ایوب 1:4-8
ایوب 1:4-8 کِتابِ مُقادّس (URD)
تب تیمانی الِیفز کہنے لگا:- اگر کوئی تُجھ سے بات چِیت کرنے کی کوشِش کرے تو کیا تُو رنجِیدہ ہو گا؟ پر بولے بغَیر کَون رہ سکتا ہے؟ دیکھ! تُو نے بُہتوں کو سِکھایا اور کمزور ہاتھوں کو مضبُوط کِیا۔ تیری باتوں نے گِرتے ہُوئے کو سنبھالا اور تُو نے لڑکھڑاتے گُھٹنوں کو پایدار کِیا۔ پر اب تو تُجھی پر آ پڑی اور تُو بے دِل ہُؤا جاتا ہے۔ اُس نے تُجھے چُھؤا اور تُو گھبرا اُٹھا۔ کیا تیری خُدا ترسی ہی تیرا بھروسا نہیں؟ کیا تیری راہوں کی راستی تیری اُمّید نہیں؟ کیا تُجھے یاد ہے کہ کبھی کوئی معصُوم بھی ہلاک ہُؤا ہے؟ یا کہِیں راست باز بھی کاٹ ڈالے گئے؟ میرے دیکھنے میں تو جو گُناہ کو جوتتے اور دُکھ بوتے ہیں وُہی اُس کو کاٹتے ہیں۔
ایوب 1:4-8 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
تَب تیمانی شہری اِلیفزؔ نے ایُّوب کو جَواب دیا: ”اگر کوئی آپ سے کوئی بات کرے تو کیا آپ صبر رکھ کر میری بات غور سے سنوگے؟ اِس لیٔے کہ کون اَپنا مُنہ بند کرکے چُپ رہ سَکتا ہے؟ ذرا غور کرو آپ نے کس طرح کیٔی لوگوں کی ہدایت فرمائی، اَور کس طرح آپ نے کمزور ہاتھوں کو تقویّت دی۔ آپ کے الفاظ نے لڑکھڑاتے ہوؤں کو سہارا دیا؛ اَور آپ نے لرزتے ہُوئے گھٹنوں کو قُوّت بخشی۔ لیکن اَب جَب آپ پر آفت آئی تو آپ نے ہمّت ہار دی؛ اُس نے آپ کو ہاتھ لگایا اَور آپ پریشان ہو گئے۔ کیا آپ کو اَپنی راستی پر بھروسا نہیں اَور اَپنے بے اِلزام طور طریقوں پر آپ کو کویٔی اُمّید نہیں؟ ”ذرا غور تو کرو، کیا کویٔی بے قُصُور کبھی ہلاک ہُواہے؟ یا راستباز کبھی نِیست نابود ہُوئے ہیں؟ جہاں تک مَیں نے دیکھاہے کہ جو بدی کی کھیتی کا ہل چلاتے ہیں اَور نُقصان کا بیج بوتے ہیں، وہ وَیسی ہی فصل کاٹتے بھی ہیں۔
ایوب 1:4-8 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
یہ کچھ سن کر اِلی فز تیمانی نے جواب دیا، ”کیا تجھ سے بات کرنے کا کوئی فائدہ ہے؟ تُو تو یہ برداشت نہیں کر سکتا۔ لیکن دوسری طرف کون اپنے الفاظ روک سکتا ہے؟ ذرا سوچ لے، تُو نے خود بہتوں کو تربیت دی، کئی لوگوں کے تھکے ماندے ہاتھوں کو تقویت دی ہے۔ تیرے الفاظ نے ٹھوکر کھانے والے کو دوبارہ کھڑا کیا، ڈگمگاتے ہوئے گھٹنے تُو نے مضبوط کئے۔ لیکن اب جب مصیبت تجھ پر آ گئی تو تُو اُسے برداشت نہیں کر سکتا، اب جب خود اُس کی زد میں آ گیا تو تیرے رونگٹے کھڑے ہو گئے ہیں۔ کیا تیرا اعتماد اِس پر منحصر نہیں ہے کہ تُو اللہ کا خوف مانے، تیری اُمید اِس پر نہیں کہ تُو بےالزام راہوں پر چلے؟ سوچ لے، کیا کبھی کوئی بےگناہ ہلاک ہوا ہے؟ ہرگز نہیں! جو سیدھی راہ پر چلتے ہیں وہ کبھی رُوئے زمین پر سے مٹ نہیں گئے۔ جہاں تک مَیں نے دیکھا، جو ناانصافی کا ہل چلائے اور نقصان کا بیج بوئے وہ اِس کی فصل کاٹتا ہے۔