ایوب 4:38-12
ایوب 4:38-12 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
تُو کہاں تھا جب مَیں نے زمین کی بنیاد رکھی؟ اگر تجھے اِس کا علم ہو تو مجھے بتا! کس نے اُس کی لمبائی اور چوڑائی مقرر کی؟ کیا تجھے معلوم ہے؟ کس نے ناپ کر اُس کی پیمائش کی؟ اُس کے ستون کس چیز پر لگائے گئے؟ کس نے اُس کے کونے کا بنیادی پتھر رکھا، اُس وقت جب صبح کے ستارے مل کر شادیانہ بجا رہے، تمام فرشتے خوشی کے نعرے لگا رہے تھے؟ جب سمندر رِحم سے پھوٹ نکلا تو کس نے دروازے بند کر کے اُس پر قابو پایا؟ اُس وقت مَیں نے بادلوں کو اُس کا لباس بنایا اور اُسے گھنے اندھیرے میں یوں لپیٹا جس طرح نوزاد کو پوتڑوں میں لپیٹا جاتا ہے۔ اُس کی حدود مقرر کر کے مَیں نے اُسے روکنے کے دروازے اور کنڈے لگائے۔ مَیں بولا، ’تجھے یہاں تک آنا ہے، اِس سے آگے نہ بڑھنا، تیری رُعب دار لہروں کو یہیں رُکنا ہے۔‘ کیا تُو نے کبھی صبح کو حکم دیا یا اُسے طلوع ہونے کی جگہ دکھائی
ایوب 4:38-12 کِتابِ مُقادّس (URD)
تُو کہاں تھا جب مَیں نے زمِین کی بُنیاد ڈالی؟ تُو دانِش مند ہے تو بتا۔ کیا تُجھے معلُوم ہے کِس نے اُس کی ناپ ٹھہرائی؟ یا کِس نے اُس پر سُوت کھینچا؟ کِس چِیز پر اُس کی بُنیاد ڈالی گئی؟ یا کِس نے اُس کے کونے کا پتّھر بِٹھایا جب صُبح کے سِتارے مِل کر گاتے تھے اور خُدا کے سب بیٹے خُوشی سے للکارتے تھے؟ یا کِس نے سمُندر کو دروازوں سے بند کِیا جب وہ اَیسا پُھوٹ نِکلا گویا رَحِم سے۔ جب مَیں نے بادل کو اُس کا لِباس بنایا اور گہری تارِیکی کو اُس کا لپیٹنے کا کپڑا اور اُس کے لِئے حد ٹھہرائی اور بینڈے اور کِواڑ لگائے اور کہا یہاں تک تُو آنا پر آگے نہیں اور یہاں تیری بِپھرتی ہُوئی مَوجیں رُک جائیں گی؟ کیا تُو نے اپنی عُمر میں کبھی صُبح پر حُکمرانی کی اور کیا تُو نے فجر کو اُس کی جگہ بتائی