہیں اَور کچھ بھی نہیں جانتے، اَور ہمارے دِن زمین پر سایہ کی طرح ہیں۔ کیا وہ آباؤاَجداد تُمہیں نہ بتائیں گے اَور نہ سکھائیں گے؟ کیا وہ اَپنی عقل کے دہانے نہ کھولیں گے؟ جہاں دلدل نہیں کیا وہاں نرسل کا پَودا اُگ سَکتا ہے؟ کیا سَرکنڈا بغیر پانی کے بڑھ سَکتا ہے؟ وہ ابھی ہرے ہی ہوتے ہیں اَور کاٹے جانے کے لائق بھی نہیں ہوتے، کہ گھاس سے بھی پہلے سُوکھ جاتے ہیں۔ خُدا کو بھُول جانے والوں کا یہی اَنجام ہوتاہے؛ اَور اِسی طرح بےدینوں کی اُمّید ٹوٹ جاتی ہے۔ اَیسے آدمی کا اِعتماد کمزور ہو جاتا ہے؛ اَور اُس کا بھروسا مکڑی کا جالا ہے۔ وہ اَپنے جالے کا سہارا لیتا ہے لیکن وہ ٹوٹ جاتا ہے؛ اَور اِتنا مضبُوط نہیں ہوتا کہ اُسے تھامے رہے۔ وہ ایک پَودے کی مانند ہے جو دھوپ میں بھی سیراب رہتاہے، جو اَپنی ڈالیاں باغ میں پھیلاتا ہے؛ اُس کی جڑیں چٹّانوں کے انبار کو جکڑ لیتی ہیں اَور پتّھروں میں جگہ ڈھونڈ کر پھیل جاتی ہیں۔ لیکن جَب وہ اَپنی جگہ سے اُکھاڑ دیا جاتا ہے، تَب وہ جگہ بھی اُس سے دست بردار ہو جاتی ہے اَور کہتی ہے، ’مَیں نے تُمہیں کبھی نہیں دیکھا۔‘ یقیناً اُس کی زندگی ختم ہو جاتی ہے، اَور زمین سے دُوسرے پَودے اُگ پڑتے ہیں۔ ”خُدا کسی بے قُصُور اِنسان کو ہرگز نہیں ٹھکراتے نہ بدکار اِنسان کے ہاتھ مضبُوط کرتے ہیں۔
ایوب 1:8-20 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
تب بِلدد سوخی نے جواب دے کر کہا، ”تُو کب تک اِس قسم کی باتیں کرے گا؟ کب تک تیرے منہ سے آندھی کے جھونکے نکلیں گے؟ کیا اللہ انصاف کا خون کر سکتا، کیا قادرِ مطلق راستی کو آگے پیچھے کر سکتا ہے؟ تیرے بیٹوں نے اُس کا گناہ کیا ہے، اِس لئے اُس نے اُنہیں اُن کے جرم کے قبضے میں چھوڑ دیا۔ اب تیرے لئے لازم ہے کہ تُو اللہ کا طالب ہو اور قادرِ مطلق سے التجا کرے، کہ تُو پاک ہو اور سیدھی راہ پر چلے۔ پھر وہ اب بھی تیری خاطر جوش میں آ کر تیری راست بازی کی سکونت گاہ کو بحال کرے گا۔ تب تیرا مستقبل نہایت عظیم ہو گا، خواہ تیری ابتدائی حالت کتنی پست کیوں نہ ہو۔ گزشتہ نسل سے ذرا پوچھ لے، اُس پر دھیان دے جو اُن کے باپ دادا نے تحقیقات کے بعد معلوم کیا۔ کیونکہ ہم خود کل ہی پیدا ہوئے اور کچھ نہیں جانتے، زمین پر ہمارے دن سائے جیسے عارضی ہیں۔ لیکن یہ تجھے تعلیم دے کر بات بتا سکتے ہیں، یہ تجھے اپنے دل میں جمع شدہ علم پیش کر سکتے ہیں۔ کیا آبی نرسل وہاں اُگتا ہے جہاں دلدل نہیں؟ کیا سرکنڈا وہاں پھلتا پھولتا ہے جہاں پانی نہیں؟ اُس کی کونپلیں ابھی نکل رہی ہیں اور اُسے توڑا نہیں گیا کہ اگر پانی نہ ملے تو باقی ہریالی سے پہلے ہی سوکھ جاتا ہے۔ یہ ہے اُن کا انجام جو اللہ کو بھول جاتے ہیں، اِسی طرح بےدین کی اُمید جاتی رہتی ہے۔ جس پر وہ اعتماد کرتا ہے وہ نہایت ہی نازک ہے، جس پر اُس کا بھروسا ہے وہ مکڑی کے جالے جیسا کمزور ہے۔ جب وہ جالے پر ٹیک لگائے تو کھڑا نہیں رہتا، جب اُسے پکڑ لے تو قائم نہیں رہتا۔ بےدین دھوپ میں شاداب بیل کی مانند ہے۔ اُس کی کونپلیں چاروں طرف پھیل جاتی، اُس کی جڑیں پتھر کے ڈھیر پر چھا کر اُن میں ٹک جاتی ہیں۔ لیکن اگر اُسے اُکھاڑا جائے تو جس جگہ پہلے اُگ رہی تھی وہ اُس کا انکار کر کے کہے گی، ’مَیں نے تجھے کبھی دیکھا بھی نہیں۔‘ یہ ہے اُس کی راہ کی نام نہاد خوشی! جہاں پہلے تھا وہاں دیگر پودے زمین سے پھوٹ نکلیں گے۔ یقیناً اللہ بےالزام آدمی کو مسترد نہیں کرتا، یقیناً وہ شریر آدمی کے ہاتھ مضبوط نہیں کرتا۔
ایوب 1:8-20 کِتابِ مُقادّس (URD)
تب بِلدد سُوخی کہنے لگا:- تُو کب تک اَیسے ہی بکتا رہے گا؟ اور تیرے مُنہ کی باتیں کب تک آندھی کی طرح ہوں گی؟ کیا خُدا بے اِنصافی کرتا ہے؟ کیا قادرِ مُطلق عدل کا خُون کرتا ہے؟ اگر تیرے فرزندوں نے اُس کا گُناہ کِیا ہے اور اُس نے اُنہیں اُن ہی کی خطا کے حوالہ کر دِیا تَو بھی اگر تُو خُدا کو خُوب ڈھونڈتا اور قادرِ مُطلق کے حضُور مِنّت کرتا تو اگر تُو پاک دِل اور راست باز ہوتا تو وہ ضرُور اب تیرے لِئے بیدار ہو جاتا اور تیری راست بازی کے مسکن کو برومند کرتا۔ اور اگرچہ تیرا آغاز چھوٹا سا تھا تَو بھی تیرا انجام بُہت بڑا ہوتا۔ ذرا پِچھلے زمانہ کے لوگوں سے پُوچھ اور جو کُچھ اُن کے باپ دادا نے تحقِیق کی ہے اُس پر دھیان کر (کیونکہ ہم تو کل کے ہیں اور کُچھ نہیں جانتے اور ہمارے دِن زمِین پر سایہ کی مانِند ہیں)۔ کیا وہ تُجھے نہ سِکھائیں گے اور نہ بتائیں گے اور اپنے دِل کی باتیں نہیں کریں گے؟ کیا ناگرموتھا بغَیر کِیچڑ کے اُگ سکتا ہے؟ کیا سرکنڈا بغَیر پانی کے بڑھ سکتا؟ جب وہ ہرا ہی ہے اور کاٹا بھی نہیں گیا تَو بھی اَور پَودوں سے پہلے سُوکھ جاتا ہے۔ اَیسی ہی اُن سب کی راہیں ہیں جو خُدا کو بُھول جاتی ہیں۔ بے خُدا آدمی کی اُمّید ٹُوٹ جائے گی۔ اُس کا اِعتماد جاتا رہے گا اور اُس کا بھروسا مکڑی کا جالا ہے۔ وہ اپنے گھر پر ٹیک لگائے گا لیکن وہ کھڑا نہ رہے گا۔ وہ اُسے مضبُوطی سے تھامے گا پر وہ قائِم نہ رہے گا۔ وہ دُھوپ پا کر ہرا بھرا ہو جاتا ہے اور اُس کی ڈالِیاں اُسی کے باغ میں پَھیلتی ہیں۔ اُس کی جڑیں ڈھیر میں لِپٹی ہُوئی ہیں۔ وہ پتّھروں کی جگہ کو دیکھ لیتا ہے۔ اگر وہ اپنی جگہ سے نیست کِیا جائے تو وہ اُس کا اِنکار کر کے کہنے لگے گی کہ مَیں نے تُجھے دیکھا ہی نہیں۔ دیکھ! اُس کی راہ کی خُوشی اِتنی ہی ہے اور مِٹّی میں سے دُوسرے اُگ آئیں گے۔ دیکھ! خُدا کامِل آدمی کو چھوڑ نہ دے گا۔ نہ وہ بدکرداروں کو سنبھالے گا۔