ایوب 1:29-6
ایوب 1:29-6 کِتابِ مُقادّس (URD)
اور ایُّوب پِھر اپنی مثل لا کر کہنے لگا:- کاش کہ مَیں اَیسا ہوتا جَیسا گُذشتہ مہِینوں میں یعنی جَیسا اُن دِنوں میں جب خُدا میری حِفاظت کرتا تھا۔ جب اُس کا چراغ میرے سر پر رَوشن رہتا تھا اور مَیں اندھیرے میں اُس کے نُور کے ذرِیعہ سے چلتا تھا۔ جَیسا مَیں اپنی برومندی کے ایّام میں تھا۔ جب خُدا کی خُوشنُودی میرے ڈیرے پر تھی۔ جب قادرِ مُطلق ہنُوز میرے ساتھ تھا اور میرے بچّے میرے ساتھ تھے۔ جب میرے قدم مکّھن سے دُھلتے تھے اور چٹان میرے لِئے تیل کی ندِیاں بہاتی تھی!
ایوب 1:29-6 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
ایوب نے اپنی بات جاری رکھ کر کہا، ”کاش مَیں دوبارہ ماضی کے وہ دن گزار سکوں جب اللہ میری دیکھ بھال کرتا تھا، جب اُس کی شمع میرے سر کے اوپر چمکتی رہی اور مَیں اُس کی روشنی کی مدد سے اندھیرے میں چلتا تھا۔ اُس وقت میری جوانی عروج پر تھی اور میرا خیمہ اللہ کے سائے میں رہتا تھا۔ قادرِ مطلق میرے ساتھ تھا، اور مَیں اپنے بیٹوں سے گھرا رہتا تھا۔ کثرت کے باعث میرے قدم دہی سے دھوئے رہتے اور چٹان سے تیل کی ندیاں پھوٹ کر نکلتی تھیں۔