ایوب 11:42-17
ایوب 11:42-17 کِتابِ مُقادّس (URD)
تب اُس کے سب بھائی اور سب بہنیں اور اُس کے سب اگلے جان پہچان اُس کے پاس آئے اور اُس کے گھر میں اُس کے ساتھ کھانا کھایا اور اُس پر نَوحہ کِیا اور اُن سب بلاؤں کے بارے میں جو خُداوند نے اُس پر نازِل کی تِھیں اُسے تسلّی دی۔ ہر شخص نے اُسے ایک سِکّہ بھی دِیا اور ہر ایک نے سونے کی ایک بالی۔ یُوں خُداوند نے ایُّوب کے آخِری ایّام میں اِبتدا کی نِسبت زِیادہ برکت بخشی اور اُس کے پاس چَودہ ہزار بھیڑ بکرِیاں اور چھ ہزار اُونٹ اور ہزار جوڑی بَیل اور ہزار گدھیاں ہو گئِیں۔ اُس کے سات بیٹے اور تِین بیٹِیاں بھی ہُوئِیں۔ اور اُس نے پہلی کا نام یمِیمہ اور دُوسری کا نام قصِیعاؔہ اور تِیسری کا نام قرن ہپُّوک رکھّا۔ اور اُس ساری سرزمِین میں اَیسی عَورتیں کہِیں نہ تِھیں جو ایُّوب کی بیٹِیوں کی طرح خُوب صُورت ہوں اور اُن کے باپ نے اُن کو اُن کے بھائِیوں کے درمِیان مِیراث دی۔ اور اِس کے بعد ایُّوب ایک سو چالِیس برس جِیتا رہا اور اپنے بیٹے اور پوتے چَوتھی پُشت تک دیکھے۔ اور ایُّوب نے بُڈّھا اور عُمر رسِیدہ ہو کر وفات پائی۔
ایوب 11:42-17 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
تب اُس کے تمام بھائی بہنیں اور پرانے جاننے والے اُس کے پاس آئے اور گھر میں اُس کے ساتھ کھانا کھا کر اُس آفت پر افسوس کیا جو رب ایوب پر لایا تھا۔ ہر ایک نے اُسے تسلی دے کر اُسے ایک سِکہ اور سونے کا ایک چھلا دے دیا۔ اب سے رب نے ایوب کو پہلے کی نسبت کہیں زیادہ برکت دی۔ اُسے 14,000 بکریاں، 6,000 اونٹ، بَیلوں کی 1,000 جوڑیاں اور 1,000 گدھیاں حاصل ہوئیں۔ نیز، اُس کے مزید سات بیٹے اور تین بیٹیاں پیدا ہوئیں۔ اُس نے بیٹیوں کے یہ نام رکھے: پہلی کا نام یمیمہ، دوسری کا قصیعہ اور تیسری کا قرن ہپّوک۔ تمام ملک میں ایوب کی بیٹیوں جیسی خوب صورت خواتین پائی نہیں جاتی تھیں۔ ایوب نے اُنہیں بھی میراث میں ملکیت دی، ایسی ملکیت جو اُن کے بھائیوں کے درمیان ہی تھی۔ ایوب مزید 140 سال زندہ رہا، اِس لئے وہ اپنی اولاد کو چوتھی پشت تک دیکھ سکا۔ پھر وہ دراز زندگی سے آسودہ ہو کر انتقال کر گیا۔