YouVersion Logo
تلاش

ایوب 1:14-9

ایوب 1:14-9 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

عورت سے پیدا ہوا انسان چند ایک دن زندہ رہتا ہے، اور اُس کی زندگی بےچینی سے بھری رہتی ہے۔ پھول کی طرح وہ چند لمحوں کے لئے پھوٹ نکلتا، پھر مُرجھا جاتا ہے۔ سائے کی طرح وہ تھوڑی دیر کے بعد اوجھل ہو جاتا اور قائم نہیں رہتا۔ کیا تُو واقعی ایک ایسی مخلوق کا اِتنے غور سے معائنہ کرنا چاہتا ہے؟ مَیں کون ہوں کہ تُو مجھے پیشی کے لئے اپنے حضور لائے؟ کون ناپاک چیز کو پاک صاف کر سکتا ہے؟ کوئی نہیں! انسان کی عمر تو مقرر ہوئی ہے، اُس کے مہینوں کی تعداد تجھے معلوم ہے، کیونکہ تُو ہی نے اُس کے دنوں کی وہ حد باندھی ہے جس سے آگے وہ بڑھ نہیں سکتا۔ چنانچہ اپنی نگاہ اُس سے پھیر لے اور اُسے چھوڑ دے تاکہ وہ مزدور کی طرح اپنے تھوڑے دنوں سے کچھ مزہ لے سکے۔ اگر درخت کو کاٹا جائے تو اُسے تھوڑی بہت اُمید باقی رہتی ہے، کیونکہ عین ممکن ہے کہ مُڈھ سے کونپلیں پھوٹ نکلیں اور اُس کی نئی شاخیں اُگتی جائیں۔ بےشک اُس کی جڑیں پرانی ہو جائیں اور اُس کا مُڈھ مٹی میں ختم ہونے لگے، لیکن پانی کی خوشبو سونگھتے ہی وہ کونپلیں نکالنے لگے گا، اور پنیری کی سی ٹہنیاں اُس سے پھوٹنے لگیں گی۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ایوب 14

ایوب 1:14-9 کِتابِ مُقادّس (URD)

اِنسان جو عَورت سے پَیدا ہوتا ہے۔ تھوڑے دِنوں کا ہے اور دُکھ سے بھرا ہے۔ وہ پُھول کی طرح نِکلتا اور کاٹ ڈالا جاتا ہے۔ وہ سایہ کی طرح اُڑ جاتا ہے اور ٹھہرتا نہیں۔ سو کیا تُو اَیسے پر اپنی آنکھیں کھولتا ہے اور مُجھے اپنے ساتھ عدالت میں گھسِیٹتا ہے؟ ناپاک چِیز میں سے پاک چِیز کَون نِکال سکتا ہے؟ کوئی نہیں۔ اُس کے دِن تو ٹھہرے ہُوئے ہیں اور اُس کے مہِینوں کی تعداد تیرے پاس ہے اور تُو نے اُس کی حدّوں کو مُقرّر کر دِیا ہے جِنہیں وہ پار نہیں کر سکتا۔ سو اُس کی طرف سے نظر ہٹا لے تاکہ وہ آرام کرے جب تک وہ مزدُور کی طرح اپنا دِن پُورا نہ کر لے۔ کیونکہ درخت کی تو اُمّید رہتی ہے کہ اگر وہ کاٹا جائے تو پِھر پُھوٹ نِکلے گا اور اُس کی نرم نرم ڈالِیاں مَوقُوف نہ ہوں گی۔ اگرچہ اُس کی جڑ زمِین میں پُرانی ہو جائے اور اُس کا تنہ مِٹّی میں گل جائے تَو بھی پانی کی بُو پاتے ہی وہ شگُوفے لائے گا اور پَودے کی طرح شاخیں نِکالے گا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ایوب 14