YouVersion Logo
تلاش

یوحنا 12:14-31

یوحنا 12:14-31 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

میں تُم سے سچ سچ کہتا ہُوں، جو مُجھ پر ایمان رکھتا ہے وہ بھی وُہی کرے گا جو میں کرتا ہُوں، بَلکہ وہ اِن سے بھی بَڑے بَڑے کام کرے گا، کیونکہ میں باپ کے پاس جا رہا ہُوں۔ جو کُچھ تُم میرا نام لے کر مانگوگے، میں تُمہیں دُوں گا تاکہ باپ کا جلال بیٹے کے ذریعہ ظاہر ہو۔ تُم میرے نام سے کُچھ بھی فریاد کرو گے، تو میں اُسے ضروُر پُورا کرُوں گا۔ ”اگر تُم مُجھ سے مَحَبّت کرتے ہو تو میرے اَحکام بجا لاؤگے۔ اَور میں باپ سے درخواست کرُوں گا، اَور وہ تُمہیں ایک اَور مددگار بَخشے گا تاکہ وہ ہمیشہ تک تمہارے ساتھ رہے۔ یعنی رُوحِ حق۔ جسے یہ دُنیا حاصل نہیں کر سکتی، کیونکہ نہ تو اُسے دیکھتی ہے نہ جانتی ہے۔ لیکن تُم اُسے جانتے ہو، کیونکہ اُس کی سکونت تمہارے ساتھ ہے اَور اُس کا قِیام تمہارے دلوں میں ہوگا۔ میں تُمہیں یتیم نہ چھوڑوں گا۔ میں تمہارے پاس آؤں گا۔ یہ دُنیا کُچھ دیر بعد، مُجھے نہ دیکھ پایٔے گی، لیکن تُم مُجھے دیکھتے رہوگے۔ چونکہ میں زندہ رہُوں گا، تُم بھی زندہ رہوگے۔ اُس دِن تُم جان لوگے کہ میں اَپنے باپ میں ہُوں، اَور تُم مُجھ میں ہو، اَور میں تُم میں۔ جِس کے پاس میرے اَحکام ہیں اَور وہ اُنہیں مانتا ہے وُہی مُجھ سے مَحَبّت کرتا ہے، اَور وہ میرے باپ کا پیارا ہوگا اَور میں بھی اُس سے مَحَبّت رکھوں گا اَور اَپنے آپ کو اُس پر ظاہر کرُوں گا۔“ تَب یہُوداؔہ (یہُوداؔہ اِسکریوتی نہیں) نے کہا، ”لیکن، اَے خُداوؔند، کیا وجہ ہے کہ حُضُور آپ خُود کو ہم پر ظاہر کریں گے لیکن دُنیا پر نہیں؟“ حُضُور عیسیٰ نے جَواب میں فرمایا، ”اگر کویٔی مُجھ سے مَحَبّت رکھتا ہے تو وہ میرے کلام پر عَمل کرے گا۔ میرے باپ اُس سے مَحَبّت رکھیں گے اَور ہم اُن کے پاس آکر اَور اُن کے ساتھ رہیں گے۔ جو مُجھ سے مَحَبّت نہیں رکھتا وہ میرے کلام پر عَمل نہیں کرتا۔ یہ کلام جو تُم سُن رہے ہو؛ میرا اَپنا نہیں بَلکہ میرے باپ کاہے جِس نے مُجھے بھیجا ہے۔ ”یہ ساری باتیں میں نے تمہارے ساتھ رہتے ہویٔے کہیں۔ لیکن وہ مددگار، یعنی پاک رُوح، جسے باپ میرے نام سے بھیجے گا، تُمہیں ساری باتیں سِکھائے گا اَور ہر بات جو میں نے تُم سے کہی ہے، یاد دلائے گا۔ میں تمہارے ساتھ اَپنی سلامتی چھوڑے جاتا ہُوں۔ میں اَپنی سلامتی تُمہیں دیتا ہُوں۔ جِس طرح دُنیا دیتی ہے اُس طرح نہیں۔ چنانچہ دلوں کو پریشان نہ ہونے دو اَور خوفزدہ نہ ہو۔ ”تُم نے مُجھے یہ کہتے سُنا، ’میں جا رہا ہُوں اَور تمہارے پاس پھر آؤں گا۔‘ اگر تُم مُجھ سے مَحَبّت کرتے تو خُوش ہوتے کہ میں باپ کے پاس جا رہا ہُوں، کیونکہ باپ مُجھ سے بڑا ہے۔ میں نے ساری باتیں پہلے ہی تُمہیں بتا دی ہیں تاکہ جَب وہ پُوری ہو جایٔیں تو تُم مُجھ پر ایمان لاؤ۔ اَب میں تُم سے اَور زِیادہ باتیں نہیں کرُوں گا، کیونکہ اِس دُنیا کا حُکمراں آ رہا ہے۔ اُس کا مُجھ پر کویٔی اِختیّار نہیں، لیکن دُنیا کو مَعلُوم ہونا چاہئے کہ میں باپ سے مَحَبّت کرتا ہُوں اَور اُس کے ہر حُکم کی پیروی کرتا ہُوں جِس کا باپ مُجھے حُکم دیتاہے۔ ”اَب آؤ؛ یہاں سے چلیں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یوحنا 14

یوحنا 12:14-31 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

مَیں تم کو سچ بتاتا ہوں کہ جو مجھ پر ایمان رکھے وہ وہی کچھ کرے گا جو مَیں کرتا ہوں۔ نہ صرف یہ بلکہ وہ اِن سے بھی بڑے کام کرے گا، کیونکہ مَیں باپ کے پاس جا رہا ہوں۔ اور جو کچھ تم میرے نام میں مانگو مَیں دوں گا تاکہ باپ کو فرزند میں جلال مل جائے۔ جو کچھ تم میرے نام میں مجھ سے چاہو وہ مَیں کروں گا۔ اگر تم مجھے پیار کرتے ہو تو میرے احکام کے مطابق زندگی گزارو گے۔ اور مَیں باپ سے گزارش کروں گا تو وہ تم کو ایک اَور مددگار دے گا جو ابد تک تمہارے ساتھ رہے گا یعنی سچائی کا روح، جسے دنیا پا نہیں سکتی، کیونکہ وہ نہ تو اُسے دیکھتی نہ جانتی ہے۔ لیکن تم اُسے جانتے ہو، کیونکہ وہ تمہارے ساتھ رہتا ہے اور آئندہ تمہارے اندر رہے گا۔ مَیں تم کو یتیم چھوڑ کر نہیں جاؤں گا بلکہ تمہارے پاس واپس آؤں گا۔ تھوڑی دیر کے بعد دنیا مجھے نہیں دیکھے گی، لیکن تم مجھے دیکھتے رہو گے۔ چونکہ مَیں زندہ ہوں اِس لئے تم بھی زندہ رہو گے۔ جب وہ دن آئے گا تو تم جان لو گے کہ مَیں اپنے باپ میں ہوں، تم مجھ میں ہو اور مَیں تم میں۔ جس کے پاس میرے احکام ہیں اور جو اُن کے مطابق زندگی گزارتا ہے، وہی مجھے پیار کرتا ہے۔ اور جو مجھے پیار کرتا ہے اُسے میرا باپ پیار کرے گا۔ مَیں بھی اُسے پیار کروں گا اور اپنے آپ کو اُس پر ظاہر کروں گا۔“ یہوداہ (یہوداہ اسکریوتی نہیں) نے پوچھا، ”خداوند، کیا وجہ ہے کہ آپ اپنے آپ کو صرف ہم پر ظاہر کریں گے اور دنیا پر نہیں؟“ عیسیٰ نے جواب دیا، ”اگر کوئی مجھے پیار کرے تو وہ میرے کلام کے مطابق زندگی گزارے گا۔ میرا باپ ایسے شخص کو پیار کرے گا اور ہم اُس کے پاس آ کر اُس کے ساتھ سکونت کریں گے۔ جو مجھ سے محبت نہیں کرتا وہ میری باتوں کے مطابق زندگی نہیں گزارتا۔ اور جو کلام تم مجھ سے سنتے ہو وہ میرا اپنا کلام نہیں ہے بلکہ باپ کا ہے جس نے مجھے بھیجا ہے۔ یہ سب کچھ مَیں نے تمہارے ساتھ رہتے ہوئے تم کو بتایا ہے۔ لیکن بعد میں روح القدس، جسے باپ میرے نام سے بھیجے گا تم کو سب کچھ سکھائے گا۔ یہ مددگار تم کو ہر بات کی یاد دلائے گا جو مَیں نے تم کو بتائی ہے۔ مَیں تمہارے پاس سلامتی چھوڑے جاتا ہوں، اپنی ہی سلامتی تم کو دے دیتا ہوں۔ اور مَیں اِسے یوں نہیں دیتا جس طرح دنیا دیتی ہے۔ تمہارا دل نہ گھبرائے اور نہ ڈرے۔ تم نے مجھ سے سن لیا ہے کہ ’مَیں جا رہا ہوں اور تمہارے پاس واپس آؤں گا۔‘ اگر تم مجھ سے محبت رکھتے تو تم اِس بات پر خوش ہوتے کہ مَیں باپ کے پاس جا رہا ہوں، کیونکہ باپ مجھ سے بڑا ہے۔ مَیں نے تم کو پہلے سے بتا دیا ہے، اِس سے پیشتر کہ یہ ہو، تاکہ جب پیش آئے تو تم ایمان لاؤ۔ اب سے مَیں تم سے زیادہ باتیں نہیں کروں گا، کیونکہ اِس دنیا کا حکمران آ رہا ہے۔ اُسے مجھ پر کوئی قابو نہیں ہے، لیکن دنیا یہ جان لے کہ مَیں باپ کو پیار کرتا ہوں اور وہی کچھ کرتا ہوں جس کا حکم وہ مجھے دیتا ہے۔ اب اُٹھو، ہم یہاں سے چلیں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یوحنا 14

یوحنا 12:14-31 کِتابِ مُقادّس (URD)

مَیں تُم سے سچ کہتا ہُوں کہ جو مُجھ پر اِیمان رکھتا ہے یہ کام جو مَیں کرتا ہُوں وہ بھی کرے گا بلکہ اِن سے بھی بڑے کام کرے گا کیونکہ مَیں باپ کے پاس جاتا ہُوں۔ اور جو کُچھ تُم میرے نام سے چاہو گے مَیں وُہی کرُوں گا تاکہ باپ بیٹے میں جلال پائے۔ اگر میرے نام سے مُجھ سے کُچھ چاہو گے تو مَیں وُہی کرُوں گا۔ اگر تُم مُجھ سے مُحبّت رکھتے ہو تو میرے حُکموں پر عمل کرو گے۔ اور مَیں باپ سے درخواست کرُوں گا تو وہ تُمہیں دُوسرا مددگار بخشے گا کہ ابد تک تُمہارے ساتھ رہے۔ یعنی رُوحِ حق جِسے دُنیا حاصِل نہیں کر سکتی کیونکہ نہ اُسے دیکھتی اور نہ جانتی ہے۔ تُم اُسے جانتے ہو کیونکہ وہ تُمہارے ساتھ رہتا ہے اور تُمہارے اندر ہو گا۔ مَیں تُمہیں یتِیم نہ چھوڑُوں گا۔ مَیں تُمہارے پاس آؤں گا۔ تھوڑی دیر باقی ہے کہ دُنیا مُجھے پِھر نہ دیکھے گی مگر تُم مُجھے دیکھتے رہو گے۔ چُونکہ مَیں جِیتا ہُوں تُم بھی جِیتے رہو گے۔ اُس روز تُم جانو گے کہ مَیں اپنے باپ میں ہُوں اور تُم مُجھ میں اور مَیں تُم میں۔ جِس کے پاس میرے حُکم ہیں اور وہ اُن پر عمل کرتا ہے وُہی مُجھ سے مُحبّت رکھتا ہے اور جو مُجھ سے مُحبّت رکھتا ہے وہ میرے باپ کا پیارا ہو گا اور مَیں اُس سے مُحبّت رکھّوُں گا اور اپنے آپ کو اُس پر ظاہِر کرُوں گا۔ اُس یہُوداؔہ نے جو اِسکریُوتی نہ تھا اُس سے کہا اَے خُداوند! کیا ہُؤا کہ تُو اپنے آپ کو ہم پر تو ظاہِر کِیا چاہتا ہے مگر دُنیا پر نہیں؟ یِسُوعؔ نے جواب میں اُس سے کہا کہ اگر کوئی مُجھ سے مُحبّت رکھّے تو وہ میرے کلام پر عمل کرے گا اور میرا باپ اُس سے مُحبّت رکھّے گا اور ہم اُس کے پاس آئیں گے اور اُس کے ساتھ سکُونت کریں گے۔ جو مُجھ سے مُحبّت نہیں رکھتا وہ میرے کلام پر عمل نہیں کرتا اور جو کلام تُم سُنتے ہو وہ میرا نہیں بلکہ باپ کا ہے جِس نے مُجھے بھیجا۔ مَیں نے یہ باتیں تُمہارے ساتھ رہ کر تُم سے کہِیں۔ لیکن مددگار یعنی رُوحُ القُدس جِسے باپ میرے نام سے بھیجے گا وُہی تُمہیں سب باتیں سِکھائے گا اور جو کُچھ مَیں نے تُم سے کہا ہے وہ سب تُمہیں یاد دِلائے گا۔ مَیں تُمہیں اِطمِینان دِئے جاتا ہُوں۔ اپنا اِطمِینان تُمہیں دیتا ہُوں۔ جِس طرح دُنیا دیتی ہے مَیں تُمہیں اُس طرح نہیں دیتا۔ تُمہارا دِل نہ گھبرائے اور نہ ڈرے۔ تُم سُن چُکے ہو کہ مَیں نے تُم سے کہا کہ جاتا ہُوں اور تُمہارے پاس پِھر آتا ہُوں۔ اگر تُم مُجھ سے مُحبّت رکھتے تو اِس بات سے کہ مَیں باپ کے پاس جاتا ہُوں خُوش ہوتے کیونکہ باپ مُجھ سے بڑا ہے۔ اور اب مَیں نے تُم سے اِس کے ہونے سے پہلے کہہ دِیا ہے تاکہ جب ہو جائے تو تُم یقِین کرو۔ اِس کے بعد مَیں تُم سے بُہت سی باتیں نہ کرُوں گا کیونکہ دُنیا کا سردار آتا ہے اور مُجھ میں اُس کا کُچھ نہیں۔ لیکن یہ اِس لِئے ہوتا ہے کہ دُنیا جانے کہ مَیں باپ سے مُحبّت رکھتا ہُوں اور جِس طرح باپ نے مُجھے حُکم دِیا مَیں وَیسا ہی کرتا ہُوں۔ اُٹھو یہاں سے چلیں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یوحنا 14