ایوب 23:19-29
ایوب 23:19-29 کِتابِ مُقادّس (URD)
کاش کہ میری باتیں اب لِکھ لی جاتِیں! کاش کہ وہ کِسی کِتاب میں قلم بند ہوتِیں! کاش کہ وہ لوہے کے قلم اور سِیسے سے ہمیشہ کے لِئے چٹان پر کندہ کی جاتِیں! لیکن مَیں جانتا ہُوں کہ میرا مخلصی دینے والا زِندہ ہے۔ اور آخِر کار وہ زمِین پر کھڑا ہو گا۔ اور اپنی کھال کے اِس طرح برباد ہو جانے کے بعد بھی مَیں اپنے اِس جِسم میں سے خُدا کو دیکُھوں گا۔ جِسے مَیں خُود دیکُھوں گا اور میری ہی آنکھیں دیکھیں گی نہ کہ بیگانہ کی۔ میرے گُردے میرے اندر فنا ہو گئے ہیں۔ اگر تُم کہو ہم اُسے کَیسا کَیسا ستائیں گے! حالانکہ اصلی بات مُجھ میں پائی گئی ہے تو تُم تلوار سے ڈرو کیونکہ قہر تلوار کی سزاؤں کو لاتا ہے تاکہ تُم جان لو کہ اِنصاف ہو گا۔
ایوب 23:19-29 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
”کاش میرے الفاظ درج کئے جاتے، کاش وہ کسی کِتاب میں قلم بندہو جاتے، کاش کہ وہ لوہے کے قلم سے سیسے پر نقش کئے جاتے، یا پتّھر پر ہمیشہ کے لیٔے کندہ کر دئیے جاتے! میں جانتا ہُوں کہ میرا نَجات دِہندہ زندہ ہے، اَور آخِرکار وہ زمین پر کھڑا ہوگا۔ حالانکہ میرا جِسم فنا ہو جائے گا، میں اَپنے جِسم سمیت ہی خُدا کو دیکھوں گا؛ میں ہی خُود اُنہیں دیکھوں گا خُود اَپنی آنکھوں سے میں اُن پر نگاہ کروں گا، کویٔی اَور نہیں۔ (اُس گھڑی کے لیٔے) میرا دِل اَندر ہی اَندر کس قدر بے قرار ہو رہاہے! ”اگر تُم کہو کہ ہم ایُّوب کے پیچھے پڑے ہی رہیں گے، کیونکہ مُصیبت کی جڑ وُہی، ہے، تو تُمہیں خُود بھی تلوار سے ڈرنا چاہئے؛ کیونکہ خُدا کا قہر تلوار بَن کے تُم پر ٹُوٹے گا، تَب تُم روزِ عدالت کی حقیقت سے واقف ہوگے۔“
ایوب 23:19-29 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
کاش میری باتیں قلم بند ہو جائیں! کاش وہ یادگار پر کندہ کی جائیں، لوہے کی چھینی اور سیسے سے ہمیشہ کے لئے پتھر میں نقش کی جائیں! لیکن مَیں جانتا ہوں کہ میرا چھڑانے والا زندہ ہے اور آخرکار میرے حق میں زمین پر کھڑا ہو جائے گا، گو میری جِلد یوں اُتاری بھی گئی ہو۔ لیکن میری آرزو ہے کہ جسم میں ہوتے ہوئے اللہ کو دیکھوں، کہ مَیں خود ہی اُسے دیکھوں، نہ کہ اجنبی بلکہ اپنی ہی آنکھوں سے اُس پر نگاہ کروں۔ اِس آرزو کی شدت سے میرا دل تباہ ہو رہا ہے۔ تم کہتے ہو، ’ہم کتنی سختی سے ایوب کا تعاقب کریں گے‘ اور ’مسئلے کی جڑ تو اُسی میں پنہاں ہے۔‘ لیکن تمہیں خود تلوار سے ڈرنا چاہئے، کیونکہ تمہارا غصہ تلوار کی سزا کے لائق ہے، تمہیں جاننا چاہئے کہ عدالت آنے والی ہے۔“