یوحنا 6:17-10
یوحنا 6:17-10 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
”میں نے آپ کو اُن لوگوں پر ظاہر کیا جنہیں آپ نے دُنیا میں سے چُن کر میری سپردگی میں دیا تھا۔ وہ آپ کے لوگ تھے؛ آپ نے اُنہیں میرے سُپرد کیا تھا اَور اُنہُوں نے آپ کے کلام پر عَمل کیا ہے۔ اَب وہ جانتے ہیں کہ جو کُچھ آپ نے مُجھے دیا ہے وہ سَب آپ ہی کی طرف سے ہے۔ اِس لیٔے جو پیغام آپ نے مُجھے دیا، میں نے اُن تک پہنچا دیا اَور اُنہُوں نے اُسے قبُول کیا اَور وہ اِس حقیقت سے واقف ہو گئے کہ میں آپ کی طرف سے آیا ہُوں اَور اُن کا ایمان ہے کہ مُجھے آپ ہی نے بھیجا ہے۔ میں اُن کے لیٔے دعا کرتا ہُوں۔ میں دُنیا کے لیٔے دعا نہیں کرتا بَلکہ اُن کے لیٔے جنہیں آپ نے مُجھے دیا ہے، کیونکہ وہ آپ کے ہیں۔ میرا سَب کُچھ آپ کاہے اَورجو آپ کاہے، وہ سَب میرا ہے۔ اَور اُن کے وسیلے سے مُجھے جلال مِلا۔
یوحنا 6:17-10 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
مَیں نے تیرا نام اُن لوگوں پر ظاہر کیا جنہیں تُو نے دنیا سے الگ کر کے مجھے دیا ہے۔ وہ تیرے ہی تھے۔ تُو نے اُنہیں مجھے دیا اور اُنہوں نے تیرے کلام کے مطابق زندگی گزاری ہے۔ اب اُنہوں نے جان لیا ہے کہ جو کچھ بھی تُو نے مجھے دیا ہے وہ تیری طرف سے ہے۔ کیونکہ جو باتیں تُو نے مجھے دیں مَیں نے اُنہیں دی ہیں۔ نتیجے میں اُنہوں نے یہ باتیں قبول کر کے حقیقی طور پر جان لیا کہ مَیں تجھ میں سے نکل کر آیا ہوں۔ ساتھ ساتھ وہ ایمان بھی لائے کہ تُو نے مجھے بھیجا ہے۔ مَیں اُن کے لئے دعا کرتا ہوں، دنیا کے لئے نہیں بلکہ اُن کے لئے جنہیں تُو نے مجھے دیا ہے، کیونکہ وہ تیرے ہی ہیں۔ جو بھی میرا ہے وہ تیرا ہے اور جو تیرا ہے وہ میرا ہے۔ چنانچہ مجھے اُن میں جلال ملا ہے۔
یوحنا 6:17-10 کِتابِ مُقادّس (URD)
مَیں نے تیرے نام کو اُن آدمِیوں پر ظاہِر کِیا جِنہیں تُو نے دُنیا میں سے مُجھے دِیا۔ وہ تیرے تھے اور تُو نے اُنہیں مُجھے دِیا اور اُنہوں نے تیرے کلام پر عمل کِیا ہے۔ اب وہ جان گئے کہ جو کُچھ تُو نے مُجھے دِیا ہے وہ سب تیری ہی طرف سے ہے۔ کیونکہ جو کلام تُو نے مُجھے پُہنچایا وہ مَیں نے اُن کو پُہنچا دِیا اور اُنہوں نے اُس کو قبُول کِیا اور سچ جان لِیا کہ مَیں تیری طرف سے نِکلا ہُوں اور وہ اِیمان لائے کہ تُو ہی نے مُجھے بھیجا۔ مَیں اُن کے لِئے درخواست کرتا ہُوں مَیں دُنیا کے لِئے درخواست نہیں کرتا بلکہ اُن کے لِئے جِنہیں تُو نے مُجھے دِیا ہے کیونکہ وہ تیرے ہیں۔ اور جو کُچھ میرا ہے وہ سب تیرا ہے اور جو تیرا ہے وہ میرا ہے اور اِن سے میرا جلال ظاہِر ہُؤا ہے۔